ماورا حسین کی شادی کے 3 لُکس پر ایک نظر
ماورا کا بطور مسز گیلانی لیے گئے پہلے تین لُکس

پاکستانی اسٹار ماورا حسین کی شادی کی تقریبات میں لیے گئے تین لُکس فیشن کے متوالوں کی توجہ کا مرکز بننے کے ساتھ ساتھ تعریف سمیٹنے میں بھی کامیاب رہے۔
ماورا حسین کی شادی چرچوں میں ہے کیونکہ نہ صرف انکی منفرد پریم کہانی بلکہ انکی شادی کے لُکس اور فوٹوگرافی بھی سب کو لبھاتے دکھ رہے ہیں۔
اچانک شادی کا اعلان کرنے والی یہ جوڑی اب ایک ساتھ زندگی کا سفر شروع کرنے کیلئے پُرجوش ہے اور اسکا بھرپور اظہار دونوں سوشل میڈیا پر بھی کر رہے ہیں۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی کی شادی پاکستانی شوبز انڈسٹری کو ایک اور اسٹار جوڑی دے گئی ہے جو صرف آن اسکرین ہی نہیں آف اسکرین بھی شدید محبت میں مبتلا ہیں۔
آئیں ماورا حسین کے کریئر کا آغاز پھر انہیں راست میں امیر گیلانی کا ملنا اور شادی کی تقریب کی خاصیت پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
ماورا حسین کا کریئر:
ماورا حسین نے سال 2011 میں ڈراما 'کھچڑی سالسا' سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا جس کے بعد وہ 2012 میں ڈراما 'میرے حضور' میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں۔
ماورا حسین کو کرئیر کی ابتداء میں زیادہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور وہ بس اداکارہ عروہ حسین کی بہن کے طور پر ہی مشہور رہیں جبکہ متعدد کو تو دونوں بہنوں میں فرق بھی سمجھ نہیں آتا تھا پھر سونے پر سہاگا دونوں کے نام بھی ایک جیسے ہونے کی وجہ سے دونوں کی شناخت میں مسئلہ ہوتا۔
جہاں عروہ حسین نے گلوکار فرحان سعید سے شادی کر کے اپنی پہچان بنائی وہیں ماورا حسین نے بالی وڈ کی دنیا میں ڈیبیو دے کر الگ پہچان بنائی۔
ڈراما ، 'نوروز' اور جفا' میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی ماورا حسین نے 2016 میں بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو دیا تھا۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی کی پریم کہانی:
ڈراما 'ثبات' میں 'حسان' نامی کردار نبھا کر راتوں رات سینسیش بننے والے امیر گیلانی کو یہ ڈراما انکی زندگی کی محبت سے بھی ملواگیا۔
ایک ہی یونیورسٹی اور کلاس میں پڑھنے کے باوجود کبھی ایک دوسرے سے بات نہ کرنا سوائے ایک پانی کی بوتل کے سبب ہونے والے واحد ٹکراؤ کے علاوہ جس کے بعد وہ 2020 میں ڈراما 'ثبات' کی شوٹنگ کے دوران ملے۔
اس ڈرامے میں دونوں کا ایک ساتھ کاسٹ کیا جانا کوئی اتفاق نہیں تھا کیونکہ دونوں کی قسمت ایک ساتھ ہی لکھی گئی تھی اور یہی قسمت انہیں ایک مقام پر لے آئی۔
