کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم تیار، چھکوں چوکوں کی بارش باقی
تعمیر و تزئین کا کام محض 120 دن میں مکمل کر لیا گیا

پاکستان کرکٹ کے سنہری دور کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے جدید اور عالمی معیار کے مطابق مکمل طور پر تیار کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی چئیرمین محسن نقوی کی ذاتی نگرانی میں ہونے والی تعمیر و تزئین کا کام محض 120 دن میں مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد اب یہ اسٹیڈیم اپنی خوبصورتی، جدید سہولتوں اور بہترین کرکٹنگ ماحول کے لحاظ سے دنیا کے بہترین میدانوں میں شامل ہو گیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل رہا ہے، اب مکمل طور پر ایک نئے انداز میں سامنے آیا ہے۔ اس اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا آغاز 28 ستمبر 2024 کو کیا گیا تھا اور انتھک محنت، شب و روز کی لگن اور اعلیٰ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے 31 جنوری کو اس کا کام مکمل کر لیا گیا۔
یہ محض تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین اور بین الاقوامی مہمانوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ہے، جو نہ صرف جدید سہولتوں سے آراستہ ہے بلکہ اس میں موجود ہر پہلو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔
اس اسٹیڈیم کی تعمیر کے دوران پرانی پویلین عمارت کو مکمل طور پر گرا کر جدید طرز پر دوبارہ تعمیر کیا گیا، جبکہ ہر انکلوژر میں نئی اور آرام دہ کرسیاں لگائی گئی ہیں تاکہ شائقین کرکٹ بہترین اور آرام دہ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔
مزید برآں ، نیشنل اسٹیڈیم میں نئی ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو رات کے میچز کو مزید دلکش اور جاندار بنائیں گی۔
جدید ترین اسکور اسکرینز اور حفاظتی گرل بھی اسٹیڈیم میں لگائی گئی ہیں، جبکہ شائقین کے لیے ویو کو بہتر بنانے کے لیے جنگلوں کو ختم کر دیا گیا ہے، تاکہ ہر نشست سے کرکٹ کا بھرپور نظارہ کیا جا سکے۔
عالمی معیار کی سہولتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ نیشنل اسٹیڈیم میں تمام ہاسپٹلٹی باکسز کی تزئین و آرائش بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
اسٹیڈیم کے گرد نئی رنگ روڈ بنائی گئی ہے اور پیدل چلنے والے شائقین کے لیے جدید پیڈسٹرین برج کی تعمیر بھی عمل میں لائی گئی ہے، جس سے شائقین کو اسٹیڈیم تک باآسانی پہنچنے میں مدد ملے گی۔
چیرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنی خصوصی کاوشوں اور انتھک محنت کے بعد اسٹیڈیم کی تعمیر کے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس منصوبے میں حصہ لینے والے تمام مزدوروں، ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی پوری ٹیم کی بھرپور محنت کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے نہ صرف اسٹیڈیم کو جدید بنایا ہے بلکہ شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی سہولتوں کا اضافہ بھی کیا ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران آنے والی تمام بین الاقوامی ٹیموں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور پاکستان کا ایک مثبت اور شاندار امیج دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔‘
نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش کی تکمیل کے بعد اس کا باضابطہ افتتاح کل شام ایک رنگا رنگ تقریب میں کیا جائے گا۔ اس تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، جبکہ شاندار آتش بازی اور لائٹ شو بھی اس تقریب کو یادگار بنائے گا۔
سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ اس تاریخی لمحے کو دیکھنے کے لیے عوام کا داخلہ مکمل طور پر مفت رکھا گیا ہے، تاکہ ہر کرکٹ کے دیوانے کو اس شاندار لمحے کا حصہ بننے کا موقع ملے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی، جو کئی دہائیوں سے پاکستان کرکٹ کا مرکز رہا ہے، اب ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ اس کی جدید سہولتیں، بین الاقوامی معیار کے مطابق انفراسٹرکچر، اور دلکش ماحول نہ صرف پاکستانی شائقین کو ایک بہترین کرکٹنگ تجربہ فراہم کرے گا بلکہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ بن جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں یہ اسٹیڈیم دنیا بھر سے آنے والی ٹیموں اور مداحوں کا استقبال کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور یہ ایک بار پھر ثابت کرے گا کہ پاکستان کرکٹ کا دل کس قدر جوش و جذبے سے دھڑکتا ہے۔
ت



-
کھیل 6 گھنٹے پہلے
کوہلی نے ٹی20 سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دیدیا
-
انفوٹینمنٹ 6 گھنٹے پہلے
ابھیشیک نے فلموں میں بولڈ مناظر سے گریز کرنے کیوجہ بتادی
-
فلم / ٹی وی 7 گھنٹے پہلے
سلمان خان کی آنے والی فلم 'سکندر' سے متعلق نئی اپڈیٹ جاری
-
بالی ووڈ 7 گھنٹے پہلے
بالی وڈ فلمیں اسٹار کڈز کیوجہ سے فلاپ ہونے لگیں