وائرل اسٹوریز

حیدرآباد سے تعلق بتانے پر رشمیکا مندانا کو تنقید کا سامنا

رشمیکا کا تعلق کرناٹک سے ہے اور انہوں نے فلمی کیرئیر کا آغاز بھی کنڑ فلم سے کیا تھا

Web Desk

حیدرآباد سے تعلق بتانے پر رشمیکا مندانا کو تنقید کا سامنا

رشمیکا کا تعلق کرناٹک سے ہے اور انہوں نے فلمی کیرئیر کا آغاز بھی کنڑ فلم سے کیا تھا

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

تیلگو فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ رشمیکا مندانا کو حیدرآباد سے تعلق بتانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

اگرچہ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کنڑ فلموں سے کیا، مگر انہیں اصل شہرت تیلگو سنیما سے ملی۔

تاہم گزشتہ برسوں میں کئی کنڑ مداحوں نے ان پر اپنے آبائی علاقے سے دوری اختیار کرنے کا الزام لگایا ہے۔

حالیہ دنوں میں رشمیکا مندانا کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ خود کو حیدرآباد کی رہائشی کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

یہ ویڈیو ان کی نئی فلم’چھاوا‘کے ایک پری ریلیز ایونٹ کی ہے، جس میں وہ اسٹیج پر خطاب کر رہی تھیں، ویڈیو میں رشمیکا کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کیونکہ میں حیدرآباد سے ہوں اور میں اکیلے یہاں آئی ہوں، تو آج مجھے امید ہے کہ میں آپ سب کے خاندان کا حصہ بن سکتی ہوں۔

اس بیان پر مجمع نے تالیاں بجائیں اور رشمیکا نے ہنستے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

یہ کلپ بغیر کسی سیاق و سباق کے ایکس پر شیئر کیا گیا اور اس پر ملا جلا ردعمل آیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ کبھی کبھار مجھے تم پر ترس آتا ہے کہ تمہیں ہمارے کنڑ بھائیوں سے غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جب تم ایسے بیانات دیتی ہو، تو لگتا ہے وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں اور تم واقعی تنقید کی مستحق ہو۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ مجھے لگتا ہے کہ وہ تیلگو فلم انڈسٹری اور ناظرین کو حد سے زیادہ خوش کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور اسی وجہ سے ایسے بیانات دے دیتی ہیں۔

تاہم کچھ لوگوں نے اس بیان کو غلط انداز میں پیش کیے جانے پر رشمیکا کی حمایت بھی کی، ایک مداح نے ان کا ایک 2024 کا ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ہمیشہ کہتی ہیں کہ ان کا تعلق کرگ سے ہے، اور کوڈاوا ساڑھی بھی پہنتی ہیں، تم لوگ کسی بھی بے سیاق و سباق کلپ کو نکال کر ان پر الزام لگا دیتے ہو، ان کا مطلب یہ تھا کہ وہ فی الحال حیدرآباد میں رہتی ہیں اور وہ حیدرآباد سے ممبئی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کے ساتھ آئی تھیں، باقی ہزار بار وہ کہہ چکی ہیں کہ وہ کرگ سے ہیں۔

رشمیکا مندانا ایک کوڈاوا ہندو خاندان میں کرناٹک میں پیدا ہوئیں، انہوں نے کرگ میں پرورش پائی اور 2016 میں کنڑ فلم ’کریک پارٹی ‘سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جو ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اگلے سال، وہ فلم ’چمک ‘میں جلوہ گر ہوئیں۔

2018 میں، انہوں نے تیلگو فلم ’چلو‘سے انڈسٹری میں قدم رکھا، 2021 میں، فلم ’پشپا: دی رائز‘ نے انہیں پورے بھارت میں مقبولیت دلائی اور 2024 میں "پشپا 2: دی رول نے ان کی شہرت میں مزید اضافہ کیا۔

انہوں نے 2022 میں ہندی فلم ’گڈ بائے‘کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا اور 2023 میں فلم ’اینیمل‘کے ذریعے اپنی پہلی سپر ہٹ بولی وڈ فلم دی۔

اس وقت رشمیکا اپنی نئی فلم ’چھاوا ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، انہوں نے فلم میں کام کرنے کا ناقابل فراموش تجربہ قرار دیا اور کہا کہ جنوبی بھارت کی ایک لڑکی کا کسی مراٹھی رانی کا کردار ادا کرنا بہت منفرد تجربہ تھا۔

فلم ’چھاوا‘ کے بارے میں

فلم ’چھاوا‘ ایک تاریخی ڈرامہ ہے جو 14 فروری 2025 کو ریلیز ہوئی، اس فلم میں وکی کوشل نے چھترپتی سنبھاجی مہاراج کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ رشمیکا مندانا نے ان کی اہلیہ مہارانی یسو بائی کا کردار نبھایا ہے۔

فلم کی ہدایت کاری لکشمن اتیکر نے کی ہے اور یہ میڈاک فلمز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔

کہانی چھترپتی سنبھاجی مہاراج کی زندگی اور ان کی مغل سلطنت کے خلاف جدوجہد پر مبنی ہے، فلم میں اکشے کھنہ نے مغل بادشاہ اورنگزیب کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم کی موسیقی معروف موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے، ریلیز سے قبل، فلم کے گانے’آیا رے طوفان‘ کو شائقین میں خوب پذیرائی ملی۔

ریلیز سے پہلے ہی’چھاوا‘نے ایڈوانس بکنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور توقع کی جا رہی تھی کہ یہ فلم پہلے دن 25 کروڑ روپے کا بزنس کرے گی۔

فلم کی ریلیز سے قبل کچھ تنازعات بھی سامنے آئے، سینسر بورڈ نے فلم میں کچھ تبدیلیاں تجویز کیں، جن میں متنازع جملوں کو ہٹانا شامل تھا۔ 

تازہ ترین