ویلنٹائنز کو یادگار بنانے والی پانچ فلمیں
دنیا بھر میں آج محبت کرنے والوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے

آج 14 فروری کو پوری دنیا میں ویلنٹائنز ڈے یعنی محبت کرنے والوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، کافی لوگ اس دن پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں تو کافی لوگوں کا ماننا ہے کہ اس قسم کا دن ان کی معاشرتی روایات کی عکاسی نہیں کرتا، وہیں ایک طبقے کا ماننا یہ ہے کہ ویلنٹائنز ڈے کو پیار کرنے والوں کا ایک مخصوص دن قرار نہیں دینا چاہیے بلکہ ہر دن ہی محبت کرنے والوں کا دن ہوتا ہے۔
تاہم دنیا بھر بھر میں اس دن کو بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے، چاہے وہ غیر شادی شدہ کپلز ہوں یا پھر گرل فرنڈ بوائے فرنڈ کا بندھن ، یہ اس دن ایک دوسرے کو پھول پیش کرتے ہیں جس سے ان کی محبت میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ دن ان کی زندگی کے یادگار دنوں میں سے ایک بن جاتا ہے۔
ویلنٹائنز ڈے عام طور پر لڑکے اور لڑکی کے درمیان اس محبت کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے جو ان کی شادی سے پہلے ہوتی ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ جب یہ محبت کا عالمی دن ہے تو پھر محبت تو ہر رشتے میں ہوتی ہے۔
تاہم ویلنٹائن ڈے منانے والے اس دن کو یادگار بنانے کے لیے اپنی پسند کی رومانوی فلمیں بھی دیکھتے ہیں۔ پھر ہم بھی آپ کو ان فلموں کے بارے میں بتانا چاہیں گے جو آپ کو اس ویلنٹائن ڈے پر دیکھنی چاہئیں۔
دل تو پاگل ہے:

یہ مووی اس لحاظ سے انفرادی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ پہلی بالی وڈ مووی تھی جس میں پہلی بار ویلنٹائنز ڈے کا ذکر کیا گیا، بھارتی فلم بینوں کی بڑی تعداد اس فلم کے ذریعے ہی ویلنٹائنز ڈے کے بارے میں جان پائی ہے۔
’دل تو پاگل ہے‘ بالی ووڈ کی ایک مشہور رومانوی فلم ہے، جو 1997 میں ریلیز ہوئی، اس فلم کے ہدایتکار یش چوپڑا تھے، جبکہ پروڈکشن یش راج فلمز کے بینر تلے ہوئی، فلم میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشٹ، کرشمہ کپور اور اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیے۔
فلم کی کہانی:
یہ فلم محبت، خوابوں اور قسمت کے کھیل پر مبنی ہے، کہانی راہول (شاہ رخ خان)، پوجا (مادھوری ڈکشٹ) اور نشا (کرشمہ کپور) کے گرد گھومتی ہے، راہول ایک تھیٹر ڈائریکٹر ہے، جو محبت پر یقین نہیں رکھتا اور صرف ایک خاص انسان کے انتظار میں ہے۔
نشا اس کی بہترین دوست اور ڈانس گروپ کی ممبر ہے، جو دل ہی دل میں راہول سے محبت کرتی ہے لیکن کبھی اس کا اظہار نہیں کرتی۔
حادثاتی طور پر نشا زخمی ہو جاتی ہے اور راہول کو اپنی نئی ڈانس پرفارمنس کے لیے ایک اور لڑکی کی ضرورت ہوتی ہے۔
قسمت اسے پوجا سے ملواتی ہے، جو بچپن سے ہی محبت کو اپنی تقدیر مانتی ہے۔ جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، راہول اور پوجا کے درمیان ایک ان دیکھے بندھن کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
فلم کی شاندار موسیقی:
فلم کے گانے لتا منگیشکر، ادت نرائن، اور آشا بھوسلے جیسے عظیم گلوکاروں نے گائے،’دل تو پاگل ہے‘،’بھولی سی صورت‘،’آرہے آرہے‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ جیسے گانے آج بھی مقبول ہیں۔
شاہ رخ خان کی رومانوی اداکاری، مادھوری ڈکشٹ کا حسین رقص اور کرشمہ کپور کی بہترین پرفارمنس نے فلم کو امر کر دیا۔
رومانوی ڈائیلاگز:
’کہیں نہ کہیں، کوئی نہ کوئی، ہمارے لیے بنایا گیا ہے... اور کبھی نہ کبھی، ہم اس سے ضرور ملیں گے‘۔
’محبت دیوانگی ہے، محبت پاگل پن ہے‘۔
جب وی میٹ:

