انفوٹینمنٹ

اُدت نارائن کی اپنی متنازع وائرل ویڈیو پر لب کشائی

میرے اور میرے مداحوں کے درمیان ایک گہرا، خالص اور اٹوٹ رشتہ ہے، گلوکار

Web Desk

اُدت نارائن کی اپنی متنازع وائرل ویڈیو پر لب کشائی

میرے اور میرے مداحوں کے درمیان ایک گہرا، خالص اور اٹوٹ رشتہ ہے، گلوکار

اسکرین گریب
اسکرین گریب

بالی ووڈ کے مقبول گلوکار اُدت نارائن نے اپنی متنازع وائرل ویڈیو پر لب کشائی کر دی۔

حال ہی میں بھارتی گلوکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں سیلفی لینے والی خواتین مداحوں کے ساتھ بوس و کنار کرتے دیکھا گیا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گلوکار پر شدید تنقید کی گئی، تاہم اب بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اپنی متنازع ویڈیو پر اپنا دفاع کیا اور کہا کہ ہم مہذب لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو کو فضول میں اسکینڈل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ تو پرستاروں کا خالص اظہارِ محبت کا طریقہ ہے۔

اُدت نارائن نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں اب اس عمر میں ایسا کچھ کیوں کروں گا، زندگی کے اس مقام پر جب میں نے سب کچھ حاصل کر لیا ہے؟

گلوکار کا کہنا ہے کہ میرے اور میرے مداحوں کے درمیان ایک گہرا، خالص اور اٹوٹ رشتہ ہے، جسے اسکینڈل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میرے مداح مجھ سے اور میں ان سے پیار کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ کو میری آواز میں کوئی ندامت یا غم سنائی یا دکھائی دے رہا ہے؟ نہیں بلکہ میں تو ہنس رہا ہوں، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہوا، میں جانتا ہوں میری نیت صاف ہے، ہم مہذب لوگ ہیں، مجھے ان پر افسوس ہوتا ہے جنہیں اس پر کسی قسم کا اعتراض ہے۔

اُدت نارائن نے اپنے انٹرویو کے آخر میں ان لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کی ویڈیو کو اسکینڈل بنانے کی کوشش کی، جس کے سبب ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

پس منظر :

ممتاز گلوکار ادت نارائن اپنے رومانوی گانوں کے لیے مشہور ہیں، حال ہی میں گلوکار کی ایک ویڈیو ان کے لائیو کنسرٹ سے وائرل ہوئی ہے جس کے بعد وہ نیٹیزنز کی تنقید کا نشانہ بن گئے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین مختلف قسم کے تبصرے کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ویڈیو میں ادت نارائن کو 'ٹپ ٹپ برسا پانی' گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران خواتین شائقین گلوکار کے ساتھ سیلفیاں لیتی نظر آ رہی ہیں۔

ادت نارائن گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ان کے ساتھ سیلفی لیتے ہیں اور اس کے بعد اس کے گالوں پر بوسہ لیتے ہیں۔

ہجوم کو دیکھ کر سیکورٹی نے شائقین کو اسٹیج کے قریب آنے سے روک دیا، ایک موقع پر اُدت نارائن کو سیکورٹی کو اشارہ کرتے ہوئے دیکھا گیا کہ وہ ایک خاتون مداح کو سیلفی کے لیے اپنے قریب آنے دیں۔

سیلفی کلک کرنے کے بعد خاتون مداح نے ادت کے گال پر بوسہ دیا اور اس کے بعد ادت نارائن نے خاتون مداح کے ہونٹوں پر بوسہ لے لیا جس پر آڈیئنس نے شور مچانا شروع کر دیا، اس کے بعد ادت نارائن 'ٹپ ٹپ برسا پانی' کی ایک لائن 'میرے بس میں نہیں میرا من، میں کیا کروں' گاتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، اس ویڈیو کے حوالے سے صارفین اپنے اپنے ردعمل دے رہے ہیں، ایک نیٹیزن نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یقین نہیں آتا کہ لیجنڈ گلوکار ادت نارائن ایک لائیو کنسرٹ میں اتنا غیر مہذب برتاؤ کر رہے ہیں لیکن میرا سوال یہ ہے کہ کون زیادہ گھناونا ہے؟ خاتون یا ادت نارائن؟

