وائرل اسٹوریز

شیر افضل مروت نے عمران ریاض خان پر سنگین الزامات عائد کردیے

میں عمران ریاض جیسے ناسور کو بے نقاب کرنا فرض سمجھتا ہوں، سابق PTI رہنما

Web Desk

شیر افضل مروت نے عمران ریاض خان پر سنگین الزامات عائد کردیے

میں عمران ریاض جیسے ناسور کو بے نقاب کرنا فرض سمجھتا ہوں، سابق PTI رہنما

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق رہنما اور ممبر اسمبلی شیر افضل مروت نے معروف صحافی و یوٹیوبر عمران ریاض پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں عمران ریاض جیسے ناسور کو بے نقاب کرنا فرض سمجھتا ہوں‘۔

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پُرزور حامی سمجھے جانے والے صحافی عمران ریاض حال ہی میں پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہوچکے ہیں، پاکستان میں انہیں متعدد بار گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اُن کا نام وقتاً فوقتاً ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل کیا جاتا رہا ہے، جس کے تحت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد ہوتی ہے۔

چند روز قبل تحریک انصاف سے نکالے گئے شیر افضل مروت نے آج عمران ریاض پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اُن سے متعلق ہوشرُبا دعوے کیے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران ریاض نے میرے بارے میں دعویٰ کیا ہے کہ میں علی امین گنڈاپور سے ٹھیکہ مانگ رہا تھا لیکن علی امین گنڈا پور نے تو خود مجھ سے کہا ہے کہ عمران ریاض خود مائنز کا ٹھیکہ مانگنے کئی بار میرے پاس آیا ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ میں خود جب بھی وزیراعلیٰ ہاؤس (خیبرپختونخوا) گیا ہوں میں نے عمران ریاض کو وہاں بیھٹے ہوئے پایا ہے، وہاں اسے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں رہائش دی گئی تھی۔

شیرافضل مروت نے دعویٰ کیا کہ عمران ریاض ہیرو بننے کے لیے خود گرفتار ہوا، اس کو ملی بھگت کے ساتھ خاندان سمیت غائب رکھا گیا تھا، اس کی زبان بھی زخمی نہیں ہوئی تھی، اگر زبان کا علاج کرایا ہے تو کہاں سے کرایا، اس کی کوئی تفصیل نہیں دی ہے۔

شیر افضل مروت نے سوال کیا کہ اس بندے (عمران ریاض خان) کے پاس تو ایک موٹرسائیکل بھی نہیں تھا، پھر اس نے اتنے اربوں روپے کہاں سے کمائے؟

انہوںن نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈاپور کے بقول عمران ریاض خان جنرل (ر) فیض حمید کا دست راس تھا، پی ٹی آئی کے دور میں ایجنسیوں کے ساتھ اس کے بہت گہرے تعلقات تھے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ خچروں کی تصویریں اس نے پہلے سے رکھی ہوئی تھیں اور بعد میں دعویٰ کیا کہ میں خچروں کے ذریعے بھاگا، حکومت اس کو نہ بھاگنے دیتی تو ایک منٹ میں اس کا پاسپورٹ بلاک ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران ریاض کو ہدف دیا جاتا ہے کہ ’فلاں‘ کو تخت مشق بنانا ہے، میں نے عمران ریاض کی جائیداد پر ویڈیو بنائی ہے پھر مجھے اس کے اور بہت سارے کارناموں کا علم ہوا ہے جو ایک 2 روز میں میڈیا کے سامنے لے آؤں گا۔

واضح رہے کہ ’پروگرام تو وڑ گیا‘ کے جملے سے مشہور شیر افضل مروت کو بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 12 فروری کو پارٹی سے نکال دیا تھا، انہیں پارٹی کے خلاف بیانات دینے پر پہلے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جا چکا تھا۔

شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے کے بعد اپنے ردعمل میں لکھا کہ مجھے حالیہ فیصلے سے بہت دکھ ہوا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان افراد کی وجہ سے نکالا گیا ہوں جنہوں نے مجھے کبھی پارٹی میں قبول ہی نہیں کیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر پارٹی نے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہیں کی تو میں اسے عزت سے قبول کروں گا لیکن کبھی رعایت نہیں مانگوں گا تاہم مشکل حالات میں متحد کھڑے رہنے والے پی ٹی آئی لیڈرز اور ورکرز سے یہ ضرور کہوں گا کہ نا انصافی کے خلاف آواز ضرور اٹھائیں۔

تازہ ترین