جب وی میٹ 2007 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی ایک مشہور رومانوی کامیڈی فلم ہے، جس کے ہدایتکار امتیاز علی ہیں۔
اس فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے اور ان کی کیمسٹری نے فلم کو ایک کلاسک بنا دیا۔
کہانی ادیتیہ کشیپ (شاہد کپور) نامی ایک کاروباری شخص کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی زندگی سے مایوس ہو چکا ہے، اس کی کمپنی بحران کا شکار ہے اور اس کی محبت بھی اسے چھوڑ کر جا چکی ہے۔ مایوسی میں، وہ ایک ٹرین میں بغیر کسی منزل کے بیٹھ جاتا ہے۔
یہیں اس کی ملاقات ہوتی ہے گیت (کرینہ کپور) سے، جو ایک زندہ دل، باتونی اور خوابوں سے بھرپور پنجابی لڑکی ہے۔ گیت اپنی زندگی سے بے حد خوش ہے اور ہمیشہ مثبت سوچ رکھتی ہے۔ وہ ادیتیہ کو زندگی جینے کا نیا طریقہ سکھاتی ہے۔
’جب وی میٹ‘ ایک ایسی فلم ہے جو نہ صرف محبت کی کہانی سناتی ہے بلکہ زندگی کو جینے کا نیا انداز بھی سکھاتی ہے۔
لو آج کل:

’لو آج کل‘ 2009 میں ریلیز ہونے والی رومانوی ڈرامہ فلم ہے، جس کے ہدایتکار امتیاز علی ہیں، فلم میں سیف علی خان اور دپیکا پڈوکون نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ رشی کپور اور گِسلی مونٹرایرو معاون کرداروں میں نظر آئے۔
یہ فلم محبت کی بدلتی ہوئی نوعیت اور ماضی و حال کی محبت کے فرق کو خوبصورتی سے پیش کرتی ہے۔
فلم دو مختلف محبت کی کہانیوں کو پیش کرتی ہے، ایک ماضی کی اور دوسری موجودہ دور کی جو بتاتی ہے کہ وقت بدل سکتا ہے لیکن محبت کی اصل جذباتی شدت ہمیشہ ایک جیسی رہتی ہے۔
فلم کے دل کو چھو لینے والے ڈائیلاگز:
محبت بھی زندگی کی طرح ہوتی ہے، ہر موڑ آسان نہیں ہوتا، ہر موڑ پر خوشی نہیں ہوتی، لیکن جب ہم زندگی جیتے ہیں، تو محبت کیوں نہیں؟
محبت میں وقت نہیں لگتا، بس ایک لمحہ کافی ہوتا ہے۔
جو سچی محبت ہوتی ہے، وہ کبھی ختم نہیں ہوتی۔
’لو آج کل‘ ایک ایسی فلم ہے جو ہمیں سکھاتی ہے کہ محبت وقت اور حالات سے بالاتر ہوتی ہے۔ چاہے 1950 کی دہائی ہو یا 2009، محبت کی اصل گہرائی ہمیشہ ایک جیسی ہوتی ہے۔
راک اسٹار:

راک اسٹار 2011میں ریلیز ہونے والی میوزیکل،رومانوی ڈرامہ فلم ہے، فلم میں رنبیر کپور اور نرگس فخری نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ لیجنڈری میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے اس فلم کے شاندار گانے کمپوز کیے۔
یہ فلم نہ صرف محبت بلکہ درد، کامیابی اور جدوجہد کی ایک لازوال کہانی ہے، جو ایک عام لڑکے کے راک اسٹار بننے کے سفر کو بیان کرتی ہے بلکہ اس کے اپنی محبت کو پانے کی جدوجہد بھی بتاتی ہے۔
یہ جوانی ہے دیوانی:

’یہ جوانی ہے دیوانی‘ 2013 میں ریلیز ہونے والی رومانوی ڈرامہ فلم ہے، جس کے ہدایتکار آیان مکھرجی اور پروڈیوسر کرن جوہر ہیں۔
اس فلم میں رنبیر کپور، دیپیکا پڈوکون، آدتیہ رائے کپور اور کلکی کوچلن نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
یہ فلم زندگی کے خوابوں، محبت، دوستی اور خود کو تلاش کرنے کے بارے میں ہے، جہاں ایک شخص اپنی آزاد خیالی اور کیریئر کے خواب دیکھتا ہے، جبکہ دوسرا محبت اور زندگی کی سادگی کو ترجیح دیتا ہے۔
یہ فلم محبت، دوستی، اور خود کو تلاش کرنے کے بارے میں ہے، جو آج کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم پیغام دیتی ہے۔