جسٹن بیبر: کیا سے کیا ہوگئے دیکھتے دیکھتے!
’بیبی‘ گانے سے لازوال شہرت سمیٹنے والے بیبر کے نئے لُک نےمداحوں کو پریشان کردیا
2010 میں ایک گانا یوٹیوب پر ریلیز ہوا جس میں ایک معصوم سا نظر آنے والا ٹین ایجر لڑکا اپنی خوبصورت آواز میں گارہا تھا، اس گانے نے پوری دنیا میں دھوم مچا دی ۔
پوری دنیا میں جسٹن بیبر کے نام کا ہی چرچا تھا ، مداح ان کے پیچھے پاگل تھے اور شہرت میں ان کا نام مائیکل جیکسن کےساتھ لیا جاتا تھا۔
اس شہرت کو جسٹن بیبر نے کئی سالوں تک سمیٹا لیکن پھر وقت کے ساتھ ساتھ شہرت اور تنازعات نے ان کو الجھا کر رکھ دیا ، ان کی ذاتی زندگی بھی تنازعات کی شکار ہوگئی، انہیں یہ عالمگیر شہرت ہضم کرنا مشکل پڑگیا۔
جسٹن بیبر کی ابتدائی زندگی:
جسٹن بیبر یکم مارچ 1994 کو کینیڈا کے شہر لندن، اونٹاریو میں پیدا ہوئے اور اسٹراٹ فورڈ میں پلے بڑھے۔
ان کی والدہ پیٹی میلٹ نے انہیں اکیلا پالا کیونکہ ان کے والد جیریمی بیبر الگ ہو گئے تھے۔
جسٹن نے بچپن میں ہی موسیقی میں دلچسپی لینا شروع کر دی تھی اور خود سے پیانو، گٹار، ڈرمز اور ٹرمپٹ بجانا سیکھا۔
2007 میں جسٹن کی والدہ نے ان کی یوٹیوب ویڈیوز اپلوڈ کرنا شروع کیں، جن میں وہ مشہور گانوں کو اپنی آواز میں گا رہے تھے۔
ان کی آواز نے کئی لوگوں کو متاثر کیا، اور موسیقی کے بڑے نام اسکوٹر براون نے ان کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں دریافت کیا، بعد میں مشہور گلوکار اُشر (Usher) نے انہیں اپنے میوزک لیبل کے ساتھ سائن کیا اور یوں جسٹن بیبر کے میوزک کیریئر کا آغاز ہوا
2009 میں، جسٹن بیبر نے اپنا پہلا البم "My World" ریلیز کیا، جس میں ہٹ گانے "One Time" اور "One Less Lonely Girl" شامل تھے۔ یہ البم زبردست ہٹ ہوا اور جسٹن کو نوجوانوں میں بے حد مقبول بنا دیا۔
2010 میں، جسٹن بیبر نے اپنا سب سے مشہور گانا "Baby" ریلیز کیا، جس میں ریپر لوداکریس نے بھی حصہ لیا،یہ گانا عالمی سطح پر بہت بڑی کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ یوٹیوب کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ویڈیوز میں شامل ہو گیا۔
جسٹن بیبر نے دو بار گریمی ایوارڈ،18 بار امریکن میوزک ایوارڈ جیتے۔
جسٹن بیبر کی شہرت کے ساتھ ساتھ ان کا نام کئی تنازعات سے بھی جڑا رہا ہے، جیسے کہ شراب پی کر گاڑی چلانا، مداحوں اور فوٹوگرافرز سے بدتمیزی، چین میں پابندی، اور مختلف قانونی مسائل کا انہیں سامنا کرنا پڑا۔
جسٹن بیبر کی زندگی کے مختلف تنازعات:
جسٹن کی گرفتاری واقعہ:
جنوری 2014 میں جسٹن بیبر کو امریکا کے شہر میامی میں شراب پی کر گاڑی چلانے ، غلط ڈرائیونگ اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا، اس واقعے نے دنیا بھر میں شہ سرخیاں بنائیں اور ان کے مداحوں کے لیے یہ ایک چونکا دینے والا لمحہ تھا۔
مداحوں اور فوٹوگرافرز سے بدتمیزی:
جسٹن بیبر کو کئی بار مداحوں اور فوٹوگرافرز کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے دیکھا گیا، ایک بار انہوں نے ایک فوٹوگرافر کو دھکا دیااور کئی مواقع پر وہ مداحوں کے ساتھ غیر مہذب رویہ اپناتے ہوئے نظر آئے۔
2016 میں انہوں نے ایک مداح کو مکا بھی مارا تھا، جب اس نے ان کی اجازت کے بغیر ان کی گاڑی میں جھانکنے کی کوشش کی۔
بندر کو غیر قانونی طور پر جرمنی لے جانا:
2013 میں جسٹن بیبر نے اپنا پالتو بندر "مالی" جرمنی لے جانے کی کوشش کی لیکن ان کے پاس قانونی دستاویزات نہیں تھیں۔
