بالی وڈ نگری کی ماں بیٹی کی جوڑیاں بھی کسی سے کم نہیں
ان جوڑیوں نے ہر شعبے میں اپنی والدہ کے نقش قدم پر چل کر تہلکہ مچایا
بالی وڈ فلمیں رشتوں کی اہمیت، محبت کی انتہا اور دوستی کے جذبے کا ہمیشہ سے خاص احاطہ کیے ہوئے ہیں اور ایک فلم میں لازمی طور پر کوئی ایک موضوع لازمی شامل ہوتا ہے۔
جسطرح بالی وڈ فلمیں رشتوں کو جوڑ کر رکھنے کا سبق دیتی ہیں وہیں خود اس انڈسٹری میں بھی ایسے فنکار موجود ہیں جو پردے کے علاوہ حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے سے خاص رشتہ رکھتے ہیں۔
بالی وڈ میں باپ بیٹوں کی جوڑیاں ہیں جن میں فیروز خان فردین خان، امیتابھ بچن ابھیشک بچن، سلیم خان اور سلمان خان، رشی کپور اور رنبیر کپور سمیت کئی نام شامل ہیں بالکل اسی طرح ماں بیٹی کی جوڑیاں بھی ہیں جنہوں نے بالی وڈ میں دو نسلوں پر محیط عرصے کے دوران تہلکہ مچائے رکھا۔
کیونکہ بالی وڈ کی دنیا صرف ہیروز کی نہیں بلکہ ہیروئنزکی بھی ہے ، اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے آج بات کریں گے ان ماں بیٹی کی جوڑیوں کی جو صرف ایک فیملی نہیں بلکہ لیگیسی بھی شیئر کرتی ہیں۔
پہلے سپر اسٹار ماں نے بالی وڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے تو پھر بیٹی نے اس وراثت کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری سنبھالی۔
تو آئیے یہاں بالی ووڈ کی چند مشہور اور شاندار ماں-بیٹی کی جوڑیوں کا ذکر کرتے ہیں جنہوں نے اپنے ٹیلنٹ اور مہارت کے سبب لاکھوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا۔
تنوجا اور کاجول:
ماضی کی مشہور ترین اداکاراؤں میں شمار ہونے والی اداکارہ تنوجا نہ صرف خود ٹیلنٹ کا ایک مکمل شاہکار ہیں بلکہ اپنی دو خوبصورت بیٹیوں کاجول اور تنیشا مکھرجی کی فخر مند ماں بھی ہیں۔
بات کریں ماں کے نقش قدم پر چلنے والی اداکارہ کاجول کی تو انہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے فلم نگری پر اپنا سحر طاری کر رکھا ہے، نہ صرف انہوں نے ٹیلنٹ سے فلمی دنیا میں زبردست کامیابی سمیٹی ہے بلکہ اپنے وقت کی سب سے بڑی اداکاراؤں میں شمار ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کینسر ڈے! جان لیوا بیماری کو شکست دینے والے بالی وڈ فنکار
ماضی کی فلمیں کچھ کچھ ہوتا ہے، دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور فنا کی بات کریں یا پھر حالیہ ریلیز دو پتی، لسٹ اسٹوریز 2 ، اور تریبھنگا کی ہر دور میں کاجول نے اپنی اداکاری سے فینز کو دیوانہ بنائے رکھا ہے۔
جبکہ اسی کے ساتھ تنوجا کی دوسری بیٹی تنیشا کی قسمت زیادہ ساتھ نہ دے سکی۔ وہ حالیہ دنوں میں زیادہ تر ریئلٹی ٹی وی شوز میں نظر آئی ہیں۔
ہیما مالنی اور ایشا دیول:
ڈریم گرل کاا نام سنتے ہی سب کے ذہنوں میں اداکارہ ہیما مالنی کا چہرہ زندہ ہوجاتا ہے جنہوں نے خود بالی وڈ فلم نگری میں کئی سال وقف کرنے کے بعد اپنا یہ ٹیلنٹ بیٹیوں میں بھی منتقل کرنا ضروری سمجھا۔
ہیما مالنی ایک بھارتی اداکارہ، ہدایتکار، پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک سیاست دان بھی ہیں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن کے طور پر 2014 سے لوک سبھا میں متھرا حلقے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
