آرمی چیف، مریم نواز پر ذومعنی تبصرے، معید پیرزادہ کی کھچائی
سوشل میڈیا صارفین نے اینکر پرسن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستان تحریک انصاف کے لیے ہمدردی رکھنے والے اینکر معید پیرزادہ کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصاویر پر نامناسب اور ذو معنی تبصرے کیے گئے جس پر انہیں خاصی تنقید کا بھی سامنا ہے۔
معید پیرزادہ اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں مریم نواز اور آرمی چیف کی گرین پاکستان منصوبے کے تحت پروجیکٹس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تصاویر دکھا کر ان پر نامناسب تبصرے کیے۔
اینکر پرسن کی یوٹیوب ویڈیو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائل ہورہا ہے جس میں انہیں یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ 'وزیراعلیٰ پنجاب کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ان کی آرمی چیف کے ساتھ جو تصاویر جاری کی گئی ہیں ان میں مریم نواز اس طرح شرما رہی ہیں جیسے لڑکیاں اپنا رشتہ آنے پر شرماتی ہیں، گویا خوشگوار دھڑکنیں محسوس ہوتی ہیں'۔
معید پیرزادہ نے دعویٰ کیا کہ 'ان تصاویر پر سوشل میڈیا پر سوال اٹھائے جارہے ہیں اور ایک بحث نے جنم لیا ہے کہ کیا یہ تصاویر مریم نواز کی ٹیم نے غلطی سے جاری کی ہیں یا ان کے پیچھے مقصد کوئی پیغام دینا ہے'۔
اینکر کا مزید کہا کہ ' کیا ان تصاویر سے یہ پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہیں کہ آرمی چیف اور مریم نواز کے درمیان اسپیشل قسم کا ریلیشن شپ موجود ہے'۔
معید پیرزادہ نے مزید کہا کہ مریم نواز تو خاصی غیر ذمہ دار ہیں لیکن میں آئی ایس پی آر سے گزارش کروں گا کہ آپ کو ان تصاویر کا جائزہ لینا چاہیے کہ مریم نواز کی ٹیم کس قسم کا تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردِ عمل
اینکر کے اس متنازع بیان پر مسلم لیگ (ن) یا پاک فوج کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا البتہ سوشل میڈیا صارفین نے معید پیرزادہ کو خاصی تنقید کا نشانہ بنایا۔
معروف صحافی مبشر زیدی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں معید پیرزادہ کی جعلسازی کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'جو اپنے مرے ہوئے باپ کا انگوٹھا جائیداد کے کاغذات پر لگائے اس سے ایسی گھٹیا بات کی ہی توقع کی جا سکتی ہے'۔
ان کے علاوہ معروف ایکٹیوسٹ ماروی سرمد نے اپنے تنقیدی تبصرے میں کہا کہ 'معید پیرزادہ صاحب، آپ کا ولاگ کبھی نہیں دیکھا، یہ کلپ دیکھ کر تو لگتا ہے اچھا ہی کیا جو نہیں دیکھا'۔
ماوری کا مزید کہنا تھا کہ 'مریم نواز شریف کی تصویریں ہم نے بھی دیکھیں، کہیں سے شرمائی ہوئی نظر نہیں آئیں۔ ایک باوقار خاتون سیاستدان ایک سرکاری تقریب میں مسکراتی ہوئی ضرور نظر آئیں لیکن آپ کی کمنٹری سن کر تو لگتا ہے جیسے زمانے بھر کی غلاظت دیکھنے والے کی آنکھ میں اتر آئی ہو'۔
ادکارہ و ماڈل عفت عمر نے بھی اپنے برہمی کا اظہار اپنے پوسٹ میں سخت الفاظ استعمال کر کے دیا اور کہا کہ 'آپ پر لعنت ہو وہ آپ جیسے کیڑے سے 100 گنا بہتر انسان ہیں، جیتی رہیں مریم نواز، ہمیں آپ پر فخر ہے'۔
عمارہ احمد نامی صارف نے لکھا کہ 'معید پیرزادہ نے کولمبیا یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور وہان کے پاس کہنے کے لیے یہ ہے، مریم نواز کے خلاف انتہائی متعصبانہ بیان'،
ان کے علاوہ بھی سوشل میڈیا صارفین نے معید پیرزادہ کو مریم نواز کے خلاف ان ریمارکس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے تبصروں اور ذہنیت کو گھٹیا قرار دیا۔


