عالیہ بھٹ کو دنیا کی دوسری بااثر ترین اداکارہ کا اعزاز مل گیا
بھارتی اداکارہ نے ڈوین جانسن اور جینیفر لوپیز جیسے بین الاقوامی آئیکنز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بالی وڈ سپر اسٹار عالیہ بھٹ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنا سکہ منواتے ہوئے دنیا بھر میں انسٹاگرام پر سب سے زیادہ بااثر سنیما اور اداکار انفلوئنسر کی حیثیت سے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انفلوئنسر مارکیٹنگ پلیٹ فارم HypeAuditor کی ایک رپورٹ کے مطابق عالیہ نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک پاور ہاؤس کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے ڈوین جانسن اور جینیفر لوپیز جیسے بین الاقوامی آئیکنز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اپنی وسیع فین فالووئنگ کے ساتھ عالیہ اپنی مؤثر پرفارمنس، برانڈ کولیبریشنز، اور سوشل میڈیا موجودگی کے ذریعے پرستاروں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں۔
اداکارہ کا اثر رسوخ صرف فلموں کی حد تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ وہ فیشن، انسان دوستی، اور ڈیجیٹل انگیجمنٹ کے حوالے سے بھی ایک ٹرینڈ سیٹر ہیں۔
اس رپورٹ میں اداکاروں کی ڈیجیٹل انگیجمنٹ، ریچ اور انفلوئنس کا جائزہ لیا گیا جس کے مطابق پہلا نمبر انسٹاگرام پر 180 ملین فالوورز رکھنے والی 28 سالہ ہالی وڈ اداکارہ زینڈایا کا ہے۔
عالیہ اس فہرست میں سب سے اونچا مقام پانے والی بھارتی سیلیبریٹی ہیں، اداکارہ کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 86 ملین سے زائد ہے۔
فلم کی تشہیر سے لے کر برانڈز انڈورسمنٹس اور ذاتی معاملات تک، عالیہ کی سوشل میڈیا حکمت عملی ان کی اسٹار پاور کو حقیقت سے ملاتی ہے۔
صفِ اول کے برانڈز کے ساتھ اداکارہ کے کولیبریشن، عالمی کیمپینز اور مداحوں کے ساتھ مسلسل انگیجمنٹ نے اداکارہ کی اس نمایاں درجہ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ عالیہ بھٹ کو فلم 'گنگوبائی کاٹھیاواڑی'، 'آر آر آر'، اور 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' جیسی فلموں میں اپنی پرفارمنس کے سبب ناقدین کی جانب سے بھی خاصی پذیرائی ملی تھی اور وہ بھارت سے باہر بھی خاصی مقبول ہیں۔
عالیہ کا اثر رسوخ سینما کی حدود سے بھی آگے تک ہے، کیونکہ وہ سماجی مقاصد کی فعال طور پر حمایت کرتی ہیں اور اپنے برانڈ ایڈ-اے-مما کے ذریعے پائیدار فیشن کو فروغ دیتی ہیں۔
ساتھ ہی عالمی پلیٹ فارمز پر بھی بھارت کی نمائندگی کرتی نظر آتی ہیں، جس میں ان کا میٹ گالا ڈیبیو اور ہالی وڈ وینچر ہارٹ آف اسٹون قابل ذکر ہیں۔
عالیہ کی یہ کامیابی ان کے شاندار کیرئیر میں ایک اور سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے، جس نے ان کی پوزیشن ایک عالمی آئیکن کے طور پر مزید مستحکم کردی ہے۔




