انیل کپور کی فیملی راج کپور کے گیراج میں رہنے پر مجبور کیوں؟
انیل کے والد سُریندر کپور، پرتھوی راج کپور کے کزن تھے۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ راج کپور کا خاندان بالی وڈ کا پہلا خاندان مانا جاتا ہے۔ لیکن اس فہرست میں ایک اور کپور فیملی بھی شامل ہے جس کے لوگوں نے بالی وڈ میں بڑا نام بنایا۔
جی ہاں یہاں بات ہورہی ہے اداکار انیل کپور کی فیملی کی جنکے والد سُریندر کپور، پرتھوی راج کپور کے کزن تھے۔ لیکن کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ جب یہ خاندان پہلی بار ممبئی آیا تو انہوں نے راج کپور کے گیراج میں قیام کیا تھا ؟
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انیل کپور کی فیملی جب پہلی بار ممبئی شفٹ ہوئی تو انہوں نے راج کپور کے گھر کے گیراج میں قیام کیا لیکن بعد میں وہ ممبئی میں ہی ایک درمیانے طبقے کے علاقے میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں منتقل ہو گئے۔
انیل کپور کی ابتدائی زندگی کی جدوجہد:
انیل کپور کی ابتدائی زندگی کی بات کریں تو اداکار جدوجہد اور استقامت کی بہترین مثال ہیں۔ ان کی کامیابی کی کہانی، مشکلات سے گزر کر شہرت حاصل کرنے تک، انہیں فلم انڈسٹری کا ایک محبوب اور بااثر اداکار بناتی ہے۔
انیل کپور 1956 میں فلم پروڈیوسر سریندر کپور اور نرملا کپور کے ہاں پیدا ہوئے۔ وہ چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔ ان کے والد سریندر کپور اور لیجنڈری اداکار راج کپور آپس میں کزن تھے، جو دونوں فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے کے خواہشمند تھے۔
انیل کپور نے جب ہوش سنبھالا تو ابتدائی دنوں میں انکے خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسی مشکلات کے پیش نظر وہ پہلے پرتھوی راج کپور کے گیراج میں رہائش پذیر رہے اور بعد میں ایک چال میں منتقل ہوگئے، جہاں وہ کئی سال تک مقیم رہے۔
اداکار کا اس مشکل ترین دور کو یاد کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ،‘چھوٹی بستیوں اور تنگ گلیوں میں گزارا ہوا وقت ان کے دل کے بے حد قریب ہے۔
انیل کپور کا کیریئر:
بات کریں اداکار کے فلمی کیرئیر کی تو انہوں نے سال 1976 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہمارے تمہارے’ میں ایک مختصر کردار سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ،لیکن 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’وہ سات دن’ میں مرکزی کردار نے انہیں شہرت کے ساتھویں آسمان پر پہنچا دیا۔
بس پھر کیا تھا وقت کے ساتھ ساتھ انیل کپور نے اپنی ورسٹائل اداکاری کی بدولت فلمی دنیا میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔ انہوں نے ’بیٹا، مسٹر انڈیا، چمیلی کی شادی، کرما، تیزاب، ایشور، رام لکھن، لاڈلا اور نائیک جیسی مشہور فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
حال ہی میں انیل کپور نے سلمان خان کے ساتھ ’ریس 3’ اور دیپیکا پڈوکون اور ہریتیک روشن کے ساتھ ’فائٹر’ سمیت کئی بڑی فلموں میں بھی اداکاری کے جاہر دکھائے۔
انیل کپور کی لگژری زندگی:
انیل کپور اب ایک شاندار طرز زندگی گزار رہے ہیں جو ان کے کامیاب کیریئر کا ثبوت ہے۔ وہ اب ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں ایک عالیشان بنگلے کے مالک ہیں، جس میں جدید سہولیات اور شاندار نظارے موجود ہیں۔
ان کے لگژری کار کلیکشن میں مرسڈیز، بی ایم ڈبلیو اور آوڈی جیسی مشہور برانڈز شامل ہیں۔ اداکاری کے علاوہ، انیل کپور نے مختلف کاروباری منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جس کے باعث آج ان کی مجموعی دولت تقریباً 134 کروڑ روپے ہے۔


