کاویری کپور اپنے فلمی ڈیبیو پر پریشان کیوں؟
کاویری کپور بھی خود پر نیپوٹیزم کا الزام لگنے سے خوفزدہ
بالی وڈ فنکاروں کی جب نئی نسل انڈسٹری پر راج کرتی ہے تو عموماً ان اسٹار کڈز پر اقرباپروری کے الزامات لگائے جاتے ہیں اور انہیں انکی صلاحیتوں کے بجائے ایک پرچی کے ذریعے انڈسٹری میں انٹری دینے پر جانچا جاتا ہے۔
انہیں الزامات کو مد نظر رکھتے ہوئےاداکارہ کاویری کپور نے بھی فلمی ڈیبیو پر لب کشائی کردی۔
کاویری کپور نے کنال کوہلی کی رومانوی ڈرامہ فلم ’بوبی اور رشی کی لو اسٹوری’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے۔ فلم میں وہ امریش پوری کے پوتے وردھن کپور کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں۔
کاویری کپور کس شخصیت کی بیٹی ہیں؟
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اداکارہ کاویری کپور نامور فلمساز اور اداکار شیکھر کلبھوشن کپور اور سچترا کرشنا مورتی کی بیٹی ہیں۔
شیکھر کپور بھی کوئی معمولی شخصیت نہیں بلکہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے علاوہ بافٹا ایوارڈ ، ایک نیشنل فلم ایوارڈ ، نیشنل بورڈ آف ریویو ایوارڈ اور تین فلم فیئر ایوارڈز سمیت کئی اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
شیکھر کپور شادی سے قبل اداکارہ شبانہ اعظمی کے ساتھ 7سال تک تعلقات میں رہے ، لیکن پھر ان دونوں نے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا اور شیکھر سابق بھارتی وزیر اعظم آئی کے گجرال کی بھانجی میدھا گجرال سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
لیکن یہ رشتہ زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور شیکھر کپور نے سال 1994 میں اہلیہ کو طلاق دے دی جو 25 نومبر 2014ء کو نیو یارک سٹی کے ایک اسپتال میں دل اور گردے کی پیوند کاری کے بعد جگر کی خرابی کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔
بعدازاں کپور نے 1999ء میں اداکارہ سچترا کرشنامورتی سے شادی کی جن سے ان کی ایک بیٹی ہے جس کا نام کاویری کپور ہے۔ لیکن اس جوڑے نے بھی سال 2007ء میں طلاق لے لی۔
کاویری کپور کا فلمی ڈیبیو کے بارے میں نظریہ:
اب کاویری نے والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کے شعبے میں پہچان بنانے کی ٹھانی ہے لیکن کیا کاویری کو بھی اس دوران نیپوٹیزم کے الزامات سہنے پڑیں گے؟ اس بارے میں اداکارہ نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ،’ وہ اپنے فلمی ڈیبیو کو لے کر دباؤ محسوس کر رہی ہیں’۔
اداکارہ بتاتی ہیں کہ،’میں نروس ہوں اور چاہتی ہوں کہ لوگ مجھے پسند کریں۔ میں نیپوٹزم کی پوری بحث کو سمجھتی ہوں اور اس کے دونوں پہلوؤں کو دیکھتی ہوں۔ میں سمجھتی ہوں کہ لوگ اس بات سے مایوس ہیں کہ آؤٹ سائیڈرز کو ان کے حق کے مواقع نہیں مل رہے۔ لیکن نیپوٹزم صرف فلم انڈسٹری میں ہی نہیں، بلکہ ہر شعبے میں موجود ہے جیسے کہ ایک ڈاکٹر کا بچہ ڈاکٹر بنتا ہے، یا ایک وکیل کا بچہ وکیل۔’
کاویری کپور نے مزید اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ،’جب آپ کسی خاص دنیا میں پلتے بڑھتے ہیں اور کسی چیز کے بارے میں جنون رکھتے ہیں، تو آپ قدرتی طور پر اسی فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ ایک مراعات یافتہ پس منظر سے ہیں، تو یہ بے وقوفی ہوگی کہ آپ کو ملنے والے مواقع کو استعمال نہ کریں۔’
اداکارہ نے اپنے رائے کا کھل کر اظہار مزید کچھ اسطرح کیا کہ،’ جو لوگ اسٹار کڈز کے خلاف نفرت پھیلاتے ہیں، انہیں واقعی سوچنا چاہیے کہ اگر وہ خود اسی مقام پر ہوتے، تو کیا وہ بھی ایسا نہ کرتے؟ کسی پر نفرت کرنے سے پہلے، خود کو اس کی جگہ رکھ کر سوچنا چاہیے۔’
فلم ’بوبی اور رشی کی لو اسٹوری’ کے بارے میں:
مختصراً بات کریں کاویری کی پہلی ڈیبیو فلم ’بوبی اور رشی کی لو اسٹوری’ کی تو یہ فلم کنال کوہلی کی ہدایت کاری میں بنی ہے، جو اس سے قبل ’فنا’ اور ’ہم تم’ جیسی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں۔
اس فلم کی کہانی کیمرج یونیورسٹی میں محبت میں گرفتار ہونے والے بوبی اور رشی کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو کچھ پریشانیوں کی وجہ سے جدا ہو جاتے ہیں۔ یہ فلم ان کے جنون بھرے رومانس، نظریاتی اختلافات اور غیر متوقع چیلنجز کو پیش کرتی ہے، جو ان کی محبت کا امتحان لیتے ہیں۔
کاسٹ کی بات کریں تو اس فلم میں وردھن کپور اور کاویری کپور کے علاوہ نیشا عالیہ بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔




