بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا
بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار رنز بنانے والے 11 ویں قومی کرکٹر بن گئے ہیں
چیمپئنز ٹرافی نزدیک آتے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم بھی فارم میں واپس آتے نظر آرہے ہیں۔
سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بابر اعظم نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ کر اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سہ فریقی سیریز کا فائنل آج جمعہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا، بابر اعظم نے اس میچ میں اوپننگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 29 رنز بنائے جس کے ساتھ ہی انہوں نے ون ڈے میں تیز ترین 6000 رنز بنا کر ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار رنز بنانے والے 11 ویں قومی کرکٹر بن گئے ہیں، اس فہرست میں انضمام الحق 11701، محمد یوسف 9554 اور سعید انور 8824 رنز کے ساتھ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بابر کا 126 واں ون ڈے میچ تھا، انہوں نے اپنے 10 سالہ کیریئر میں 6019 ون ڈے رنز بنائے ہیں جس میں 9 سنچریاں شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے لیجنڈ کرکٹر ہاشم آملہ بھی اتنی ہی اننگز میں 6000 رنز بنا چکے ہیں، اس طرح بابر اعظم اب یہ ریکارڈ بنانے والے دوسرے کرکٹر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل ویرات کوہلی 136 اننگز میں 6000 رنز اسکور کرکے دوسرے نمبر پر براجمان تھے، بابر کے 6000 رنز مکمل کرتے ہی ویرات کوہلی اب تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر اعظم کی جانب سے اس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں محض چند روز باقی رہ گئے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء
واضح رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔



