’چھاوا‘ کا جنون، مداح گھوڑے پر سوار ہوکر سینما ہال پہنچ گیا
شاہی لباس میں ملبوس مداح کو دیکھ کر تھیٹر میں موجود شائقین نے نعرے بلند کردیے
تصور کیجیے سینما ہال کی مدھم روشنیوں میں اسکرین پر ایک تاریخی فلم کا سنسنی خیز منظر جاری ہے اور اس دوران اچانک باہر سے ڈھول کی تھاپ سنائی دینے لگتی ہے۔
اچانک دروازہ کھلتا ہے اور ایک نوجوان روایتی شاہی لباس میں گھوڑے پر سوار، پورے جوش و جذبے کے ساتھ سینما ہال میں داخل ہوتا ہے۔
یہ کوئی فلمی منظر نہیں بلکہ حقیقت ہے، بھارتی شہر ناگپور میں ایک نوجوان وکی کوشل سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کرنے کیلئےخود کو چھترپتی سمبھاجی مہاراج کے کردار میں ڈھال کرگھوڑے پر سوال ہوکر تھیٹر میں آگیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی نوجوان سینما ہال میں داخل ہوا تھیٹر میں ‘جئے بھوانی، جئے شیو رائے‘ کے نعرے گونجنے لگے جس کے ساتھ فلمی شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی مداحوں میں مقبول ہوگئی جس کے حوالے سے کمنٹ سیکشن مین اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین وکی کوشل کے پرستاروں کی جانب ان سے کیے جانے والے اظہار محبت کے نرالے انداز کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ‘چھاوا‘ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی بہادری اور قربانیوں کی لازوال داستان پر مبنی ہے، یہ فلم محض ایک کہانی نہیں بلکہ جذبات کی ایک ایسی طاقتور لہر ہے جو دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی اور رشمیکا کی فلم ’چھاوا‘ نے اپنی ریلیز کےصرف چار دنوں میں 140 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔
رپورٹس کےمطابق فلم کے آخری 45 منٹ حیرت انگیز ہیں جس کے ساتھ فلم کا کلائمکس شائقین کو جذباتی کر رہا ہے۔
فلم ’چھاوا‘ کے بارے میں
بات کی جائے فلم 'چھاوا' کے ٹریلر کی تو فلم میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی کے سفر کی ایک جھلک دیکھنے کو ملتی ہے جب انہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے انتقال کے بعد شاہی تخت سنبھالا تھا۔
فلم کے ٹریلر کو دیکھا جائے تو چھترپتی سبھاجی مہاراج کے کردار میں وکی کوشل شیر کی طرح نظر آرہے ہیں جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ فلم وکی کوشل کے کیریئر کی بہترین فلم ثابت ہوگی۔
فلم میں وکی رشمیکا مندنا وکی کوشل کی اہلیہ جبکہ اداکار اکشے کھنہ فلم کے ولن مغل شہنشاہ اورنگزیب کے کردار میں نظر آرہے ہیں ۔
ٹریلر کے بیک گراؤنڈ میں دل موہ لینے والی میوزک کمپوزیشنز کو بھی سنا جاسکتا ہے جنہیں مایہ ناز میوزیک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے ترتیب دیا ہے۔