دونوں نے سیدھا ایک دوسرے کو شادی کیلئے قبول کیا یا پہلے دونوں کی گہری دوستی ہوئی اس حوالے سے دونوں نے تاحال کچھ نہیں بتایا ہے لیکن دونوں اپنے رشتے کو مضبوط بندھن شادی میں ضرور بدل چکے ہیں۔
ماورا اور امیر کی شادی کی تقریبات بالترتیب:
ماورا حسین کا نام گزشتہ چند سالوں سے انکے کلاس میٹ و ساتھی اداکار امیر گیلانی کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے لیکن دونوں بھی کبھی اس رشتے کو گہری دوستی سے زیادہ کچھ قبول کرنے کو تیار نہیں ہوئے پر پھر اچانک فروری کے پہلے ہفتے کو اپنے فینز کو نکاح کی تصاویر دکھا کر حیران کرگئے۔
اسٹار جوڑی نے 5 فروری لاہور کے شاہی قلعے میں نکاح ڈے کا فوٹوشوٹ کروایا جبکہ ایک سجے ہوئے مقام پر دونوں نے ایجاب و قبول کر کے اپنی زندگی کے اس خوبصورت سفر کا آغاز کیا۔
6 فروری لاہور کے شالامار باغ میں دونوں کے شیندی لُک کی فوٹوگرافی ہوئی جس کے بعد دونوں نے اپنی فیملی اور دوست و احباب کے ساتھ خوشی منائی۔
9 فروری ماورا اور امیر گیلانی کا ولیمہ منعقد کیا گیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہی چرچوں میں آگئیں۔
ماورا کے تین ایونٹس کے لکس:
ماورا حسین کی شادی تین روزہ تقریبات پر مشتمل رہی اور ان تینوں ہی ایونٹس پر ماورا حسین کا لُک فیشن کے متوالوں کی جانب سے پسند کیا گیا۔
ماورا حسین کے تمام ہی لُکس میں مشرقی رنگ واضح رہا یعنی کسی بھی ایونٹ میں کوئی ایسا لُک نہیں تھا جسکو نازیبا کہا جاسکے۔ ساتھ ہی انہوں نے تینوں دن اپنے دوپٹے کو خاصی اہمیت دیتے ہوئے اسے سر پر سجائے رکھا جو انہیں حسین مشرقی دلہن قرار دیے جانے کا سبب بنا۔
ماورا حسین نے کسی بھی ایونٹ میں سرخ رنگ نہیں پہنا بلکہ ہلکے رنگوں میں ہی دلہن بنیں جو توجہ کا مرکز بھی بنا۔
آئیں ماورا کے تینوں لُکس پر باری باری نظر ڈالتے ہیں۔
1۔ نکاح:
5 فروری ماورا حسین اور امیر گیلانی کی جوڑی کو پسند کرنے والوں کیلئے خوشگوار و یادگار دن ثابت ہوا کیونکہ اس دن دونوں نے اچانک اپنے نکاح کی تصاویر فینز کے ساتھ شیئر کیں اور انسٹاگرام پر خوشی کا ماحول بنادیا۔
شیئر کی گئی پہلی پوسٹ میں شامل تصاویر میں دونوں شاہی قلعہ کی خوبصورتی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے یادگار دن کو مزید یادگار بناتے دکھے۔
ماورا حسین کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہی انکے فینز کیلئے تو توجہ کا مرکز بنی ہیں ساتھ ساتھ فیشن کے متوالے بھی انکے لُک کو تعریفوں کے زیور سے نوازتے دکھے۔
ماورا حسین نے زندگی کے سب سے اہم دن پر لباس اور زیور بے انتہا حسین پہنا لیکن اس میں سادگی بھی نمایاں تھی۔
ماورا حسین نے منٹ گرین دوپٹہ، ہلکی آسمانی فرنٹ اوپن قمیص کے ساتھ لہنگا پہنا جس کے بارڈر پر جامنی اور تیز گلابی چٹا پٹی اس لہنگے کو مزید حسن سے نواز گئی۔