ہیما مالنی دراصل ہندی فلموں میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں۔انہوں نے1963 میں تمل فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ انہیں ابتدا میں ڈریم گرل کے طور پر پروموٹ کیا گیا اور 1977 میں اسی نام سے بننے والی فلم میں بھی کام کیا۔
اب اداکارہ کا یہ ٹیلنٹ انکی بیٹی ایشا دیول میں بھی پایا جاتا ہے ایشا نے بھی اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بالی وڈ میں اپنی قسمت آزمائی مگر شازو نادر ہی انہیں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے دیکھا گیا۔
اور ماں بیٹی کے اس ٹیلنٹ کو دیکھنے کے بعد یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہیما مالنی کی خوبصورتی اور فیشن سینس انکی بیٹی کو وراثت میں ملی ہے۔
ڈمپل کپاڈیا اور ٹوئنکل کھنہ:
بات کریں بالی وڈ کی ایک اور ماں بیٹی کی جوڑی ڈمپل کپاڈیا اور ٹوئنکل کھنہ کی تو جہاں ماں نے اداکاری کے میدان میں جلوے بکھیرے وہیں بیٹی نے اداکاری میں قسمت آزمانے کے بعد بطور مصنفہ اپنے فن کا لوہا منوانے کیساتھ کاروبار کی دنیا میں بھی ترقی حاصل کی۔
سال 1995 میں فلم ’برسات‘ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنے مختصر سے کیرئیر میں کئی سپر اسٹار زکے ساتھ کام کیا لیکن ان کی بیشتر فلمیں فلاپ ہی ہوئیں۔ اس کے باوجود وہ بالی وڈ متوالوں کے دلوں پر راج کرتی آرہی ہیں۔
فلموں میں ناکامی اور اکشے کمار سے ازدواجی زندگی کا آغاز کرنے کے بعد ٹوئنکل کھنہ نے جہاں بالی وڈ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا وہیں انہوں نے خود کو دیگر کاموں میں مصروف کرلیا۔
2002 میں ٹوئنکہ کھنہ نے ممبئی میں اپنے انٹیریئر ڈیزائن اسٹور ’دی وائٹ ونڈو’ کا آغاز کیا جہاں انہوں نے کئی اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ بعد میں انہوں نے ’تیس مار خان’ اور ’پیڈ مین’ جیسی فلموں کی شریک پروڈیوسر کے طور پر بھی اپنے فرائض ادا کیے۔
لیکن انہوں نے یہاں بھی سکون کا سانس نہیں لیا اور خود کو بطور مصنفہ بھی لوگوں میں مقبول کروانے کی ٹھان لی۔انہوں نے ایک بہترین مصنفہ کے طور پر بھی شہرت حاصل کی، جن کی کتابوں میں ’مسز فننی بونز’، ’دی لیجنڈ آف لکشمٰی پرداس’، اور ’پاجامے آر فورگیونگ’ شامل ہیں جبکہ ساتھ ہی ان کے کالمز، جو ’ٹائمز آف انڈیا’ اور ’ڈیلی نیوز اینڈ اینالسز’ میں شائع ہوتے ہی بے جھجک نقطہ نظر اور بصیرت کی وجہ سے مقبول ہو گئے ہیں۔
مون مون سین اور انکی بیٹیاں رائمہ اور ریہا سین:
اس فہرست میں شامل کرتے ہیں خوبصورت بنگالی اداکارہ مون مون سین کو جو کہ مشہور بنگالی اداکارہ سچترا سین کی بیٹی ہونے کے ساتھ خود بھی دو حسین بیٹیوں رائمہ سین اور ریہا سین کی فخر مند ماں ہیں۔
نانی اور ماں کی طرح دونوں بہنوں نے بنگالی اور ہندی فلموں میں کام کرکے خوب نام کمایا ہے جبکہ رائمہ سین نے کئی فلموں میں تنقیدی طور پر سراہا جانے والا شاندار کام کیا ہے۔
اسی لیے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ ماں اور بیٹیوں کی یہ جوڑی خوبصورتی اور ٹیلنٹ کا ایک بہترین امتزاج ہے۔
ببیتا کپور اور انکی بیٹیاں کرشمہ اور کرینہ کپور:
کپور فیملی کا ذکر کریں تو اسٹائل آئیکون اداکارہ کرشمہ کپور اور کرینہ کپور کو بھلا کون فراموش کرسکتا ہے؟
