ورلڈ کینسر ڈے! جان لیوا بیماری کو شکست دینے والے بالی وڈ فنکار
آج دنیا بھر میں کینسر سے آگاہی کا عالمی دن منایا جارہا ہے

کینسر کا عالمی دن ہر سال 4 فروری کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے ، اس دن کو منانے کا مقصد کینسر کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور اسکی روک تھام، تشخیص اور علاج کی اہمیت پر زور دینا ہوتا ہے۔
ورلڈ کینسر ڈے کی قیادت یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول (UICC) کرتی ہے، جو ورلڈ کینسر ڈیکلیئریشن کے مقاصد کو سپورٹ کرتی ہے ، اسی دن کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر سال کی طرح اس بار بھی دنیا بھر میں 4 فروری بروز منگل کینسر کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
تو آئیے اس ہم دن کی مناسبت سے بات کرتے ہیں ان چند بالی وڈ شخصیات کی جو اس جان لیوا بیماری میں مبتلا ہوکر بھی اب زندگی کیطرف کامیابی سے لوٹ چکے ہیں۔
سونالی بیندرے:
اس فہرست میں 90 کی دہائی کی خوبصورت بالی وڈ اداکارہ سونالی بیندرے کا نام شامل ہے جنہیں 2018 میں اسٹیج 4 میٹاسٹیٹک کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔بعدازاں انہوں نے اس بیماری کو شکست دینے کیلئے نیویارک میں علاج کروایا اور کچھ سال بعد مکمل صحت یاب ہو گئیں۔
اس بیماری کا نام سن کر جہاں لوگ زندگی کی امید چھوڑ دیتے ہیں وہیں اداکارہ نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور اپنے اس تجربے کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ،’میں اس جنگ کا سامنا پوری طاقت سے کر رہی ہوں، کیونکہ مجھے اپنے خاندان اور دوستوں کی حمایت حاصل ہے۔
اداکارہ نے پوسٹ میں لکھا تھا کہ،’کبھی کبھی، جب آپ کم سے کم توقع کرتے ہیں، زندگی آپ کو ایک ایسا چیلنج پیش کرتی ہے جس کا آپ نے سوچا بھی نہیں ہوتا۔ مجھے حال ہی میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جو پھیل چکا ہے، جو کہ سچ میں ہم نے نہیں سوچا تھا۔’
اداکارہ بتاتی ہیں کہ،’ میری فیملی اور قریبی دوست میرے ساتھ کھڑے ہیں، اور وہ مجھے بہترین حمایت فراہم کر رہے ہیں میں ان سب کی شکرگزار ہوں۔’
سنجے دت:
اداکار سنجے دت بھی اپنی زندگی میں اس سنگین بیماری کا تجربہ کرچکے ہیں انہیں سال 2020 میں انکشاف ہوا کہ وہ اسٹیج 4 پھیپھڑوں کا کینسر میں مبتلا ہیں۔
لیکن اس بیماری کا علم ہونے کے باوجود بھی اداکار نے حوصلے کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا اور چند مہینوں کے علاج کے بعد، انہوں نے صحت یابی کی خوشخبری دی۔
سنجے دت نے ایک جذباتی نوٹ میں لکھاکہ،’گزشتہ چند ہفتے میرے اور میری فیملی کے لیے بہت مشکل وقت تھا۔ لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہے، خدا اپنی سب سے مشکل جنگیں اپنے سب سے مضبوط سپاہیوں کو دیتا ہے۔ اور آج میں خوش ہوں کہ اس جنگ میں کامیاب ہوگیا ہوں، یہ سب ممکن نہیں ہوتا اگر آپ سب کی بے لوث عقیدت اور حمایت نہ ہوتی۔’
منیشا کوئرالہ:
ہیرامنڈی کی اداکارہ منیشا کوئرالہ بھی ان جنگجو افراد کی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے کینسر جیسی بیماری کو اپنے حوصلے سے شکست دی۔
اداکارہ سال2012 میں اووریئن کینسر میں مبتلا ہوئیں تھیں مگر علاج کے بعد انہوں نے اس بیماری کو شکست دے دی۔ وہ نہ صرف کینسر سے صحت یاب ہوئیں بلکہ آج کل اس بارے میں آگاہی پھیلانے میں بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے اپنی جدوجہد پر ایک کتاب بھی لکھی ہے، جس میں انہوں نے اپنی بیماری اور اس سے جڑی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔
اداکارہ نے 7 نومبر 2021 کو جاری پوسٹ کے کیپشن میں پیغام دیتے ہوئے لکھا تھا کہ،’اس نیشنل کینسر آگاہی دن پر، میں ان تمام افراد کو بہت ساری محبت اور کامیابی کی دعا دینا چاہتی ہوں جو کینسر کے علاج کے اس مشکل سفر سے گزر رہے ہیں۔میں جانتی ہوں کہ یہ سفر مشکل ہے، لیکن آپ اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔’
اداکارہ مزید لکھتی ہیں کہ ،’میں ان کی عزت افزائی کرنا چاہتی ہوں جو اس بیماری کا شکار ہو گئے اور ان لوگوں کے ساتھ اس کو منانا چاہتی ہوں جنہوں نے اس پر فتح پائی۔ہمیں ہرحال میں اس بیماری کے بارے میں آگاہی پھیلانی ہے اور وہ تمام کہانیاں جو امید سے بھری ہوئی ہیں، انہیں سنایا اور دوبارہ سنایا جانا چاہیے۔’