ماورا حسین نے اس دلکش جوڑے کے ساتھ انتہائی سادہ جیولری کا انتخاب کیا اور سبز کرسٹل موتیوں سے تیار کردہ زیور پہنی دکھیں جس میں ٹیکا، جھومر، چھوٹے بُندے اور ہار شامل ہیں۔
سب کے دل جیتنے والے اس نکاح کے لُک کے حوالے سے ماورا حسین نے ایک پوسٹ شیئر کی اور انکشاف کیا کہ انہوں نے اس موقع پر اپنی ساس کا دوپٹہ پہنا جو انہوں نے اپنی شادی پر پہنا تھا جس کو ری اسٹور کرتے ہوئے فیشن ڈیزائنر 'رانوز ایئرلوم' نے لہنگا اور قمیص ڈیزان کی جبکہ سبز موتیوں والا سادگی سے سرشار زیور امیر گیلانی کی گرینڈ مدر کا تھا۔
ماورا حسین کا ایک ماڈرن دنیا شوبز سے تعلق رکھنے کے باوجود نکاح پر سسرالی موروثی چیزیں پہنا فینز کی جانب سے تعریفیں سمیٹتا دکھا جبکہ انکا لُک بھی بے انتہا پسند کیا گیا۔
ماورا حسین کا یہ دلفریبی سے سرشار جوڑا پاکستانی معروف کلاتھنگ برانڈ 'رانوز ایئرلوم' کا تیار کردہ ہے جس کی قیمت کے حوالے سے جب ڈیزائنر سے پوچھا گیا تو بس یہ بتایا گیا کہ اس ڈریس کی قیمت 19 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ہے۔
لیکن اگر اس جوڑے کی مجموعی قیمت دیکھی جائے تو وہ اس سے بھی زیادہ ہوگی کیونکہ سالوں پہلے انکی ساس نے جس دوپٹے کو پہنا اس کی قمیت انمول ہے۔
2۔ شیندی:
پاکستانی شوبز حسینہ ماورا حسین کا جہاں نکاح لُک سادگی اور دلکشی میں ڈوبا نظر آیا وہیں انکا شیندی لُک بھی دلفریب نظر آیا۔
6 فروری کو اسٹار جوڑی کی شیندی منعقد کی گئی جو نکاح کی طرح دن میں ہی ہوئی اور ماورا حسین اور امیر گیلانی کی زندگی میں ایک اور یادگار دن دے گئی۔
سوشل میڈیا پر سب سے پہلے لاہور کے شالامار باغ میں ہونے والے شیندی ڈے فوٹوشوٹ کی تصاویر شیئر کی گئیں جو دونوں کی پریم کہانی کو کسی شہزادہ شہزادی کی محل میں پنپنے والی کہانی جیسی نظر آئی۔
اس موقع پر ماورا حسین نے کسی مغل بادشاہ کی بیگمات سے انسپرائر ہوتے ہوئے ہی اپنے لُک کو فائنلائز کیا کیونکہ انکے لُک میں وہ جھلک واضح طور پر دیکھی جاسکی۔
ماورا حسین کا نکاح کا جوڑا کسٹمائز تھا لیکن شیندی پر انہوں نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر 'ثانیہ مسکتیہ' کے ڈیزائنر ڈریس کا انتخاب کیا اور حسین جیولری اور میک اپ چوائس سے اس جوڑے کو مزید دلکش بنا دیا۔
ماورا حسین نے ہلکے میک اپ کے ساتھ ماتھا پٹی پہنی جبکہ سنہرے بندے اور چوکر کے علاوہ موتیوں کی مالا بھی گلے میں سجائی۔
ماورا حسین نے روز گولڈ ٹشو کے کپڑے سے تیار لانگ فراک پہنی اور اسکے نیچے ہلکے رنگوں والا فرشی شرارہ پہنا۔ دونوں پر ہی انتہائی نفیس کام دیکھا جاسکتا ہے۔
ثانیہ مسکتیہ کا تیار کردہ یہ جوڑا یوں تو ہلکا گلابی ہے لیکن اس پر کیے گئے کام میں دیگر مختلف ہلکے رنگ بھی استعمال کیے گئے ہیں جو اس جوڑے کی دلکشی میں مزید اضافہ کرتے دکھ رہے ہیں۔
