تصاویر: اہلخانہ کے جھرمٹ میں ایجاب و قبول کرتے ماورا اور امیر
اداکاروں کے قریبی عزیز نے زندگی کا نیا سفر کرنے پر جوڑے کو مبارکباد دی۔
جہاں پاکستان کا سوشل میڈیا اس وقت کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی کی اپڈیٹس سے بھرا ہوا تھا ایسے میں اداکارہ ماورا حسین اور امیر گیلانی نے اچانک اپنے نکاح کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا۔
ماورا ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستانی شوبز کا حصہ ہیں جنہوں نے کامیڈی ڈرامہ 'کھچڑی سالسہ' سے 2011 میں اداکاری کا کریئر شروع کیا اور 'ایک تمنا لاحاصل سی' سے شہرت حاصل کی۔
جس کے بعد ماورا نے بے شمار مشہور ڈراموں میں کام کیا جس میں 'میں بشریٰ'، 'آہستہ آہستہ'، 'مریم'، 'حاصل'، 'ثبات'، ''داسی'، 'قصہ مہر بانو کا'، 'نیم' اور 'جفا' قابل ذکر ہیں۔
اس کے علاوہ ماورا نے بالی وڈ فلم 'صنم تیری قسم' میں بھی ہیروئن کا کردار نبھایا اور خاصی پذیرائی حاصل کی جبکہ وہ 'جوانی پھر نہیں آنی2' میں بھی کام کرچکی ہیں۔
ماورا اور امیر کی آن اسکرین کیمسٹری کی جھلک مداحوں کو ڈرامہ سیریل 'ثبات' میں اور پھر 'نیم' میں نظر آئی جو ان کی زندگی کی کیمسٹری میں بدل گئی۔
اگرچہ ثبات کے بعد سے ہی ماورا اور امیر گیلانی کے ایک دوسرے کے ساتھ محبت کے رشتے میں بندھے ہونے کی چہ مگوئیاں جاری تھیں اور دونوں اکثر اکٹھا دیکھے جاتے تھے لیکن اس کےباوجود انہوں نے اپنے تعلق پر خاموشی اختیار کر رکھی اور 5 سال کے عرصے بعد اچانک نکاح کا سرپرائز دے دیا۔
انسٹاگرام پر 90 لاکھ سے زیادہ فالوور رکھنے والی ماورا نے اپنے نکاح کی تقریب کی تفصیلات کو شیئر نہیں کیں لیکن تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔
اداکارہ نے پہلے اپنے زندگی کے ساتھی بن جانے والے امیر گیلانی کے ساتھ فوٹو شوٹ شیئر کیا جس کے بعد اپنے نکاح کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں جس میں دونوں کے اہلِ خانہ انتہائی مسرو نظر آرہے ہیں۔
ماورا نے جہاں اپنی شادی کے لیے ایک بالکل اچھوتا انگوری، گلابی اور پیسٹل رنگوں کے آمیزش والے عروسی لباس کا انتخاب کر کے دلہنوں کے لیے نیا ٹرینڈ سیٹ کیا وہیں امیر مکمل سیاہ لباس میں دلہا بنے نظر آئے۔
ان کے علاوہ تقریب میں عروہ حسین سرخ اور گولڈن امتزاج کے جوڑے میں نمایاں تھیں جبکہ ان کے شوہر اور گلوکار فرحان سعید ایک بالکل انوکھی پھولوں بھری شیروانی میں ملبوس نظر آئے۔
سادی سی سج دھج والی ماورا روایتی دلہنوں کی طرح نازک سے زیورات، سرخ مہندی اور چوڑیوں سے سجے ہاتھوں کے ساتھ دلکشی کی انتہاؤں کو چھوتی نظر آئیں۔
تصاویر میں دونوں دلہن دلہا اپنے زندگی کے اس نئے سفر کا آغاز کرنے پر اہلِ خانہ سے مبارکبادیں وصول کرتے انتہائی خوش و خرم نظر آئے۔
ماورا کے نکاح کی مزید تصاویر یہاں دیکھیے:



