'چھاوا' سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی
وکی کوشل کی فلم نے اسکائی فورس کو پیچھے چھوڑ دیا۔
وکی کوشل اور رشمیکا مندانا کی نئی فلم ’چھاوا‘ کو فلم بینوں کی جانب سے شاندار ردعمل موصول ہورہا ہے۔
باکس آفس کی کلیکشن پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم ساکنلک کے مطابق لکشمن اٹیکر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم نے اپنے پہلے اتوار کو زبردست کمائی کی اور صرف اتوار کے ہی روز تقریباً 50 کروڑ روپے کمائے۔
فلم اپنی ریلیز کے صرف ابتدائی تین دنوں میں ہی 2025 کی سب سے بڑی فلم بن گئی ہے!
رپورٹ کے مطابق چھاوا نے اپنے پہلے اتوار کو 48.5 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی، ابتدائی تخمینوں کے مطابق فلم کا تین دن کی مجموعی کلیکشن 116.5 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
تھیٹرز میں ریلیز کے پہلے روز تاریخی ایکشن فلم نے 31 کروڑ روپے کمائے، جو کسی بھی ویلنٹائن ڈے فلم کے لیے سب سے زیادہ ہے۔
یوں چھاوا نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم گلی بوائے کا ریکارڈ توڑ دیا جس نے ریلیز کے پہلے دن 19.40 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
ہفتہ کے روز باکس آفس پر فلم کی کمائی میں 19.35 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 37 کروڑ روپے تک پہنچ گئی جس کے بعد فلم نے اتوار کو اور بھی بہتر نمبر درج کئے۔
تین دنوں میں 116 کروڑ روپے کی کمائی کے ساتھ 'چھاوا' اب تک سال کی سب سے سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم بن چکی ہے۔
اس کے بعد اکشے کمار اور ویر پہاڑیا کی فلم 'اسکائی فورس' ہے، جس نے تین ہفتوں سے زیادہ عرصے میں اب تک 114 کروڑ روپے کمائے ہیں جبکہ شاہد کپور کی دیوا اور کنگنا رناوت کی ایمرجنسی جیسی دیگر فلمیں باکس آفس کی دوڑ میں بہت پیچھے ہیں۔
لکشمن اٹیکر کی طرف سے ہدایت کردہ اور میڈاک فلمز کے بینر تلے دنیش کی پروڈیوس کردہ، چھاوا میں اکشے کھنہ اور ڈیانا پینٹی بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اے آر رحمان نے فلم کا میوزک اور بیک گراؤنڈ اسکور ترتیب دیا، فلم میں وکی نے چھترپتی سنبھاجی مہاراج کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ رشمیکا نے ان کی بیوی یسو بائی بھونسلے کا کردار ادا کیا ہے۔
اکشے کھنہ مغل بادشاہ اورنگزیب کا کردار ادا کر رہے ہیں، اور ڈیانا ان کی بیٹی زینت النساء بیگم کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ فلم مراٹھا چھترپتی سنبھاجی مہاراج کی بائیوپک ہے، جو شیواجی کے بیٹے اور ایک مراٹھا حکمران تھے، فلم ان کی مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کے خلاف جنگوں، بہادری اور عزم کو پیش کرتی ہے۔
فلم کو ملنے والے زبردست رسپانس کو دیکھتے ہوئے ممبئی اور پونے کے کئی سینما گھروں میں آدھی رات کے شوز کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاکہ فلم کی اسکریننگ کے اوقات میں توسیع کی جا سکے،چھوٹے شہروں میں بعض سینما گھروں نے تو صبح 6 بجے اور رات 1 بجے کے شوز بھی متعارف کرا دیے ہیں۔