روز گولڈ پشواس پرکٹ ورک کے ساتھ زردوزی اور ریشم کے کام سے ڈیٹیلنگ کی گئی ہے جبکہ تلّے کے دوپٹے کے بارڈر پر زردوزی بارڈر اور سیکوئنس کا کام ہے۔
ثانیہ مسکتیہ کی ویب سائٹ پر نظر آنے والے اس عروسی جوڑے کی قیمت درج نہیں لیکن پوچھے جانے پر انہوں نے 19 لاکھ 95 ہزار روپے بتائی ہے لیکن یہ قیمت اس صورت ہے کہ جب ویب سائٹ پر اس جوڑے کے ساتھ نظر آنے والے لہنگے کو بھی شامل کیا جائے لیکن ماورا حسین نے پشواس اور دوپٹے کا انتخاب کرتے ہوئے لہنگا یا تو کوئی اور بنوایا ہے یا پھر یہ لہنگا بھی کس خاندان کے شخص کا یادگار ہے جسکو ماورا نے پھر سے پہنا ہے۔
3۔ ولیمہ/ ریسیپشن:
نکاح پر پرانے زمانے میں تیار ہونے والی سادگی اور معصومیت سے سرشار دلہن کا لُک پھر شیندی پر مغل بادشاہ کی بیگمات سے انسپائر لُک کے بعد ماورا حسین نے ولیمے پر شاید کسی ڈزنی پرنسس کو ذہن میں رکھا۔
ماورا حسین نے اپنی شادی کے تیسرے ایونٹ پر پاکستانی ڈیزائنر ہاؤس 'اعلان' کے کلاتھنگ برانڈ 'زاہا' کا انتخاب کیا جس نے ان کے ولیمہ لُک کو 'پرنسس لُک' بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ماورا حسین نے اس موقع پر آئس بلیو گاؤن زیب تن کیا جس پر سلور نگوں اور موتی کا کام ہے جسے سلور وائر سے ہی ٹاکا گیا تاکہ جوڑے پر بنے کام کی نفاست میں کمی نہ آئے۔
جوڑے پر تلّے، گوٹے، کورا دبکا اور ریشم کا کام سب سے نمایاں ہے جو اس حسین جوڑے کو مزید چار چاند لگا رہا ہے۔
اس جوڑے کے ساتھ زری نیٹ کا دوپٹہ تیار کیا گیا جو اس جوڑے کو مغربی برائیڈل گاؤن سے مختلف بناتے ہوئے دیسی لُک دیتا دکھا۔
ماورا حسین نے بھی اپنے لُک میں اس دوپٹے کو خاص ایمیت دیتے ہوئے سر پر بے انتہا خوبصورتی کے ساتھ سجایا۔
ماورا حسین کے اس جوڑے کی قیمت 'زاہا' کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود نہیں ہے۔
مسز گیلانی نے اپنے چمکتے جوڑے کے ساتھ ہلکا میک اپ اور جیولری کا انتخاب کیا۔ سلور کے ساتھ نیلے نگوں والی جیولری پہنی جس میں لٹکنے والے بندے، گلے میں نازک سا ہار اور ماتھے پر چھوٹی بندیاں شامل تھی جبکہ انہوں نے اپنا میک اپ بھی نیچرل رکھا اور ہلکے گلابی بلش اور لپ کلر سے اپنی خوبصورتی کو نمایاں کردیا۔
-
پاکستان 53 سیکنڈ پہلے
پی ایس ایل ترانہ تنازع، علی ترین کو ’مردوں کا ملالہ‘ کا خطاب مل گیا
-
عالمی منظر 12 منٹ پہلے
میانمار میں7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک بھی متاثر
-
سوشل میڈیا 19 منٹ پہلے
جیبلی (Ghibli)اسٹائل میمز کیا؟ ٹرینڈ کیوں کررہی ہیں؟
-
فلم / ٹی وی 37 منٹ پہلے
سپر اسٹار سلمان خان نے ٹوٹی پسلی کے ساتھ ڈانس کیسے کیا؟