'عورت کی کمائی میں برکت نہیں' صائمہ کے بیان پر تمکنت پھٹ پڑیں
لوگ مقبولیت کیلئے ایسے بیانات دیتے ہیں تاکہ وائرل ہوجائیں، تمکنت

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صائمہ قریشی کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں خواتین کے حوالے سے دیے جانے والے مختلف بیانات نے جہاں ایک جانب سوشل میڈیا صارفین کو آگ بگولہ کردیا وہیں دوسری جانب معروف کانٹینٹ کریئیٹر تمکنت نے بھی اداکارہ کو ان کے اسٹیٹمنٹ پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
حال ہی میں اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور پروفیشنل لائف کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
پوڈکاسٹ انٹرویو میں اداکارہ صائمہ قریشی نے مختلف سماجی موضوعات پر کھل کر بات کی، تاہم سوشل میڈیا پر ان کی جانب سے دوسری شادی پر بیوی کی اجازت اور عورت کی کمائی میں بے برکتی کے حوالے سے دیا جانے والا بیان دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔
'عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی'
عدنان فیصل کے پوڈکاسٹ انٹرویو میں اداکارہ صائمہ قریشی نے گھر چلانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ مانیں یا نہ مانیں لیکن یہ بات درست ہے کہ برکت صرف مرد کی کمائی میں ہوتی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'جب عورت گھر کے اخراجات خود اٹھانے لگتی ہے تو وہ لاشعوری طور پر اس کا اظہار کرتے ہوئے جتاتی بھی ہے جس سے اکثر رشتوں میں تلخی پیدا ہوجاتی ہے‘۔
اداکارہ کا شادی کے حوالے سے دوسرا بیان
اداکارہ کا دوسرا اور سب سے زیادہ زیر بحث آنے والا بیان دوسری دوسری شادی کے متعلق تھا جس کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے صائمہ قریشی کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی مرد کو دوسری شادی کرنی ہے تو اس کیلئے اپنی بیوی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ حق اسلام نے اسے دیا ہے‘۔
صائمہ قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ‘معاشرے سے بے حیائی ختم کرنے کیلئے نکاح کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اگر کسی کو دوبارہ محبت ہوجاتی ہے تو وہ ایکسٹرا میریٹل افیئر چلانے کے بجائے دوسری شادی کرے اور معاملے کو چھپانے کے بجائے اسے کھل کر تسلیم کرے‘۔
صائمہ قریشی کے مطابق اگر کسی شادی شدہ مرد کو کوئی لڑکی پسند آجائے تو غیر ازدواجی تعلقات بنانے کے بجائے نکاح کر لینا ہی بہتر اور شرعی طریقہ ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل
اداکارہ صائمہ قریشی کے بیان کی کلپ سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوتے ہی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بن گئی۔
ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں جہاں ایک جانب کچھ صارفین اداکارہ کی حمایت کرتے نظر آئے وہیں دوسری جانب کچھ صارفین کی جانب سے اداکارہ کے بیان کی مخالفت بھی کی گئی۔
ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں صارفین کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی معاشرے میں ہر کسی کا پسندیدہ ٹاپک دوسری شادی کیوں ہے؟ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ حق اسلام نے دیا ہے تاہم لوگوں کو یہ بات کیوں سمجھ نہیں آتی کہ دوسری شادی کا تعلق عدل سے ہے‘۔
صارفین کا مزید کہنا تھا کہ ’ دوسری شادی کو اس لیے بھی منفی انداز میں دیکھا جاتا ہے کیونکہ زیادہ تر مرد انصاف اور توازن برقرار رکھنے میں ناکام رہتے ہیں، جس کی وجہ سے پہلی بیوی اور بچوں کو تکلیف اٹھانی پڑتی ہے‘۔
کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر مرد کو دوسری شادی کے لیے بیوی کی اجازت نہیں چاہیے، تو کیا یہی اصول عورت کے لیے بھی لاگو ہوگا؟
تمکنت منصور کی صائمہ قریشی پر تنقید
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور پیشہ ورانہ ڈاکٹر و کانٹینٹ کریئیٹر تمکنت منصور نے اداکارہ صائمہ قریشی کی جانب سے دیے جانے والے متنازع بیان پر طنز کے نشتر چلا دیے۔
تمکنت منصور نے اداکارہ صائمہ کے بیان کے تناظر میں انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے ایک ویڈیو اپلوڈ کی جوکہ مداحوں کی توجہ سمیٹنے میں کامیاب ہوگئی۔
