ویڈیو : نشو بیگم کا سلطان راہی کے بیٹے کے ساتھ ڈانس
فلم ‘رنگیلا‘ کے ایک معروف گانے پر ڈانس کیا
سینئر اداکارہ نشو بیگم کی مرحوم اداکار سلطان راہی کے صاحبزادے حیدر سلطان کے ہمراہ ڈانس کر نے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
یہ ویڈیو تقریباً ایک سال پرانی ہے، لیکن اب سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ویڈیو کا تعلق لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے ہے، جو نشو بیگم کے فلمی کیریئر کے اعزاز میں رکھی گئی تھی۔
اس تقریب میں نشو بیگم نے اپنی 1970 کی دہائی کی کامیاب فلم ‘رنگیلا‘ کے ایک معروف گانے پر ڈانس کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زائد العمری کے باوجود نشو بیگم نے پورے جوش و خروش کے ساتھ سلطان راہی کے بیٹے حیدر سلطان کے ہمراہ ‘وے سب توں سوہنیا‘ گانے پر رقص کیا۔ یہ وہی گانا ہے جو فلم ‘رنگیلا‘ میں ان پر فلمایا گیا تھا اور جسے آج بھی شوق سے سنا جاتا ہے۔
نشو بیگم نے تقریب میں اپنی پرفارمنس سے خوب داد سمیٹی، کیونکہ انہوں نے 54 سال بعد دوبارہ اسی گانے پر رقص کیا، جو کبھی ان کی پہچان بنا تھا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ان کی صلاحیتوں اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ فلم ‘رنگیلا‘ میں نشو بیگم نے مرکزی ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ رنگیلا نے اس فلم میں ہیرو کا کردار نبھایا تھا۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں منور ظریف، صائقہ اور سلمیٰ ممتاز جیسے معروف فنکار شامل تھے۔
فلم کو اس کی بہترین کہانی اور یادگار گانوں کی وجہ سے خاصی مقبولیت ملی تھی، اور آج بھی اس کے گانے لوگوں میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔
نشو بیگم نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں حیدر سلطان کے ساتھ پرفارم کرتے ہوئے تقریب کو یادگار بنا دیا اور ان کی پرفارمنس نے نہ صرف محفل لوٹی بلکہ ان کے مداحوں کو بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا۔
نشو بیگم چوتھی شادی کب کرنے والی ہیں؟
ماضی کی مقبول فلمی اداکارہ نشو بیگم نے واضح کیا کہ انہوں نے تین شادیاں کیں، جس میں سے ایک شادی طلاق پر ختم ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ میرے دو شوہر کا انتقال ہوا ، جب کہ وہ موقع ملنے پر چوتھی شادی بھی کر سکتی ہیں۔
نشو بیگم نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے پہلی بار کھل کر اپنی شادیوں پر بات کی اور واضح کیا کہ ان کی شادیوں، تعلقات، کیریئر اور عمر سے متعلق وضاحت کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور محض 14 برس کی عمر میں فلمی ہیروئن بنیں۔
انہوں نے اپنی عمر سے متعلق پھیلائی جانے والی باتوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے متعلق ایسے دعوے کیے جاتے ہیں کہ جیسے وہ 102 سال کی ہوں۔
تین شادیاں کیوں کیں اور ان میں کیا خاص بات تھی؟ کے جواب میں نشو بیگم نے دلیل دی کہ خوبصورت لڑکیوں کی شادیاں جلد ہوجاتی ہیں اور وہ بھی خوبصورت تھیں، اس لیے ان کی شادی جلد ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی تینوں شادیاں پسند کی تھیں، جس میں سے ان کی امام ربانی سے پہلی شادی محض ایک سال بھی نہ چل سکی۔
نشو بیگم کا کہنا تھا کہ اعتبار ٹوٹنے اور دھوکہ ملنے کی وجہ سے ان کی پہلی شادی 11 ماہ میں ہی ختم ہوئی، جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی شاعر تسلیم فاضلی سے کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر شاعر تھے اور بھارتی شاعر ندا فاضلی ان کے شوہر کے بڑے بھائی تھے لیکن ان کے شوہر محض 32 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
ان کے مطابق ان کی دوسری شادی 6 سال چلی اور وہ بیوہ ہوگئیں جب کہ پہلی شادی ایک سال بھی نہ چل سکی، تاہم ان کی تیسری شادی لمبا عرصہ چلی۔
نشو بیگم کا کہنا تھا کہ انہوں نے تیسری شادی فلم ساز کاظم پاشا سے کی جو کہ ان کے شوہر کے مرنے تک چلی، ان کے تیسرے شوہر بھی عارضہ قلب کے باعث چل بسے۔
اسی پروگرام میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اب بھی شادی کی پیش کش ہوتی رہتی ہے، بہت سارے لوگ ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موقع ملنے پر وہ چوتھی شادی بھی کر سکتی ہیں، کیوں کہ شادی کے لیے صرف حسن، خوبصورتی اور جوانی درکار نہیں ہوتی، دوسری چیزیں بھی ضروری ہوتی ہیں۔