ببیتا نے 1966 سے 1973 تک کئی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔ ان کی پہلی فلم "دس لاکھ 1966 کامیاب رہی، لیکن انہیں اصل شناخت رومانوی تھرلر’راز میں راجیش کھنہ کیساتھ اسکرین شیئر کرنے کے بعد ملی۔
بعدازاں1971 میں ببیتا کپور نے رندھیر کپور سے شادی کے بعد فلم جیت اور ’ایک حسینہ دو دیوانے’ میں کام کیا اور پھر 1973 میں اپنی آخری فلم ریلیز ہونے کے بعد انہوں نے کپور خاندان کی روایت کے مطابق فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر گھریلو زندگی اپنا لی۔
مزید پڑھیں:سارہ علی خان رواں سال کن فلموں میں جلوے بکھیریں گی؟
لیکن یہ ٹیلنٹ صرف ببیتا کپور تک ہی محدود نہ رہا بلکہ انہوں نے اداکاری کی میراث کو اپنی بیٹیوں کرینہ کپور اور کرشمہ کپور میں منتقل کردیا جو آج بی ٹاؤن کی اے لسٹ میں شمار ہونے والی اداکارہ کیساتھ اسٹائل آئیکون کے نام سے بھی مشہور ہیں۔
نیتو سنگھ اور ردھیما کپور:
اس فہرست میں کپور فیملی سے تعلق رکھنے والی سینئر اداکارہ نیتو سنگھ اور انکی بیٹی ردھیما کپور کی جوڑی بھی اس فہرست میں شمار ہوتی ہیں جن میں سے ایک نے فلمی دنیا میں فن کا لوہا منوایا تو دوسری نے کاروبار میں ترقی کی منازل طے کیں۔
حالانکہ نیتو سنگھ اپنے وقت کی مقبول ترین اداکارہ تھیں، لیکن انکی بیٹی ردھیما نے بالی وڈ میں آنے کے بجائے فیشن ڈیزائننگ کا انتخاب کیا اور لندن میں دوران تعلیم بھارت سہنی سے محبت کر بیٹھیں۔
بعدازاں ان دنوں نے تین سال تک ڈیٹنگ کرنے کے بعد بھارت آکر اپنے والدین کو اپنے تعلقات کے بارے میں آگاہ کیا اور جلد ہی منگنی کرکے سال 2006 میں شادی کرلی۔شادی کے پانچ سال بعد 2011 میں ان کے ہاں بیٹی سمارا کی پیدائش ہوئی۔
یہ ماں اور بیٹی کی جوڑی ہر لحاظ سے شاہانہ انداز، دلکشی، خوبصورتی اور شائستگی کی مثال ہے۔ چاہے وہ فیشن شوز، شادیوں، فیملی تقریبات یا برانڈ اینڈورسمنٹس میں نظر آئیں، یہ ہمیشہ حیرت انگیز اور شاندار دکھائی دیتی ہیں۔
پونم سنہا اور سوناکشی سنہا:
شتروگھن سنہا کی اہلیہ پونم سنہا اور سوناکشی سنہا کا اس فہرست میں شمار نہ کیا جائے تو شاید نا انصافی ہوگی۔
ایک جانب پونم سنہا جو کہ ایک بھارتی سیاستدان، سابق اداکارہ اور فیشن ماڈل ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دور میں ہندی سنیما میں کام کیا اور کومل کے نام سے شہرت سمیٹی جسکے بعد انہیں سال 1968 میں ’مس ینگ انڈیا’ کا خطاب دیا گیا۔
بعدازاں1973 میں ’سبق’ نامی فلم میں وہ شترگھن سنہا کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں، جس کے بعد دونوں نے 1980 میں شادی کرلی۔ ان کی پہلی ملاقات ایک ٹرین کے سفر کے دوران ہوئی تھی۔شتروگھن سنہا سے شادی کے بعد، پونم سنہا نے فلمی دنیا کو چھوڑ کر اپنی گھریلو زندگی اور بچوں کی پرورش پر توجہ دی۔
بعدازاں تقریباً 30 سال کے وقفے کے بعد، انہوں نے 2008 میں فلم ’جودھا اکبر’ میں کام کیا، جس میں انہوں نے حمیدہ بانو بیگم (شہنشاہ اکبر کی والدہ) کا کردار نبھایا۔
ماں کا یہ ٹیلنٹ بیٹی میں کیسے نا منتقل ہوتا؟؟ بس پھر کیا تھا ماں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پونم کی بیٹی سوناکشی سنہا نے بھی فلم نگر میں اپنی قسمت آزمانے کی ٹھانی اور سلمان خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم ’دبنگ’ میں شاندار انٹری کے بعد بالی وڈ میں خوب نام کمایا۔