انسٹاگرام پر جاری اپنی حالیہ ویڈیو میں تمکنت منصور صائمہ قریشی کے بیانات کے بعد پاکستانی خواتین کے حقوق، شادی کے قوانین اور ازدواجی زندگی کے توازن کو ٹھیس پہچانے والے بیان پر کڑی تنقید کی۔
اپنی ویڈیو میں تمکنت کا کہنا تھا کہ ‘یہ بیان انتہائی نامناسب ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، چاہے پھر اس کے گھر میں بیٹھا مرد کمائے یا نہ کمائے اس کے پیسوں میں برکت ہوگی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'اس طرح کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہوتی لیکن اس طرح کے بیان کیونکہ سوشل میڈیا پر شہرت کی وجہ بنتے ہیں اس لیے صائمہ جیسے لوگ مقبولیت حاصل کرنے کیلئے ایسے بیانات دیتے ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوجائیں‘۔
اداکارہ صائمہ قریشی کی جانب سے دوسری شادی پر پہلی بیوی کی اجازت نہ لینے کے بیان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے تمکنت کا کہنا تھا کہ ‘باہر افیئر چلانے سے بہتر ہے کہ مرد دوسری شادی کرلے لیکن یہ کون بتائے گا کہ مرد دوسری شادی کیلئے عورت سے ملتا کیسے ہے؟ کیا وہ حرام کام نہیں ہوتا؟‘
تمکنت کا مزید کہنا تھا کہ ‘دوسری شادی کرنے والے مرد اسلام کے خلاف جاکر باہر افیئر چلاتے ہیں کیونکہ ایسا تو نہیں ہوتا کہ کوئی عورت مرد کے پاس جاکر خود کہتی ہوگی کہ مجھ سے دوسری شادی کرلو؟‘
اپنے اسٹرونگ کانٹنیٹ کیلئے مشہور اداکارہ تمکنت نے ‘صائمہ قریشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس طرح کے خیالات انتشار کو ہوا دیتے ہیں اور معاشرے میں خواتین پر مسلسل ظلم و ستم کا باعث بنتے ہیں‘۔
تمکنت نے مزید اس بات پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا کہ کس طرح کچھ لوگ صرف توجہ حاصل کرنے اور معاشرے کے نچلے طبقے کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر بے تکے بیانات دیتے ہیں جو خواتین کے بارے میں اب بھی رجعت پسند اور فرسودہ دقیانوسی تصورات رکھتے ہیں۔
اداکارہ تمکنت منصور کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد اپنے تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ کے بیان کی حمایت کرتی نظر آرہی ہے۔
پروگرام ہوسٹ عدنان فیصل میدان میں آگئے
اداکارہ صائمہ قریشی کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جانب صارفین ان کی ٹرولنگ کررہے ہیں وہیں دوسری جانب پوڈکاسٹ کے میزبان عدنان فیصل کو بھی نیٹیزنز کی جانب سے متنازع سوال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کے تناظر میں ایف ایم ایچ پوڈکاسٹ کے ہوسٹ عدنان فیصل نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے پورے معاملے کے حوالے سے اپنا آفیشل اسٹیٹمنٹ جاری کردیا۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں عدنان کا کہنا تھا کہ ‘انٹرویو میں اداکارہ صائمہ قریشی نے جو کچھ بھی کہا وہ ان کی ذاتی رائے تھی اور ہمیں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہیئے‘۔
عدنان کا مزید کہنا تھا کہ ‘کسی بھی معاملے پر ہر انسان کی اپنی ایک رائے ہوتی ہے اور ہمیں اس رائے کا احترام کرنا چاہیئے پھر چاہے ہم اس رائے سے اتفاق کرتے ہوں یا نہیں، کسی کی بات سن کر اسے سوشل میڈیا پر گالی دینا بلکل بھی درست بات نہیں ہے اس طرح کے ردعمل کو ختم ہونا چاہیئے‘۔
متنازع سوالات کرنے پر تنقید کا سامنا کرنے کے حوالے سے عدنان کا کہنا تھا کہ ‘لوگ مجھ پر بھی تنقید کررہے ہیں کہ میرے سوالات سامنے والے کو اکساتے ہیں حالانکہ ایسا نہیں ہے میرا کام صرف سوال کرنا ہے جواب سامنے والا اپنے خیالات کے مطابق دیتا ہے، اسلیئے ہمیں گالیاں دینے سے گریز کرکے رائے کا احترام کرنا سیکھنا ہوگا‘۔
واضح رہے کہ عدنان فیصل کی انسٹاگرام پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین انہیں رائے کا احترام کرنے کی نصیحت دیتے ہوئے منفی کمنٹ ڈیلیٹ کرنے کے اقدام پر ایک بار پھر سے ٹرولنگ کا نشانہ بنارہے ہیں۔
-
پاکستان 25 منٹ پہلے
پی ایس ایل ترانہ تنازع، علی ترین کو ’مردوں کا ملالہ‘ کا خطاب مل گیا
-
عالمی منظر 36 منٹ پہلے
میانمار میں7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک بھی متاثر
-
سوشل میڈیا 43 منٹ پہلے
جیبلی (Ghibli)اسٹائل میمز کیا؟ ٹرینڈ کیوں کررہی ہیں؟
-
فلم / ٹی وی 1 گھنٹے پہلے
سپر اسٹار سلمان خان نے ٹوٹی پسلی کے ساتھ ڈانس کیسے کیا؟