جرمن حکام نے بندر کو ضبط کر لیا اور بعد میں جسٹن کو اسے چھوڑنا پڑا، اس واقعے پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ارجنٹائن میں قومی پرچم کی بے حرمتی:
2013 میں ارجنٹائن میں ایک کنسرٹ کے دوران جسٹن بیبر نے اسٹیج پر موجود ارجنٹائن کے جھنڈے کو پاؤں سے ہٹایا، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ارجنٹائن میں قومی پرچم کی بے حرمتی ایک جرم ہے اور اس معاملے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔
غیر سنجیدہ رویے پر تنقید:
کئی انٹرویوز اور عوامی تقریبات میں جسٹن بیبر کے رویے کو مغرور، غیر سنجیدہ اور نرگسیت پسند قرار دیا گیا، وہ کبھی کبھار انٹرویوز کے دوران صحافیوں سے الجھ جاتےاور بعض اوقات مداحوں سے بدتمیزی بھی کرتے۔
2015 میں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران غصے میں مائیک گرا دیا اور وہاں سے چلے گئے۔
چین میں پابندی:
2017 میں چین کی حکومت نے جسٹن بیبر پر چین میں پرفارم کرنے پر پابندی عائد کر دی، چینی حکام نے بیان دیا کہ بیبر کا رویہ غیر مہذب اور غیر شائستہ ہے، اس لیے انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انسٹاگرام ڈیلیٹ کرنے کا تنازعہ:
2016 میں، جب جسٹن بیبر نے اپنی اس وقت کی گرل فرینڈ صوفیہ رچی کے ساتھ تصویریں شیئر کیں، تو ان کے کچھ مداحوں نے سخت ردعمل دیا، جسٹن کو یہ پسند نہ آیا اور انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا، جس پر انٹرنیٹ پر بحث چھڑ گئی۔
نسلی تبصرے اور نازیبا الفاظ:
کئی سال پہلے جسٹن بیبر کی ایک پرانے ویڈیو منظر عام پر آئی، جس میں وہ نسل پرستانہ لطیفے سناتے اور غلط زبان استعمال کرتے نظر آئے،بعد میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی اور معذرت کر لی لیکن اس تنازعے نے ان کی شبیہ کو متاثر کیا۔
کنسرٹ میں بدتمیزی اور ناراضگی:
2016 میں مانچسٹرانگلینڈ میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران، جسٹن بیبر مداحوں کے شور مچانے سے پریشان ہو گئے اور مائیک چھوڑ کر اسٹیج سے چلے گئے۔
بعد میں انہوں نے وضاحت دی کہ وہ چاہتے تھے کہ مداح انہیں دھیان سے سنیں لیکن ان کے اس عمل کو بدتمیزی سمجھا گیا۔
سلیینا گومز کے ساتھ تعلقات اور تنازعات:
جسٹن بیبر اور گلوکارہ سلینا گومز کے تعلقات بھی تنازعات کا شکار رہے، ان کی بار بار بریک اپ اور پیچ اپ کی خبریں میڈیا میں آتی رہیں۔
ان دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو طعنے دیے اور بحث میں الجھتے بھی دیکھے گئے۔
جسٹن بیبر کی ازدواجی زندگی:
2018 میں، جسٹن بیبر نے ماڈل ہیلی بالڈون سے شادی کی، جو اب ہیلی بیبر کے نام سے جانی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں اس جوڑے کی طلاق کی افواہیں گرم ہیں، متعدد غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ شادی کے 6 سال بعد ہونے والی اس طلاق کا نتیجہ 300 ملین ڈالرز کی تقسیم ہو گا،گزشتہ سال جسٹن اور ہیلی کے ایک بیٹے کےوالدین بنے۔
جسٹن بیبر ایک باصلاحیت گلوکار ہیں، لیکن ان کی کم عمری میں ملی بے پناہ شہرت اور دولت نے ان کے رویے پر بھی اثر ڈالا۔ اگرچہ وہ وقت کے ساتھ زیادہ پختہ اور ذمہ دار ہوتے جا رہے ہیں، لیکن ان کے ماضی کے تنازعات ان کی شخصیت کا ایک حصہ بن چکے ہیں۔ آج بھی، وہ دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے پسندیدہ گلوکار ہیں، اور ان کی موسیقی عالمی سطح پر کامیابی حاصل کر رہی ہے








