وائرل اسٹوریز

’کوہلی کو گلے نہ لگانا‘ پاکستانی کرکٹ شائقین کا قومی ٹیم کو پیغام

محمد رضوان اور دیگر کھلاڑی اپنی اخلاقیات کی پُڑیا بنا کر سائیڈ پر رکھیں، کرکٹ فین

Web Desk

’کوہلی کو گلے نہ لگانا‘ پاکستانی کرکٹ شائقین کا قومی ٹیم کو پیغام

محمد رضوان اور دیگر کھلاڑی اپنی اخلاقیات کی پُڑیا بنا کر سائیڈ پر رکھیں، کرکٹ فین

رواں ماہ 19 فروری کو پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں محض چند دن باقی رہ گئے ہیں تاہم کرکٹ شائقین کی نظریں 23 فروری کو دبئی میں ہونے والے پاک-بھارت ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں۔

روایتی حریفوں کے درمیان اس بار یہ میچ غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں مکمل انعقاد کیلئے بھارت کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹیں پر پاکستانی کرکٹ شائقین غصے سے بھرے بیٹھے ہیں اور اس کا بدلہ کرکٹ کے میدان میں بھارتی ٹیم کی پاکستان سے شکست کی صورت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

’چیمپئنز ٹرافی 2025‘ کا مکمل طور پر انعقاد پاکستان میں ہونا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا، پھر کافی غور و خوض اور بحث و مباحثے کے بعد یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ فارمیٹ کے تحت منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت اب بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔

اس فیصلے پر پاکستانی کرکٹ شائقین سخت برہم ہیں اور سابق کرکٹر معین خان کی طرح انہوں نے قومی ٹیم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بار قومی ٹیم کرکٹ کے میدان میں بھارتی کھلاڑیوں کو گلے لگانے سے بھی گریز کرے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک جذباتی کرکٹ فین محمد رضوان کی زیرقیادت پوری ٹیم کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام تک پاکستانی ٹیم بھارتی کرکٹرز کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو ایک طرف رکھے اور صرف کرکٹ پر توجہ دے۔

انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مزید اپیل کہ اس بار وہ ویرات کوہلی اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں کو گلے بھی نہ لگائیں۔

وائرل ویڈیو میں پاکستانی کرکٹ فین کا مزید کہنا تھا کہ ’انہوں نے ہمارے ساتھ بڑی زیادتیاں کی ہیں، کبھی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا، کبھی روہت شرما نے آنے سے انکار کیا، میں محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں کو کہوں گا کہ اپنی اخلاقیات کی پُڑیا بنا کر سائیڈ پر رکھیں، اس میچ کو میچ کی طرح نہیں اپنی عزت کی طرح لینا ہے‘۔

جذباتی کرکٹ فین کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اس بار بھارت پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہو، ہم چاہتے ہیں کہ اس بار بنگلہ دیش بھی بھارت کو ہرادے‘۔

معین خان نے کیا کہا تھا؟

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2023ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل ویرات کوہلی کی خواشگوار انداز میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی تصاویر خوب وائرل ہوئی تھیں۔

ان تصاویر کو جہاں دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین نے خوب سراہا تھا وہیں بعض ناقدین کی جانب سے اسے حریف ٹیم کے ساتھ ضرور سے زائد بےتکلفی کے مترادف قرار دیا گیا تھا جس پر حال ہی میں سابق پاکستانی کرکٹر معین خان نے بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں ہم بھارتی کرکٹرز کے ساتھ دوستی کے باوجود میدان میں حریف کی طرح ہی نظر آتے تھے اور اس کے مطابق ہی رویہ اپناتے تھے، ہمیں تو سینئرز نے کہا تھا کہ آپ نے میدان میں جا کر اُن سے بات بھی نہیں کرنی، کوئی ایسا اشارہ بھی نہیں دینا کہ آپ اُن سے مرعوب ہیں، اسی طرح آپ اپنے مخالف پر حاوی ہوسکتے ہیں۔

معین خان نے مزید کہا تھا کہ اب میں دیکھتا ہوں تو مجھے بڑا افسوس ہوتا ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کا احترام اپنی جگہ لیکن ایسا بھی نہیں ہونا چاہیے کہ آپ میدان میں جاکر ایک دوسرے کا بلا چیک کرررہے ہوں، ایسی حرکتوں سے مخالف ٹیم آپ پر حاوی ہوجاتی ہے کیونکہ انہیں لگتا کہ آپ کی ذہنی سطح اُن سے پست ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم کو بھی یہ بات سخت ناگوار گزرتی ہے کہ ہمارے کھلاڑی گراؤنڈ میں جاکر بھارتی کرکٹرز سے ہنسی مذاق کررہے ہوتے ہیں، اُن کے بلے چیک کررہے ہوتے ہیں، کوئی بھی مخالف ٹیم ہو آپ کو اُس پر حاوی ہونا چاہیے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025ء

واضح رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین