کھیل

قذافی اسٹیڈیم میں مزدوروں کو خراج تحسین کیلئے چیئرمین PCB کا منفرد انداز

آپ نے قذافی اسٹیڈیم میں ہمارے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھنا ہے، محسن نقوی

Web Desk

قذافی اسٹیڈیم میں مزدوروں کو خراج تحسین کیلئے چیئرمین PCB کا منفرد انداز

آپ نے قذافی اسٹیڈیم میں ہمارے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھنا ہے، محسن نقوی

(فوٹو: پی  سی بی)
(فوٹو: پی  سی بی)

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کرنے والے ورکرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور انہیں کل اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے کی دعوت بھی دیدی۔

ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آج کا پاکستان کے لیے بہت خوشی اور فخر کا دن ہے، قذافی اسٹیڈیم کی تکمیل میں حصہ لینے والے ہر فرد کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور تعمیر کے لیے دن رات کام کیا گیا، میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے باوجود ہم نے ناممکن کو ممکن بنایا، پی سی بی حکام نے دن رات ایک کرکےقذافی اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل کی، جس کا شمار اب دنیا کے بہترین اور خوبصورت ترین اسٹیڈیمز میں ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی نے ورکرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے قذافی اسٹیڈیم میں ہمارے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج شام وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے، ان سے درخواست کروں گا جس نے بھی اس اسٹیڈیم کی تعمیر اور تزئین و آرائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اس کے لیے ایوارڈ کا اعلان کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ محسن نقوی کا کارنامہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے پوری ٹیم کی محنت ہے، بہت سے لوگوں نے چیلنج کر رکھا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش بروقت ممکن نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے پہلے اسٹیڈیم کی ایک عمارت کو گرانے کا فیصلہ ہوا تو بہت سے لوگ گھبرائے ہوئے تھے کہ یہ وقت پر مکمل نہیں ہوسکے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر سننے میں آیا کہ اتنے کم عرصہ میں اسٹیڈیم کا کام کیسے ممکن ہوگا لیکن اللہ تعالی نے محنت کا اجر دیا اور ہم نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کا کام مکمل ہوگیا ہے لیکن اس کی یادیں ہر اس فرد کے ساتھ ہمیشہ رہیں گی جس نے اس کی تزئین و آرائش میں حصہ ڈالا، یہ کسی ایک فرد کی نہیں بلک پاکستان اور ہم سب کی جیت ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انشااللہ محمد رضوان کی قیادت میں چیمپیئز ٹرافی جیتیں گے، محمد رضوان ایک بہترین اور محنتی کپتان ہیں۔

انہوں نے درخواست کی قوم پاکستان کی سہ ملکی سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی میں کامیابی کے لیے دعا کرے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025ء

واضح رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین