انفوٹینمنٹ

فلم 'کوئی مل گیا' میں جادو کا کردار کس نے ادا کیا؟

فلم میں 'جادو' کے کردار کو ریتک روشن کے کردار سے بھی زیادہ پسند کیا گیا تھا

Web Desk

فلم 'کوئی مل گیا' میں جادو کا کردار کس نے ادا کیا؟

فلم میں 'جادو' کے کردار کو ریتک روشن کے کردار سے بھی زیادہ پسند کیا گیا تھا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

بالی وڈ اداکار ریتک روشن کی فلم 'کوئی مل گیا' کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔

سال 2003ء میں ریلیز ہونے والی یہ فلم اپنی ریلیز کے وقت سُپر ہٹ ثابت ہوئی تھی اور آج بھی اس کی مداحوں کی بڑی تعداد بار بار یہ فلم دیکھنا پسند کرتی ہے۔

اس فلم کا اثر ایسا تھا کہ اسے بچپن میں دیکھنے والے ہر فرد نے کبھی نہ کبھی اپنی زندگی میں جادو جیسا دوست ملنے کی خواہش کی ہوگی۔

فلم کو ہر عمر کے لوگوں نے پسند کیا، بچے ہوں یا ان کے والدین، سب ہی اس کی کہانی سے متاثر ہوئے جس میں ریتک روشن کے ساتھ پریتی زنٹا اور ریکھا سمیت دیگر اداکاروں نے کردار ادا کیا تھا۔

اس فلم میں ہریتیک روشن کے ساتھ پریتی زنٹا کو کاسٹ کیا گیا تھا جو روہت کے ساتھ مل کر غلطی سے ایک ایلین کو زمین پر آنے کا اشارہ دے دیتی ہیں اور اس غلطی کی وجہ سے ایک نیلا، چھوٹے قد کا ایلین زمین پر آکر پھنس جاتا ہے جس کو وہ دونوں کم عمر دوستوں کے ساتھ مل کر ریسکیو کرتے ہیں۔

فلم میں ایلین کے پاس کچھ جادوئی طاقتیں دکھائی گئیں جس کی وجہ سے بچے مل کر اسکا نام 'جادو' رکھ دیتے ہیں۔

ریتک روشن کی طرح 'جادو' کا کردار بھی خوب مشہور ہوا تھا، حتیٰ کہ اسے ریتک روشن کے کردار سے بھی زیادہ پسند کیا گیا تھا، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ خلائی مخلوق کے بھیس میں جادو کا کردار ادا کرنے والا اداکار کون تھا؟

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

جادو کا کردار ادا کرنے والے اداکار 'اندراودن جے پروہت' تھے، ان کا قد 3 فٹ ہے، ان کے چھوٹے قد کی وجہ سے ہی انہیں جادو کے رول کیلئے کاسٹ کیا گیا۔

تاہم یہ ان کے لیے ایک چیلنجنگ کردار تھا جس کے لیے انہیں اپنا وزن بھی کم کرنا پڑا اور جب انہوں نے خلائی مخلوق کا یہ لباس پہنا تو انہیں سانس لینا بھی مشکل ہو گیا تھا۔

اندراودن پروہت کئی بڑے پروجیکٹس کا حصہ رہے ہیں، وہ بھارت کے معروف مزاحیہ ڈرامے 'تارک مہتا کا الٹا چشمہ' میں بھی نظر آئے تھے جس میں انہوں نے دیا بین کے رشتہ دار کا کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے 250 سے زائد فلموں میں کام کیا، وہ صرف بالی وڈ ہی نہیں ہالی وڈ فلموں کا بھی حصہ رہ چکے ہیں، انہوں نے 'دی لارڈ آف دی رِنگز: دی فیلوشپ آف دی رِنگ' میں بھی کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے مراٹھی اور گجراتی فلموں میں بھی کام کیا، انہیں معروف بھارتی ٹی وی شو 'بالویر' میں بھی دیکھا گیا تھا جس میں انہوں نے 'ڈبا-ڈبا' کا کردار بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ فلم 'کوئی مل گیا' نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے تھے، اس فلم نے 3 نیشنل فلم ایوارڈ جیتے تھے، جس کے بعد اس کے 2 سیکوئل 'کرش' اور 'کرش 3' بھی ریلیز ہوئے۔

تازہ ترین