اس فلم کے بعد سے سوناکشی نے پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور ترقی کی منازل طے کرتی چلی گئیں۔
امریتا سنگھ اور سارہ علی خان:
امریتا سنگھ اور سارہ علی خان کی یہ جوڑی بھی خوبصورتی اور وقار کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ امریتا سنگھ نے 80 کی دہائی میں اپنے بولڈ اور شاندار کرداروں سے بالی وڈ پر راج کیا، لیکن شادی اور ماں بننے کے بعد فلمی دنیا سے وقفہ لے لیا۔
تاہم، سالوں بعد وہ دوبارہ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں اور اب وہ اپنی بیٹی سارہ علی خان کے کیریئر میں بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔
ماں کے کیرئیر کو باخوبی آگے لے کر چلنے والی سارہ علی خان بھی ان بی ٹاؤن کی نامور حسیناؤں میں شمار ہونے لگی ہیں اور اپنے مختصر سے کیرئیر میں وہ کئی نامور ستاروں کیساتھ کام کرچکی ہیں۔
گوری خان اور سہانا خان:
اس فہرست میں کپور کے بعد خان فیملی کا ذکر نا ہو ایسا کیسے ممکن ہے؟ صرف شاہ رخ خان کے بعد انکے صاحبزادے آریان خان ہی نہیں بلکہ خان فیملی میں ماں بیٹی کی جوڑی بھی کسی سے کم نہیں۔
جی ہاں یہاں بات ہورہی ہے رومانس کے بادشاہ کنگ شاہ رخ خان کی کوئین گوری خان کی اور جو اپنے شوہر کی طرح کسی کی پیروی کرنے کے بجائے خود ٹرینڈ سیٹ کرتی ہیں۔
گوری خان کا فیشن سینس شاہانہ، منفرد اور دلکش ہے، اور ان کی بیٹی سہانا خان بھی اپنی ہر اسٹائلش اپیرینس سے لوگوں کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں۔وہ ایک بھارتی فلم پروڈیوسر اور فیشن ڈیزائنر ہیں، جو ہندی فلم انڈسٹری اور ڈیزائننگ کے شعبے میں کام کرتی ہیں۔
گوری خان کے کیرئیر کی بات کریں تو انہوں نے اپنے شوہر شاہ رخ خان کے ساتھ 2002 میں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے نام سے ایک فلم پروڈکشن کمپنی قائم کی۔ اس بینر کے تحت انہوں نے میں ہوں نا، اوم شانتی اوم، را ون اور چنئی ایکسپریس" جیسی کامیاب فلمیں پروڈیوس کیں۔
علاوہ ازیں وہ ایک معروف انٹیریئر ڈیزائنر بھی ہیں اور کئی مشہور شخصیات کے گھروں اور دیگر جگہوں کو ڈیزائن کر چکی ہیں۔ اور پھر ٹیلنٹڈ ماں ہو تو بیٹی بھلا کیسے کسی سے پیچھے رہ سکتی ہے؟
ماں اور باپ کی طرح سہانا خان نے بھی فلم نگری میں قسمت آزمائی ہے اورفلم ’دی آرچیز’ کے ذریعے بالی وڈ ڈیییو کرلیا ہے جبکہ جلد انہیں اپنے والد کنگ خان کی فلم ’کنگ’ میں بھی اداکاری کے جوہر بکھیرتے دیکھا جائے گا۔
پوجا بیدی اور عالیہ فرنیچر والا:
بات کریں 1992 کی بالی وڈ فلم 'جو جیتا وہی سکندر' میں مارلن منروکا کردار نبھانے والی اداکارہ 'پوجا بیدی' کی جو تجربہ کار اداکار کبیر بیدی اور کلاسیکل ڈانسر پروتیما گوری بیدی کی بیٹی ہیں۔
اور فلمی خاندان سے تعلق رکھنے کے سبب پوجا بیدی نے اپنے اس فن کو بیٹی عالیہ فرنیچر والا میں بھی منتقل کرکے اپنی میراث کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
پوجا بیدی نے 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم 'وشکنیا' سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ تاہم، یہ عامر خان کی فلم 'جو جیتا وہی سکندر' میں ان کا کردار تھا جس نے 90 کی دہائی کی ٹاپ اداکارہ کے طور پر انہیں متعارف کروایا۔