 ادت نرائن کے بعد گرو رندھاوا کی بھی ویڈیو وائرل :

ابھی یہ تنازع ختم نہ ہوا تھا کہ ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر قابض ہوگئی لیکن اس بار گلوکار کا ردعمل صارفین کے دل جیت گیا۔

وائرل ویڈیو بھارتی گلوکار گُرشَرن جوت سنگھ رندھاوا کی ہے جو ایک بھارتی گلوکار، نغمہ نگار اور موسیقار ہیں جو پنجابی، بھنگڑا، انڈین پاپ اور بالی وڈ میوزک سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز ’سیم گرل’ نامی گانے سے کیا، جو انہوں نے برطانوی-سنگر ارجن کے ساتھ مل کر گایا تھا۔

سوشل میڈیا پر گلوکار کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جب انہیں لائیو کنسرٹ میں پرفارم کرتے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ایک خاتون مداح گورو رندھاوا کے ساتھ سیلفی لینے کے بعد انہیں گال پر بوسہ دیتی ہیں، تو گلوکار نے مہذب انداز اپناتے ہوئے اپنے قدم پیچھے کی جانب ہٹالیے اور اگلے چند سیکنڈز تک اس فاصلے کو برقرار رکھا۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین گلوکار کے اس عمل کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں اور اپنے تبصروں میں اداکار کے نام تعریفوں کے پھول نچھاور کررہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ،’تمام آرٹسٹوں کو ان سے سیکھنا چاہیے۔’

جبکہ کئی صارفین نے گلوکار کو ’جینٹل مین‘ قرار دیا اور ان کا موازنہ ادیت نارائن کے متنازع واقعے سے کیا۔

ادیت نارائن کے دفاع میں ابھیجیت بھٹاچاریہ میدان میں آگئے :

ایک انٹرویو میں ابھیجیت نے ادت نارائن کا دفاع کیا اور کہا کہ وہ خود بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرچکے ہیں۔

ابھیجیت نے ادت نارائن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ادت ایک سپر اسٹار گلوکار ہیں اور ہمارے جیسے گلوکاروں کے ساتھ ایسے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں،اگر ہمارے ساتھ سیکیورٹی گارڈز یا باؤنسرز نہ ہوں، تو لوگ ہمارے کپڑے تک پھاڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ میرے ساتھ بھی ایسا ہو چکا ہے، جب میں انڈسٹری میں نیا تھا، ایک بار جنوبی افریقہ میں کنسرٹ کے دوران تین چار لڑکیوں نے میرے گالوں پر اتنے زور سے بوسہ دیا کہ میں اسٹیج پر واپس نہیں جا سکا اور یہ سب کچھ لتا منگیشکرجی کے سامنے ہوا تھا، میرے چہرے پر لپ اسٹک کے نشان تک لگ گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی بیوی اکثر ان کے ساتھ کنسرٹس کے دوران موجود ہوتی ہیں اور وضاحت دی کہ یہ ادت نارائن ہیں، لڑکیاں ان کے پیچھے پڑی تھیں، انہوں نے کسی کو خود سے قریب نہیں کھینچا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جب بھی ادت پرفارم کرتے ہیں، ان کی بیوی بطور کو-سنگر ان کے ساتھ ہوتی ہیں، انہیں ان کی کامیابی کا لطف لینے دو، وہ ایک رومانوی گلوکار ہیں، وہ ایک بڑے 'کھلاڑی' ہیں اور میں ایک 'اناڑی' ہوں، کوئی ان کے ساتھ کھیلنے کی کوشش نہ کرے۔

تازہ ترین