ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر کونسا نیا ٹول شامل ہونے والا ہے؟

اس فیچر پر کافی عرصے سے کام جاری ہے

Web Desk

واٹس ایپ پر کونسا نیا ٹول شامل ہونے والا ہے؟

اس فیچر پر کافی عرصے سے کام جاری ہے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ جلد ہی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق فیچرز اور ٹولز کے لیے علیحدہ ٹیب متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس وقت واٹس ایپ پر میٹا کا اے آئی لاما چیٹ بوٹ دستیاب ہے، تاہم آنے والے فیچر کے تحت ایپلی کیشن میں اے آئی ٹولز کے لیے ایک خصوصی ٹیب شامل کیا جائے گا۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ایک معروف ویب سائٹ کے مطابق، واٹس ایپ کی تکنیکی ٹیم اس نئے "اے آئی" ٹیب کو متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے اور اس کی آزمائش محدود صارفین کے ساتھ شروع کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کے نیچے دیے گئے نیویگیشن بار میں موجود 'کمیونٹیز' کی جگہ 'اے آئی' کا نیا ٹیب شامل کیا جائے گا۔

'اے آئی' ٹیب کے متعارف ہونے کے بعد، واٹس ایپ سے 'کمیونٹیز' کا ٹیب ہٹا دیا جائے گا، تاہم صارفین اب بھی کمیونٹیز کے تمام فیچرز سے استفادہ کر سکیں گے اور نئی کمیونٹیز بھی تشکیل دے سکیں گے۔

'اے آئی' ٹیب کے ذریعے صارفین کو میٹا کے تمام اے آئی ٹولز اور فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی، ساتھ ہی دیگر معروف اے آئی ٹولز بھی اس ٹیب کے اندر دستیاب کیے جائیں گے۔

اس نئے ٹیب کی مدد سے صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی رہتے ہوئے تمام اے آئی ٹولز کو آسانی سے استعمال کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کافی عرصے سے کام جاری ہے، اور اب یہ فیچر محدود پیمانے پر کچھ ممالک کے صارفین کو فراہم کیا جا چکا ہے۔

اگرچہ اس فیچر کے عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، لیکن توقع ہے کہ یہ فیچر رواں سال کے دوران پیش کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین