’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا کارٹون ورژن کب ریلیز ہوگا؟
ری ریلیز کے موسم میں ’کوچی کوچی ہوتا ہے‘ کو ریلیز کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

بولی وڈ انڈسٹری کے معروف ہدایتکار کرن جوہر کے کیریئر کی پہلی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ تھی جو 1998 میں ریلیز ہوئی اور نہ صرف باکس آفس پر سُپر ہٹ ثابت ہوئی بلکہ ایک کلٹ کلاسک فلم بن گئی جو آج تک مداحوں میں بےانتہا مقبول ہے۔
فلم کی ریلیز کو 27 سال مکمل ہونے والے ہیں جس میں شاہ رخ خان نے ’راہول‘ اور کاجول نے ’انجلی‘ کا کردار نبھایا تھا، جبکہ رانی مکھرجی نے اس فلم میں ’ٹینا‘ نامی کردار ادا کیا تھا، اس فلم کا ہر ایک کردار اس قدر عمدگی سے نبھایا گیا تھا کہ 26 سال گزر جانے کے باوجود ہر ایک کردار بالی وڈ کے متوالوں کے دلوں پر آج تک راج کر رہا ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کرن جوہر نے اینی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کا اینیمیٹڈ ورژن بھی ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس کا نام تھا ’کوچی کوچی ہوتا ہے‘۔
جی ہاں، یہ بالکل سچ ہے، حتیٰ کہ اس فلم کا ٹریلر بھی دسمبر 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا جس میں اس فلم کے تمام کردار انسان نہیں بلکہ کتے تھے۔
فلم کی کہانی بالکل اپنی اوریجنل فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی طرح تھی جس میں 3 کالج اسٹوڈنٹس کی زندگی اور ایک بھولی بسری محبت کی کہانی کو خوبصورت انداز میں فلمایا گیا تھا۔
اس اینیمیٹڈ ورژن میں بھی ایک انجلی تھی جو اپنی ماں ٹینا کے انتقال کے بعد اپنے والد راہول کو انکی کالج کے زمانے کی محبوبہ سے ملانے کا فیصلہ کرتی ہے جس کا نام بھی انجلی تھا۔
صرف یہی نہیں بلکہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی اوریجنل کاسٹ میں شامل شاہ رخ خان، کاجول، رانی مکھرجی اور انوپم کھیر سمیت دیگر اداکاروں نے کارٹون ورژن ’کوچی کوچی ہوتا ہے‘ کیلئے خود وائس اوور بھی ریکارڈ کروایا تھا۔
ان کے علاوہ اداکار سنجے دت، رتیش دیش مکھ، ادے چوپڑا اور ساجد خان نے بھی اپنی آواز میں اس فلم کیلئے وائس اوور ریکارڈ کروایا، سنجے دت نے ’امان‘ کے کردار کیلئے اپنی آواز میں وائس اوور ریکارڈ کروایا تھا، اوریجنل فلم میں یہ کردار سلمان خان نے ادا کیا تھا۔
تاہم اب اس فلم کا ٹریلیر ریلیز ہوئے 14 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن ’کوچی کوچی ہوتا ہے‘ آج تک ریلیز نہ ہوسکی۔
سال 2019 میں کرن جوہر نے ممبئی میں منعقدہ ’جاگرن فلم فیسٹیول‘ کے دوران اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم نے دراصل ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ کو اینیمیٹ کرنے کی کوشش کی تھی اور ’’کوچی کوچی ہوتا ہے‘‘ تخلیق کی تھی لیکن ہم نے اسے ریلیز نہیں کیا کیونکہ انہی دنوں میں یکے بعد دیگرے ایسی کئی فلمیں ریلیز ہوئی تھیں جو چل نہ سکیں‘۔
فلم ’کوچی کوچی ہوتا ہے‘ اب کبھی ریلیز ہوگی یا نہیں، اس کا جواب صرف کرن جوہر ہی دے سکتے ہیں، تاہم آج کل بالی وڈ انڈسٹری میں یادگار فلموں کی ری ریلیز کا موسم چل رہا ہے، اس تناظر میں فلمی شائقین کا پُرزور مطالبہ سامنے آرہا ہے کہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا اینیمیٹڈ ورژن جلد از جلد ریلیز کیا جائے گا۔
فلمی شائقین کی جانب سے یادگار فلموں کی ری ریلیز کو ملنے والے رسپانس کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جب بھی ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا یہ اینیمیٹڈ ورژن ریلیز ہوگا تو سیکڑوں ہزاروں فلمی شائقین اس پر ضرور اپنی محبت نچھاور کردیں گے۔
-
کھیل 5 گھنٹے پہلے
کوہلی نے ٹی20 سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دیدیا
-
انفوٹینمنٹ 5 گھنٹے پہلے
ابھیشیک نے فلموں میں بولڈ مناظر سے گریز کرنے کیوجہ بتادی
-
فلم / ٹی وی 5 گھنٹے پہلے
سلمان خان کی آنے والی فلم 'سکندر' سے متعلق نئی اپڈیٹ جاری
-
بالی ووڈ 5 گھنٹے پہلے
بالی وڈ فلمیں اسٹار کڈز کیوجہ سے فلاپ ہونے لگیں