لائف اسٹائل

کِم کارڈیشین نے طلاق کا دکھ بھرا تجربہ بیان کردیا

کِم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ 2021 میں علیحدگی اختیار کرچکے ہیں

Web Desk

کِم کارڈیشین نے طلاق کا دکھ بھرا تجربہ بیان کردیا

کِم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ 2021 میں علیحدگی اختیار کرچکے ہیں

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

معروف امریکی سیلبرٹی کِم کارڈیشین نے حال ہی میں اپنی طلاق کے بعد درپیش چیلنجز کے بارے میں کھل کر بات کی۔

13 فروری کو نشر ہونے والی "دی کارڈیشینز" کی ایک قسط میں، ان کی بہن کلوئی کارڈیشین نے اپنے سابق شوہر لمار اوڈوم سے نو سال بعد دوبارہ ملنے پر جذباتی گفتگو کی۔

اس بات چیت نے کِم کارڈیشین کو بھی اپنے ماضی کی یاد دلائی اور انہیں اپنی طلاق کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر غور کرنے پر مجبور کر دیا۔

کلوئی نے لمار اوڈوم کے ساتھ اپنی شادی پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ بہت جلد بازی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود وہ اپنی اس فیصلے کو نہیں بدلنا چاہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ میری زندگی کی سب سے بڑی محبت تھا، اگر منشیات درمیان میں نہ آتیں، تو میں جانتی ہوں کہ ہم آج بھی شادی شدہ ہوتے، میں جانتی ہوں کہ میں نے اس وقت صحیح شخص کا انتخاب کیا تھا، مجھے کم از کم ایک سال تک معلوم نہیں ہوا کہ وہ منشیات کا استعمال کر رہا تھا اور یہی میرے لیےسب سے خوفناک بات تھی۔

کلوئی کی باتوں نے کِم کارڈیشین کو بھی اپنی طلاق کی یاد دلا دی اور انہوں نے کہا کہ یہی سب سے مشکل بات ہوتی ہے، میں اس تجربے سے گزر چکی ہوں، جب آپ کو اندازہ بھی نہ ہو کہ کچھ ایسا ہوگا جو کسی شخص کی شخصیت کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دے گا اور وہ اب وہ شخص نہیں رہے گا جو پہلے تھا اور آپ اس نئے شخص کے ساتھ نہیں رہ سکتے تو یہ بہت مشکل ہو جاتا ہے، میں اس درد کو سمجھتی ہوں۔

کِم کارڈیشین نے مزید کہا کہ یہ اور بھی مشکل ہو جاتا ہے جب آپ اپنی شادی کو کسی ذاتی وجہ سے ختم نہیں کرنا چاہتے لیکن حالات ایسے ہو جاتے ہیں جو آپ کو ایسا کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں، جب آپ نے ایسا کچھ نہیں سوچا ہوتا اور یہ وہ نتیجہ نہیں ہوتا جو آپ چاہتے ہیں لیکن آپ کے پاس کوئی اور راستہ نہیں بچتا تو اس درد کو بھلانا اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق، جو پیپل میگزین نے رپورٹ کیں، کِم کارڈیشین نے اپنی طلاق کے مکمل ہونے سے پہلے خود کو قانونی طور پر سنگل قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں بہت شدت سے طلاق لینا چاہتی تھی ،میں نے سابقہ شوہرکانیے سے درخواست کی تھی کہ وہ ہماری طلاق کے معاملے کو نجی رکھے لیکن اس نے ایسا نہیں کیا، کانیے نے ہماری نجی خاندانی زندگی اور بچوں کی پرورش سے متعلق بہت سی غلط معلومات سوشل میڈیا پر پھیلائیں، جس سے مجھے شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میں چاہتی تھی کہ ہماری شادی کامیاب ہو لیکن میں اس حقیقت کو تسلیم کر چکی ہوں کہ اس رشتے کو مزید ٹھیک نہیں کیا جا سکتا، کانیے اس بات سے متفق نہیں ہے لیکن کم از کم ایسا لگتا ہے کہ وہ یہ سمجھ چکا ہے کہ میں اس شادی کو ختم کرنا چاہتی ہوں، چاہے وہ اسے نہ مانے۔

کِم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ 6 سال کی رفاقت کے بعد 2021 میں علیحدگی اختیار کرچکے ہیں، ان کی چار بیٹیاں ہیں۔