طاہرہ کشیپ:
اداکار آیوشمان کھرانہ کی اہلیہ طاہرہ کشیپ نے بھی سال 2018 میں اعلان کیا تھا کہ انہیں DCIS (ڈکٹل کارسینوما اِن سیٹو) کی تشخیص ہوئی ہے، جس میں ان کے دائیں سینے میں ہائی گریڈ میلگنینٹ سیلز پائے گئے۔
اپنی پوسٹ میں طاہرہ نے بتایا تھا کہ،’مجھے دائیں سینے میں ڈی سی آئی ایس (ڈکٹل کارسینوما ان سِیٹو) کی تشخیص ہوئی تھی جس میں اعلیٰ درجے کے ملگن سیلز تھے۔ سادہ الفاظ میں، یہ اسٹیج 0 کینسر ہے یا پری-کینسر اسٹیج، جس میں کینسر کے خلیات ایک محدود علاقے میں بڑھ رہے تھے۔’
وہ مزید لکھتی ہیں کہ،’انسان کی روح لافانی ہے، یہ آپ کو برداشت کا حوصلہ اور جینے کی خواہش دیتی ہے۔ انسان کی روح وہ سب کچھ کر سکتی ہے جو کچھ بھی ممکن ہو۔میں چاہتی ہوں کہ ہر عمر کی خواتین آگاہ ہوں۔ میں 35 سال کی ہوں، اور مجھے دو بار ماموگرافی سے واپس بھیجا گیا تھا۔ اگر کوئی علامات ظاہر ہوں، تو اسے حفاظتی قوت سمجھ کر اپنی جانچ کرائیں۔ ’
یاد رہے کہ طاہرہ کشیپ علاج کے بعد کینسر سے مکمل نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں ہیں اور گزشتہ سال، انہوں نے بطور ہدایتکارہ اپنا ڈیبیو بھی کیا۔
مہیما چوہدری:
اداکارہ مہیما چوہدری بھی ان باہمت اور حوصلہ مند فنکاروں کی فہرست میں شامل ہیں جو اس جان لیوا بیماری کا مقابلہ ڈٹ کر کرتی نظر آئیں۔
وہ بریسٹ کینسر میں مبتلا تھیں، جون 2022 میں اداکار انوپم کھیر نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جس میں مہیما چوہدری نے اپنی بیماری کے بارے میں بتایا تھا جبکہ اس بیماری سے بہادری سے جنگ لڑنے پر انوپم کھیر نے اداکارہ کو ’ہیرو’ قرار دیا تھا۔
کرن کھیر:
اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ کرن کھیر نے 2021 میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ کرن کھیر کو ملٹی پل مائیلوما نامی بلڈ کینسر ہو گیا ہے۔ کرن کھیر نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اپنے ریئلٹی شو پر کام کرتی رہیں، حالانکہ وہ اس دوران علاج بھی کروا رہی تھیں۔
انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں انوپم کھیر لکھتے ہیں کہ،’میں یہ اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ کرن کھیر اس وقت علاج کروا رہی ہیں اور ہم پُر امید ہیں کہ وہ اس بیماری سے پہلے سے بھی زیادہ طاقتور ہو کر نکلیں گی۔ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ان کا علاج ایک شاندار ڈاکٹرز کی ٹیم کر رہی ہے۔ وہ ہمیشہ سے ایک جنگجو رہی ہیں اور مسائل کو جرأت کے ساتھ سامنے لاتی ہیں۔’
اداکار نے اپنی اہلیہ کے حوصلے کو سراہتے ہوئے مزید لکھا کہ‘،ان کا دل بہت بڑا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے پاس بے شمار لوگ ہیں جو ان سے محبت کرتے ہیں۔ تو براہ کرم اپنی دعاؤں اور دلوں میں انہیں محبت بھیجتے رہیں۔وہ صحت یابی کی طرف بخوبی بڑھ رہی ہیں اور ہم ہر کسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ان کی حمایت اور محبت کر رہے ہیں۔’
راکش روشن:
اداکار ریتیک روشن کے والد و معروف فلمساز راکش روشن بھی اپنی زندگی میں اس بیماری کا تجربہ کرچکے ہیں، سال 2019 میں ریتیک روشن نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے والد کو ایک مضبوط شخص قرار دیتے ہوئے لکھا کہ،’وہ سب سے مضبوط شخص ہیں جنہیں میں جانتا ہوں۔ چند ہفتے پہلے ان میں گلے کے اسکوامس سیل کارسینوما کی تشخیص ہوئی، مگر وہ آج بھی مکمل حوصلے کے ساتھ اس بیماری کا مقابلہ کر رہے ہیں۔’
واضح رہے کہ یہ تمام اداکار اور فنکار اپنی ہمت، مثبت سوچ اور حوصلے کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کے لیے امید کی کرن بن چکے ہیں۔ ورلڈ کینسر ڈے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کینسر کے خلاف آگاہی پھیلائی جائے اور لوگوں کو حوصلہ دیا جائے کہ یہ بیماری قابلِ علاج ہے، بس ضرورت ہے بروقت تشخیص اور صحیح علاج کی
-
انفوٹینمنٹ 6 منٹ پہلے
’سلمان خان کو نچانا مشکل ترین کام ہے‘ نامور کوریوگرافر کا اعتراف
-
انفوٹینمنٹ 34 منٹ پہلے
خوشی کپور مقبول اداکاروں کی فہرست میں لمبی چھلانگ لگانے میں کامیاب
-
انفوٹینمنٹ 40 منٹ پہلے
آنکھ مار کر مشہور ہونے والی ’پریا پراکاش واریر‘ اب کہاں ہیں؟
-
اسکینڈلز 1 گھنٹے پہلے
فحش بیان اسکینڈل، اپوروا مکھیجا کو کیریئر کا سب سے بڑا جھٹکا لگ گیا