1994 میں اپنے کیرئیر کے عروج پر پوجا بیدی نے شادی کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایک گجراتی مسلمان فرحان فرنیچر والا سے شادی کی جس سے ان کی ملاقات 1990 میں ہوئی تھی۔
شادی کے بعد اداکارہ نے اسلام قبول کرتے ہوئے 'نورجہاں' کا نام اپنایا، جوڑے نے دو بچوں، عالیہ اور عمر ایف کا استقبال کیا۔بعدازاں فرحان سے 2003 میں علیحدگی اختیار کرنے کے بعد اداکارہ نے اپنے بچوں کی پرورش جاری رکھی۔
دوسری جانب عالیہ بیدی نے بھی ماں کے کئی انداز اپنائے اسی لیے ماں بیٹی کی جوڑی ہمیشہ فیشن ایبل اور جدید انداز میں نظر آتی ہے۔
عالیہ کا ہر لک بہت اسٹائلش اور متاثر کن ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماں کی طرح مداحوں کو بے صبری سے بیٹی عالیہ کے بالی وڈ ڈیبیو کا شدت سے انتظار ہے کیونکہ ان میں ایک دیوا بننے کا ایکس فیکٹر موجود ہیں۔
للیت دوبے اور انکی بیٹیاں ایرا اور نہا دوبے:
اس فہرست میں للیت دوبے اور انکی بیٹیا ایرا اور نہا دوبے بھی شامل ہی جو ہوبہو اپنے والدہ کی کاربن کاپی ہیں۔
للیت دوبے خود اپنے منفرد کرداروں اور بے مثال اداکاری کے لیے مشہور ہیں۔وہ ایک بھارتی اداکارہ اور تھیٹر ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے بھارتی اور بین الاقوامی تھیٹر، ٹیلی ویژن اور ہندی و انگریزی فلموں میں کام کیا ہے۔
بات کریں انکے فلموگرافی کی تو انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ’بیری جون کے ساتھ ’دہلی’ میں کیا اور 1973 میں ان کے گروپ ’تھیٹر ایکشن گروپ’ کی بانی رکن بن گئیں۔
جبکہ انکی بیٹی نیہا دوبے ایک بھارتی ماہرِ نفسیات ہیں جو ممبئی میں مقیم ہیں علاوہ ازیں انہوں نے بھی اپنی والدہ کے ہنر کو اپنانے کی کوشش کی لیکن زیادہ عرصہ اداکاری کے شعبے سے منسلک نہ رہیں جبکہ ایرا دوبے بھی ایک بھارتی اداکارہ ہیں جو ٹیلی ویژن، تھیٹر اور بالی وڈ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
سونی رازدان اور عالیہ بھٹ:
کپور اور خان کے بعد اس لسٹ میں بھٹ خاندان کی ماں بیٹی کی جوڑی بھی شامل ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے فلم نگری میں ایک خاص مقام حاصل کیے ہوئی ہے۔
یہ کوئی اور نہیں بلکہ سونی رازدان اور انکی بیٹی عالیہ بھٹ ہیں جنہیں آج کے زمانے کا ہر بچہ بچہ جانتا ہے۔ بات کریں سونی رازدان کی تو وہ ایک برطانوی نژاد بھارتی اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر ہیں جو ہندی سنیما میں کام کرتی ہیں۔
سونی رازدان نے اپنے کیریئر کا آغاز انگریزی تھیٹر سے کیا اور جلد ہی ہندی اسٹیج ڈراموں میں بھی قدم رکھا اور 1981 میں ریلیز ہونے والی فلم 36 چورنگی لین’ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی دیر تھی کہ انہوں نےیکے بعد دیگرے کئی فلموں میں اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا۔
ماں کے اس ٹیلنٹ کے دیکھنے کے بعد بھلا بیٹی کیسے کسی سے پیچھے رہ سکتی تھی؟ بس پھر کیا تھا عالیہ بھٹ بھی اداکاری کے میدان میں اتریں اور اپنے فن سے لاکھوں لوگوں کو دیوانہ بنالیا۔
تو پھر چاہے فلم جگرا ہو،یا ہارٹ آف اسٹون ، گنگوبائی کاٹھیاواڑی ہویا پھر آر آر آر ہر روپ میں عالیہ کو ناظرین کی جانب سے بے حد پیار ملا۔
