کھیل

'میچ دیکھنے نہیں آتے' بابر اعظم کا کراچی والوں سے گلہ

جیسے سب لوگ افتتاحی تقریب کیلئے آئے ہیں، ویسے ہی میچز کیلئے بھی آئیں، بابر اعظم

Web Desk

'میچ دیکھنے نہیں آتے' بابر اعظم کا کراچی والوں سے گلہ

جیسے سب لوگ افتتاحی تقریب کیلئے آئے ہیں، ویسے ہی میچز کیلئے بھی آئیں، بابر اعظم

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی افتتاحی تقریب میں بابر اعظم نے کراچی کے عوام سے شکوہ کر دیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا بھی آج باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور وزیر کھیل سندھ و دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو نیشنل اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیر نو پر مبارکباد دی۔

اس اسٹیڈیم کو 4 ماہ سے کم مدت میں مکمل کیا گیا ہے، افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئی، افتتاح کرنے کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بعد منعقدہ اِس افتتاحی تقریب میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی گفتگو کی۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کراچی والوں سے گلہ ہے کہ میچ دیکھنے نہیں آتے، جس طرح یہ سب لوگ افتتاحی تقریب کے لیے آئے ہیں، ویسے ہی میچز کے لیے آئیں۔

اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے بھی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'شکریہ کراچی، آپ کی سپورٹ ہمیں چیمپئنز ٹرافی میں چاہیے'۔

چیمپئنز ٹرافی 2025ء

واضح رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