وائرل اسٹوریز

تاخیر سے آمد پر فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی

پریس کانفرنس کے شرکاء کو ڈھائی گھنٹے تک فیروز خان کا انتظار کرنا پڑا

Web Desk

تاخیر سے آمد پر فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی

پریس کانفرنس کے شرکاء کو ڈھائی گھنٹے تک فیروز خان کا انتظار کرنا پڑا

نامور پاکستانی اداکار فیروز خان کی میڈیا کانفرنس میں تاخیر سے آمد پر خاتون صحافی کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوگیا جسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فیروز خان کا شمار پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکاروں میں ہوتا ہے، ان کی بہت بڑی فین فالوونگ ہے اور شوبز انڈسٹری سے ان کے خاندان کی وابستگی کی وجہ سے ان کی نجی زندگی بھی عوامی گفتگو کا موضوع بنی رہتی ہے۔

اپنی گرم مزاجی کے لیے مشہور اداکار فیروز خان ایک بار پھر اپنے غیرپیشہ ورانہ طرزِ عمل کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

آج فیروز خان کو لاہور میں ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹر رحیم پردیسی کے ساتھ اپنے باکسنگ میچ کے لیے ایک پریس کانفرنس میں شرکت کرنی تھی، تاہم ان کی تاخیر سے آمد کی وجہ سے صحافیوں سمیت پریس کانفرنس کے شرکاء کو ڈھائی گھنٹے تک اُن کا انتظار کرنا پڑا۔

فیروز خان کی تاخیر سے آمد پر لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون صحافی اور یوٹیوبر عنبرین فاطمہ نے انہیں اُن کے غیرپیشہ ورانہ رویے پر کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا۔

خاتون صحافی نے فیروز خان سمیت پینل میں شریک دیگر شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'میرا نام عنبرین فاطمہ ہے، ہمیں سختی سے تاکید کی گئی تھی کہ وقت پر پہنچیں اور سہ پہر تین بجے تک یہاں پہنچ جائیں، ہم سب وقت پر یہاں پہنچ گئے تھے لیکن فیروز خان ڈھائی گھنٹے تاخیر سے آئے، تمام مین اسٹریم میڈیا اب تک چلا گیا ہے، آپ لوگ اللہ کے کرم کے علاوہ صرف مداحوں اور میڈیا کی سپورٹ کیوجہ سے ہی اسٹار بنتے ہیں'۔

اس دوران فیروز خان نے لقمہ دیا کہ 'میڈیا اسٹار بناتا ہے؟ میڈیا تو پچھلے 3 سال سے میرے پیچھے پڑا ہوا ہے'

اس پر خاتون صحافی نے کہا کہ 'میڈیا کے لوگ ہی آپ کو سپورٹ اور پروموٹ کرتے ہیں لیکن میڈیا یہاں پچھلے ڈھائی گھنٹے سے انتطار کررہا ہے'۔

تاخیر سے آمد کا عذر پیش کرتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ 'دراصل میرے گھر گرم پانی نہیں آرہا تھا'۔

تاہم خاتون صحافی نے عذر قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ کوئی مذاق کی بات نہیں ہے، ڈھائی گھنٹے آپ کا انتظار کیا ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے'۔

فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین نے بھی فیروز خان کے غیر سنجیدہ، غیر پیشہ ورانہ اور غیر مہذب رویے کی مذمت کی۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ فیروز خان تاخیر پر مختصراً معافی مانگ کر معاملہ رفع دفع کرسکتے تھے لیکن انہوں نے بحث کو طول دینا مناسب سمجھا۔