پرانے سن گلاسز کو نیا بنائیں
اس وقت لڑکیاں تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت ایک چیز اپنے ساتھ لے جانا نہیں بھولتیں اور وہ ہوتے ہیں، ان کے ’’سن گلاسز۔‘‘
سن گلاسز جہاں چہرے کو خوبصورتی بخشتے ہیں، وہیں یہ آنکھوں کو دھوپ کے اثرات اور سورج کی روشنی سے بھی بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ موسم گرما میں ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
لڑکیاں آئے دن فیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سن گلاسز بھی تبدیل کرتی نظر آتی ہیں، کئی لڑکیاں ایسی بھی ہوں گی جوپُرانے چشموں کو سنبھال کر رکھتی ہوں گی، ایسی لڑکیوں کیلئے یہاں کچھ آئیڈیاز پیش کئے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنے پرانے سن گلاسز کو نیا لُک دے کر دوبارہ سے استعمال کرسکیں۔
سن گلاسز کو نیا لُک دینے کیلئے جن چیزوں کی ضرورت ہوگی، وہ مندرجہ ذیل ہیں۔
سن گلاسز۔
گلابی پلاسٹک یا ربن سے بنے چھوٹے پھول۔
قینچی۔
ٹیوب والا گلیو یاگلیو گن۔
اگر دل کی ساخت والے گلاسز ہیں تو ان کیلئے یہ ڈیزائننگ بہترین رہے گی، سب سے پہلے گلابی پھولوں کو کاٹ لیں، اس کے بعد اسے ایک ایک کرکے چشمے کے اوپر والے حصے پر گلیو گن کی مدد سے چپکاتی جائیں۔
چشمے کے اوپری حصوں پر لگانے کیلئے کم ازکم آٹھ پھولوں کی ضرورت ہوگی، جب بھی پھول چپکائیں تو چشمے کو نہ ہلائیں، تاکہ پھول اپنی جگہ پر اچھی طرح سیٹ ہوجائے۔
لیجئے گلابی پھول والا چشمہ تیار ہے، اسے پہن کر باہر جائیں، آپ کی کوئی بھی دوست نہیں پہچان سکے گی کہ یہ آپ کا پُرانا چشمہ ہے۔
دوسرے طریقے کی سجاوٹ کیلئے پیلے اورنارنجی پھولوں والے ایک بریسلیٹ کی ضرورت ہوگی، ساتھ ہی نگینوں والے ایک بریسلیٹ کی ضرورت ہوگی۔
بریسلیٹ کو کاٹ لیں، اب ایک نارنجی اور ایک پیلا پھول چشمے کے اوپر لگاتی جائیں، نیچے والی لائن کے اوپر نگینے لگائیں، خوبصورت سے پھولوں اور نگینوں پر مشتمل سن گلاسزتیار ہیں، یہ سن گلاسز کسی بھی خاص تقریب میں لگاکر جایا جاسکتا ہے۔
تیسرا طریقہ یہ ہے کہ پرل موتی چشموں کے اوپر لگادیں، چاہیں تو تھوڑے فاصلے پر لگائیں، چشمے کی ڈنڈی پر بھی پرل لگائے جاسکتے ہیں، بہتر یہی ہے کہ گلیو گن کی مدد سے ان تمام چیزوں کو چپکائیں، اگر گلیو گن نہ ہو تو کوئی بھی اچھا ٹیوب والا گلیو استعمال کریں۔
ٹیوب والے گلیو کو پرل اور چشمہ دونوں کے اوپر لگائیں، اس کے بعد پرل کو تھوڑی دیر پکڑ کر رکھیں تاکہ وہ چپک جائے اور بعد میں نہ نکلے۔
چشمے کے اوپر نیچے یا پھر صرف سائیڈوں پربھی موتی، پھول یانگینے چپکائے جاسکتے ہیں، اگرگول چشمہ ہے ، تو پرل کو گولائی والے حصے پر بغیر فاصلے کے بھی لگائیں تو سن گلاسز اچھے لگتے ہیں۔
وہ لڑکیاں جو یہ سوچ رہی ہیں کہ ان کے پاس تو پرانے چشمے موجود نہیں ہیں تو کوئی بات نہیں، وہ مارکیٹ سے سادہ سا چشمہ سستے داموں خرید لیں اور پھر اس پر بتائی جانے والی ڈیزائننگ کرکے اس کو نیا لُک دے دیں۔
