انفوٹینمنٹ

وکی اور اکشے کھنہ 'چھاوا' کے سیٹ پر بات چیت سے کیوں کتراتے رہے؟

شوٹنگ کے دوران وکی اور اکشے ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنا بھی نہیں چاہتے تھے، ڈائریکٹر

Web Desk

وکی اور اکشے کھنہ 'چھاوا' کے سیٹ پر بات چیت سے کیوں کتراتے رہے؟

شوٹنگ کے دوران وکی اور اکشے ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنا بھی نہیں چاہتے تھے، ڈائریکٹر

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

بالی وڈ اداکار وکی کوشل اور اکشے کھنہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم پیریڈ ایکشن ڈرامہ فلم 'چھاوا' کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

فلم میں وکی کوشل نے 'چھترپتی سمبھاجی مہاراج' کا کردار نبھایا ہے جبکہ اکشے کھنہ 'مغل شہنشاہ اورنگزیب' کے روپ میں ولن کا کردار نبھا کر فلم کی ریلیز سے قبل ہی خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔

ہدایت کار لکشمن اٹیکر نے اکشے کھنہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں سے ایک قرار دیا ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ڈائریکٹر لکشمن اٹیکر نے کہا کہ 'جس طرح اکشے نے اورنگزیب کا کردار ادا کیا ہے وہ آپ کو خوفزدہ کر دے گا، وہ بہت کم بات کرتا ہے لیکن اپنی آنکھوں سے سب کچھ کہہ دیتا ہے'۔

لکشمن اٹیکر حیران انکشاف کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران اکشے کھنہ اور وکی کوشل نے سیٹ پر فلم کے سین کے علاوہ کبھی بات چیت نہیں کی، وکی کوشل نے بھی اس انکشاف کی تصدیق کی ہے۔

لکشمن اٹیکر نے بتایا کہ 'جس دن ان دونوں کا ایک ساتھ سین شوٹ ہونا تھا اس دن وہ پہلی بار ایک دوسرے کے سامنے آئے تھے اور وہ بھی اپنے اپنے کرداروں کے روپ میں'۔

وکی کوشل نے بتایا کہ 'جب ہم اس سین کی شوٹنگ کر رہے تھے، تب ہم نے ایک دوسرے کو کوئی گڈ مارننگ، گڈ بائے یا ہیلو بھی نہیں کہا، وہ اورنگ زیب تھے اور میں چھترپتی سنبھاجی مہاراج، ہم نے ڈائریکٹ سین کی شوٹنگ شروع کردی تھی، سین کے علاوہ میری اور اکشے کھنہ کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی'۔

وکی کوشل نے مزید بتایا کہ 'ہمارے سینز کی نوعیت کچھ ایسی تھی کہ یہ بڑا عجیب لگتا کہ سین سے پہلے ہم ساتھ کرسیوں پر بیٹھ کر چائے پیتے اور پھر ایک دم اٹھ کر سین شوٹ کروا لیتے، مجھے امید ہے کہ فلم کی ریلیز کے بعد میں ان کے ساتھ بات چیت کروں گا لیکن شوٹنگ کے دوران ہم نے کبھی ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت نہیں کی'۔

فلم کے ہدایتکار نے مزید بتایا کہ 'وکی اور اکشے فلم کے سیٹ پر ایک دوسرے کو دیکھنا بھی نہیں چاہتے تھے، وہ دونوں اپنے کرداروں میں اتنے ڈوب چکے تھے کہ وہ ایک دوسرے کا چہرہ بھی نہیں دیکھنا چاہتے تھے'۔

واضح رہے کہ وکی کوشل اور اکشے کھنہ کی یہ فلم 'چھاوا' رواں ماہ 14 فروری کو ریلیز ہونے والی ہے جس میں رشمیکا مندنا بھی مہارانی یسو بائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

تازہ ترین