سری دیوی اور جھانوی کپور:
بھارتی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی بھی اس فہرست میں شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے اپنے ہنر کو نئی نسل میں بڑی ہی مہارت کیساتھ منتقل کیا۔
سری دیوی نے اپنے فلمی کیرئیر میں کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں نہ صرف ہندی بلکہ تلگو، تمل، ہندی، ملیالم، اور کنڑ زبان کی فلمیں بھی شامل ہیں۔
اور اسی طرح والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جھانوی کپور نے بھی فلمی دنیا میں انٹری دی اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔
اداکارہ جھانوی کپور بنیادی طور پر ہندی فلموں میں کام کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 2018 میں رومانوی ڈرامہ فلم ’دھڑک’ سے کیا، جو تجارتی لحاظ سے کامیاب ثابت ہوئی بعدازاں یکے بعد دیگرے انہیں کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر بکھیرتے دیکھا گیا۔
شویتا تیواری اور پلک تیواری:
اب بات کریں بھارٹی اداکارہ شویتا تیواری کی جو ٹی وی کی دنیا کا ایک جانا پہچانا چہرہ ہیں۔شویتا تیواری نے ٹی وی شو کسوٹی زندگی کی میں 'پرینا' کے کردار سے بہت سے لوگوں کے دل جیتے۔
انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ان کا سفر اس کی صلاحیتوں اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، اکیلی ماں کے طور پر انہوں نے اپنے دو بچوں پلک اور ریانش کی پرورش کی ہے۔شویتا نے پہلی شادی راجا چودھری سے کی تھی جس سے ان کی بیٹی پلک ہے، ان کی تلخ علیحدگی کے بعد شویتا نے ابھینو کوہلی کو اپنا جیون ساتھی چنا۔
شویتا اور ابھینو 2013 میں شادی کے بندھن میں بندھے اور 2017 میں علیحدگی اختیار کر لی۔ان کی علیحدگی بہت تلخیوں بھری تھی اور شویتا نے ان پر جسمانی طور پر حملہ کرنے اور یہاں تک کہ اپنی بیٹی پلک سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا بھی الزام لگایا۔
لیکن ازدواجی زندگی میں ناکامی کا سامنا کرنے والی شویتا نے شوبز میں خوب نام کمایا اور اب انکی بیٹی شویتا بھی بالی وڈ پر راج کرنے کے مراحل طے کررہی ہیں۔
پلک تیواری کی وجۂ شہرت پہلے ان کی والدہ ہی تھیں لیکن پھر انہوں نے میوزک ویڈیو 'بجلی' میں کام کیا جس کے بعد وہ بھارت میں 'بجلی گرل' کے نام سے مشہور ہوگئیں۔
اداکارہ کی مقبولیت کے بعد انہیں سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' میں کام ملا اور اس فلم کے ساتھ ہی انہوں نے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔
شویتا نندا اور نویا نویلی نندا:
اس فہرست میں خان، کپور اور بھٹ کے ساتھ ساتھ بچن خاندان کی ماں بیٹی کی جوڑی بھی بے حد قابل ذکر سمجھی جاتی ہے۔
یہ کوئی نہیں بلکہ بھارتی ہردلعزیز اداکارامیتابھ بچن کی بیٹی شوینا نندا اور نویا نویلی نندا ہیں جوکہ فلم نگری سے دور رہنے کے باوجود ایک جانی مانی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔
