ایلون مسک کی ٹک ٹاک خریدنے کی تردید
نئے قانون کے تحت بائٹ ڈانس کو ٹک ٹاک فروخت کرنا ہوگا

امریکی ارب پتیبزنس مین ایلون مسک نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ٹک ٹاک خریدنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے دو ہفتے قبل ایک جرمن میڈیا گروپ ایکسِل اسپرنگر کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کے دوران یہ بیان دیا تھا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا، ‘میں نے ٹک ٹاک خریدنے کے لیے کوئی بولی نہیں لگائی۔‘
ایلون مسک کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہفتہ قبل انہیں ٹک ٹاک خریدنے کی پیشکش کی تھی۔
ٹیسلا کے مالک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ٹک ٹاک خریدنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے کبھی سوچا ہے کہ اگر یہ ایپ ان کے پاس ہوتی تو وہ اس کے ساتھ کیا کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہ تو اس ایپ کو ذاتی طور پر استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی اس کے فارمیٹ سے واقف ہیں۔
ایلون مسک نے اس موقع پر ٹوئٹر (موجودہ ایکس) کی خریداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ‘میں عام طور پر کمپنیاں خریدنے کے بجائے خود بنانا زیادہ پسند کرتا ہوں۔‘
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹک ٹاک، جو کہ امریکہ میں تقریباً 17 کروڑ صارفین رکھتا ہے، کو 19 جنوری کو چینی کمپنی بائٹ ڈانس کی جانب سے قانون کے نفاذ سے پہلے ہی آف لائن کر دیا گیا تھا۔
نئے قانون کے تحت بائٹ ڈانس کو یا تو ٹک ٹاک فروخت کرنا ہوگا یا پھر امریکہ میں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم، ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے اس قانون کے نفاذ کو 75 دن کے لیے مؤخر کر دیا تھا۔
دوسری جانب، ایپل اور گوگل نے امریکی قانون کے نفاذ کے بعد سے ٹک ٹاک کو اپنے ایپ اسٹورز پر بحال نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک کے مستقبل سے متعلق مختلف افراد سے رابطے میں ہیں اور 30 دن کے اندر اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔
رواں ہفتے، ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت ایک سال کے اندر ایک خودمختار ویلتھ فنڈ قائم کیا جائے گا، اور اس بات کا عندیہ بھی دیا کہ ٹک ٹاک کو ممکنہ طور پر خریدنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
اس سے پہلے، بائٹ ڈانس نے ٹک ٹاک کی فروخت سے متعلق کسی بھی قسم کی منصوبہ بندی کی تردید کی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹک ٹاک کو بچانے کی کوشش ان کے پہلے دور حکومت کے مؤقف سے مختلف نظر آتی ہے، جب انہوں نے اس ایپ پر یہ کہہ کر پابندی لگانے کی کوشش کی تھی کہ یہ چینی حکومت کے ساتھ امریکی صارفین کا ڈیٹا شیئر کر رہی ہے۔
تاہم، حال ہی میں ٹرمپ نے حیران کن طور پر اپنے موقف میں نرمی لاتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک ان کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی کی بدولت وہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں نوجوان ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
-
کھیل 5 گھنٹے پہلے
کوہلی نے ٹی20 سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دیدیا
-
انفوٹینمنٹ 5 گھنٹے پہلے
ابھیشیک نے فلموں میں بولڈ مناظر سے گریز کرنے کیوجہ بتادی
-
فلم / ٹی وی 6 گھنٹے پہلے
سلمان خان کی آنے والی فلم 'سکندر' سے متعلق نئی اپڈیٹ جاری
-
بالی ووڈ 6 گھنٹے پہلے
بالی وڈ فلمیں اسٹار کڈز کیوجہ سے فلاپ ہونے لگیں