کیا دلجیت دوسانجھ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آرہے ہیں؟
مداح اپنے پسندیدہ گلوکار کی جانب سے پاکستان آنے کی بات سن کر بے حد پرجوش۔
بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے پرستار نہ صرف بھارت اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں بلکہ پڑوسی ملک پاکستان میں بھی موسیقی سے محبت رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد ان کی دیوانی ہے۔
دلجیت دوسانجھ اس وقت بھارت کے پاپ میوزک کا سب سے بڑا نام ہے، اگر یہ کہا جائے کہ سال 2024 دلجیت دوسانجھ کے نام رہا تو یہ غلط نہ ہوگا۔
دلجیت دوسانجھ سے گزشتہ سال اپنے کنسرٹس سے تہلکہ مچائے رکھا، انہوں نے دنیا بھر میں دل لومیناتی ٹوور کے تحت متعدد شوز کیے جس میں ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد کھنچی چلی آئی۔
ان کی یہ شہرت کا عالم تھا کہ دنیا کی بڑی بڑی سیلبرٹیز نے بھی ان کی پذیرائی کی، حتیٰ کہ ہالی وڈ کے لیجنڈ اداکار ول اسمتھ بھی گلوکار سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
جہاں دلجیت کے دنیا بھر میں ہونے والے کنسرٹ منٹوں میں سولڈ آؤٹ ہوئے اور مداح جوق در جوق ان کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہنچے وہیں پاکستان میں مقیم ان کے پرستار صرف حسرت ہی لیے رہ گئے۔
صرف پاکستانی ہی بھارتی گلوکار سے محبت نہیں کرتے بلکہ گلوکار بھی پاکستان کے لیے اپنے محبت بھرے جذبات کا اظہار کرنے سے دریغ نہیں کرتے، جس کی مثال ایک کنسرٹ کے دوران دلجیت کا پاکستانی پرچم کو سیلوٹ کرنا تھا۔
ان کے پاکستانی مداح طویل عرصے سے اپنے پسندیدہ گلوکار کو براہِ راست دیکھنے اور سننے کے انتہائی منتظر ہیں تاہم اب گلوکار نے بھی اپنے شائقین کے لیے خوش خبری سنادی۔
سرحدی فاصلے ہونے کے باوجود گلوکار سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے ہر کونے میں بسنے والے اپنے پرستاروں سے رابطے میں رہتے ہیں اور بات چیت بھی کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایسی ہی ایک گفتگو میں دلجیت دوسانجھ نے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔
انسٹاگرام لائیو میں دلجیت اپنے چاہنے والوں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے کہ اسی دوران بظاہر کچھ پاکستانی نوجوانوں نے ان سے سوال کیا کہ پاکستان کب آرہے ہیں؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے دلجیت نے 'پاکستان بالکل آنا ہے، آئیں گے پاکستان، پاکستان لازمی آؤں گا ابھی بس زرا ہاتھ میں نہیں آرہا'۔
ساتھ ہی وہ اپنے ساتھ موجود کسی شخص سے بات کرتے سنائی دیے کہ کہ دو سرپرائز میں نے لگائے تھے لیکن ساتھ ہی اپنے منہ پر انگلی رکھ کر کہتے سنائی دیے کہ اب میں چپ۔۔!
دلجیت کی جانب سے پاکستان آنے کا اعلان کرنے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے دیکھ کر ان کے پرستاروں میں خاصہ جوش و خروش پایا جارہا ہے۔
اگرچہ دلجیت نے اپنے سرپرائز کا اعلان تو نہیں کیا لیکن ان کے پاکستان مداح قیاس کررہے ہیں کہ شاید آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں بھارتی گلوکار پاکستان میں پرفارم کرنے آرہے ہیں۔