عموماً یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ بالی وڈ فنکاروں کے کڈز بھی والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انڈسٹری میں شمولیت اختیار کرلیتے ہیں لیکن ایسا سب کے ساتھ نہیں ہوتا کیونکہ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن کی بیٹی، شویتا بچن نے اپنے سپر اسٹار والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلم انڈسٹری میں شمولیت اختیار نہیں کی بلکہ کالم نگار، مصنفہ، اور سابق ماڈل کے طور پر اپنے فن کا لوہا منوایا۔
اور ماں کو دیکھتے ہوئے بیٹی نے بھی اداکاری کے بجائے کسی اور شعبے میں اپنے خواب کو پورا کیا۔نویا نندا نے بار بار یہ واضح کیا ہے کہ وہ محض ایک اسٹار کڈ نہیں ہیں جو ہندی سنیما میں داخل ہونے کے خواب سجائے بیٹھی ہوں۔
بلکہ شویتا بچن نندا اور صنعت کار نکھل نندا کی بیٹی نویا نے اداکاری سے ہٹ کر کاروبا کی طرف اپنے بڑھتے رحجان کا انکشاف کیا۔اور اسی خواب کو پورا کرنے اور واضح شناخت بنانے کے سفر میں داخل ہوتے ہوئے نویا نویلی نندا نے مشہور آئی آئی ایم-احمد آباد میں ایم بی اے پروگرام میں داخلہ لے لیا ہے۔
شرمیلا ٹیگور اور سوہا علی خان:
مثال قائم کرنے والی ماں بیٹی کی جوڑی میں شرمیلا ٹیگور اور سوہا علی خان کا نام بھی شامل ہے۔شرمیلا ٹیگور، جنہیں ’بیگم عائشہ سلطانہ’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک بھارتی اداکارہ ہیں جو بنیادی طور پر ہندی اور بنگالی فلموں میں اپنے کام کے لیے مشہور ہیں۔
انکا شماربھارتی سنیما کی تاریخ کی عظیم ترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے اور روایتی اور جدید خواتین دونوں کے کرداروں کو خوبصورتی سے نبھانے کے لیے مشہور ہیں۔
جبکہ انکی بیٹی سوہا علی خان بھی والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلم نگری میں اپنا ایک الگ مقام بنا چکی ہیں۔
سوہا علی خان اپنے کیرئیر میں ہندی، بنگالی، اور انگریزی فلموں میں کام کرچکی ہیں, انہوں نے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز رومانوی کامیڈی فلم ’دل مانگے مور’ سے کیا اور ’رنگ دے بسنتی’ میں اپنی شاندار اداکاری سے لاکھوں لوگوں کے دل جیتے۔
علاوہ ازیں سوہا علی خان نے 2017 میں ’The Perils of Being Moderately Famous’ کے عنوان سے ایک کتاب بھی لکھی، جو 2018 میں کراس ورڈ بک ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔
ساریکا اور شروتی حسن:
بھارتی اداکارہ ساریکا اور انکی بیٹی بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے فلم نگری کو اپنے صلاحیتوں سے مالا مال کیا۔
بات کریں اداکارہ ساریکا ٹھاکر کی تو وہ ایک اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ کاسٹیوم ڈیزائنر بھی ہیں۔2005 میں، انہوں نے انگریزی زبان کی فلم ’پرزانیا ’ میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ برائے بہترین اداکارہ اپنے نام کیا ۔
اس کے علاوہ، انہیں فلم ’ہی رام’ میں اپنے شاندار کاسٹیوم ڈیزائننگ کے لیے ’نیشنل فلم ایوارڈ برائے بہترین کاسٹیوم ڈیزائن سے بھی نوازا گیا۔
جبکہ انکی بیٹی شروتی حسن ایک بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ ہیں جو تلگو، ہندی اور تمل فلموں میں کام کرتی ہیں۔وہ اپنے کیرئیر میں دو فلم فیئر ایوارڈ ساؤتھ اور سات ساؤتھ انڈین انٹرنیشنل مووی ایوارڈ سمیت کئی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔
علاوہ ازیں شروتی حسن 2015 اور 2016 میں فوربس انڈیا کی سیلیبریٹی 100 لسٹ میں بھی شامل رہ چکی ہیں۔












