’چھاوا‘ اکشے کھنہ کے کیریئر کی بہترین فلم قرار
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’چھاوا‘ نے باکس آفس پر تہلکہ مچادیا
بالی وڈ فلم انڈسٹری کے خوبرو اداکار وکی کوشل اور ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار اداکارہ رشمیکا مندانا کی موسٹ اوویٹڈ فلم ‘چھاوا ‘ نے ریلیز ہوتے ہی اداکار اکشے کھنہ کے کیریئر کو نئی زندگی بخش دی۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی وکی کوشل اسٹارر فلم چھاوا نے واقعی باکس آفس پر اپنی کھڑکی توڑ پرفارمنس سے ویک اینڈ پر غیر معمولی بزنس کرتے ہوئے باکس آفس بزنس 100 کروڑروپے کا ہندسہ عبور کردیا۔
چھاوا میں جہاں مداح وکی کوشل اور اداکارہ رشمیکا مندانا کی کیمسٹری کو پسند کر رہے ہیں وہیں اب اداکار بوبی دیول کی طرح بالی وڈ اداکار اکشے کھنہ کو بھی فلم میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت مداحوں کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔
فلم میں اداکار اکشے کھنہ فلم کے ولن مغل شہنشاہ اورنگزیب کے کردار میں نظر آرہے ہیں جہاں اپنے جاندار کردار کی بدولت اداکار کے کیریکٹر کو فلمی شائقین کی جانب سے بالی وڈ میں ان کا کمبیک قرار دیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’چھاوا‘ کی ریلیز کے بعد اکشے کھنہ ‘ٹاک آف دی ٹاؤن‘ بن گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شہنشاہ اورنگزیب کے کردار کو اکشے کھنہ کے فلمی سفر کو ایک نئی زندگی دینے کے مترادف گردانا جارہا ہے۔
اکشے کے کردار پر مداحوں کا ردعمل
فلم ’چھاوا‘ میں اپنے لیڈ رولز کی بدولت اداکارہ رشمیکا مندانا اور وکی کوشل کو ایک جانب جہاں مداحوں سے خوب پذیرائی ملی وہیں دوسری جانب فلم میں اداکار اکشے کھنہ کی اداکاری کو بھی عوام کی جانب سے یکساں طور پر سراہا گیا۔
صرف یہی نہیں بھارتی میڈیا کے مطابق ’چھاوا‘ کی ریلیز کے بعد اکشے کھنہ کی فین فالوونگ میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوا جس کا ثبوت انسٹاگرام پر ان کے فالورز کی صورت میں عیاں ہے۔
فلم دیکھنے والے مداحوں نے فلم میں وکی اور اکشے کی اداکاری کو پسند کرتے ہوئے فلم کے حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے لکھا کہ ‘چھاوا بالی وڈ کی 2025 کی پہلی کلین سپر ہٹ فلم ہونے جا رہی ہے۔ فلم کے ڈائیلاگ، سیٹ پیس، وی ایف ایکس اور ایکشن، سب شاندار ہیں خاص طور پر اکشے کھنہ بطور ولن اسکرین پر تہلکہ مچارہے ہیں‘۔
ایک اور صارف نے اپنی رائے دیتے ہوئے لکھا کہ ‘بالآخر چھاوا کی صورت میں اداکار اکشے کو ان کے ٹیلنٹ کی صحیح پہچان ملی، اداکار کی پذیرائی دیکھ کر خوشی ہورہی ہے‘۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ‘وکی کوشل فلم میں جہاں اپنے کردار سے بجلیاں گرارہے ہیں وہیں اکشے کھنہ کی اداکاری بھی آپ کو خوش کر دے گی، کیا کاسٹنگ ہے واہ‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ ڈیانا پینٹی رشمیکا مندانا، اکشے کھنہ اور وکی کوشل کی مراٹھا مہاراج چھترپتی سبھاجی مہاراج کی بائیوپک پر بننے والی فلم 'چھاوا' رواں سال 14 فروری 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوچکی ہے۔
فلم اپنی ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔




