سوشل میڈیا

چاہت فتح علی خان نے حنا نیازی کو شادی کی پیشکش کردی

یہ پہلا موقع نہیں جب چاہت فتح علی خان کسی میزبان کے ساتھ وائرل ہوئے ہوں

Web Desk

چاہت فتح علی خان نے حنا نیازی کو شادی کی پیشکش کردی

یہ پہلا موقع نہیں جب چاہت فتح علی خان کسی میزبان کے ساتھ وائرل ہوئے ہوں

اسکرین گریب
اسکرین گریب

مشہور گانوں کو بےسُرے انداز میں ری میک کرنے والے کاشف رانا المعروف چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل ‘سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ 

شو کی ریکارڈنگ کے دوران، انہوں نے میزبان حنا نیازی کے ساتھ کئی ویڈیوز بنائیں اور انہیں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا۔ 

ان ویڈیوز کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردِ عمل دیا اور ان پر مختلف تبصرے کیے۔

سنو ٹی وی کے آفیشل فیس بک پیج پر ایک خاص ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا، جس میں چاہت فتح علی خان میزبان حنا نیازی کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دورانِ گفتگو میزبان حنا نیازی نے ان سے شادی کے حوالے سے سوال کیا، جس پر چاہت فتح علی خان نے جواب دیا کہ انہیں بالکل ان جیسی حسین، پٹھانی نین نقش رکھنے والی اور نیلی آنکھوں والی دلہن چاہیے۔

اسی دوران وہ مزید کہتے ہیں کہ وہ گزشتہ ایک سال سے ان کا انتظار کر رہے تھے۔ اس پر میزبان ہنستے ہوئے جواب دیتی ہیں کہ وہ انہیں پسند نہیں کرتیں اور ان کے گھر والے بھی اس رشتے کے حق میں نہیں ہوں گے۔

اس کے علاوہ، شو کے سیٹ پر بنائی گئی کئی دیگر ویڈیوز بھی تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں چاہت فتح علی خان اور حنا نیازی کو ایک دوسرے کے بے حد قریب دیکھا گیا۔

ایک وائرل ویڈیو میں حنا نیازی نے چاہت فتح علی خان سے پوچھا کہ انہیں سب سے زیادہ مزہ کس پروگرام میں آیا؟ جس پر انہوں نے فوراً مذکورہ میزبان کا نام لے لیا۔

اسی دوران، ایک اور مزاحیہ لمحہ اس وقت پیش آیا جب چاہت فتح علی خان نے کہا کہ ہمارا سائز بھی ایک جیسا ہے۔ میزبان نے حیرت سے سوال کیا کہ کس چیز کا سائز؟ جس پر انہوں نے وضاحت کی کہ ان دونوں کا قد برابر ہے۔

یہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے چاہت فتح علی خان اور حنا نیازی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بہت سے صارفین نے یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ خواتین پہلے خود ایسے مواقع پیدا کرتی ہیں اور بعد میں ہراسانی کے الزامات لگاتی ہیں؟

یہ پہلا موقع نہیں جب چاہت فتح علی خان کسی میزبان کے ساتھ وائرل ہوئے ہوں۔ چند روز قبل، وہ مشہور ماڈل اور میزبان متھیرا کے شو میں بھی شریک ہوئے تھے، جہاں ان کی ویڈیوز نے زبردست ہلچل مچائی تھی۔ بعد ازاں، متھیرا نے چاہت فتح علی خان پر ہراسانی کا الزام لگا دیا تھا، جس پر بھی کافی تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا حنا نیازی بھی متھیرا کی طرح ان پر کوئی الزام لگاتی ہیں یا نہیں؟ یا پھر یہ تمام ویڈیوز محض تفریحی اور مزاحیہ انداز میں ہی لی جائیں گی، تاہم سوشل میڈیا پر یہ معاملہ ابھی بھی زیر بحث ہے، اور صارفین اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین