اسکینڈلز

کیا حنا خان نے کینسر پر جھوٹ بولا؟ روزلین نے رپورٹ شیئر کردی

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ذرائع سے حنا خان کی میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے۔

Web Desk

کیا حنا خان نے کینسر پر جھوٹ بولا؟ روزلین نے رپورٹ شیئر کردی

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ذرائع سے حنا خان کی میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے۔

روزلین کے مطابق حنا کینسر کو پبلسٹی کے لیے استعمال کررہی ہیں۔
روزلین کے مطابق حنا کینسر کو پبلسٹی کے لیے استعمال کررہی ہیں۔

بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ روزلین خان نے اس وقت سرخیوں میں اپنی جگہ بنائی جب انہوں نے حنا خان پر کینسر کی جھوٹی تشخیص کا الزام لگایا۔

خیال رہے کہ حنا خان ان دنوں اسٹیج تھری بریسٹ کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں، جو اپنی بیماری اور علاج کے سفر کو گاہے گاہے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔

کینسر میں مبتلا ہونے کے باوجود کام جاری رکھنے اور بہت ہمت کے ساتھ زندگی کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کیے رکھنے پر مداح اداکارہ کے حوصلے اور عزم کو خوب سراہتے ہیں۔

تاہم حنا خان کی ہم عصر ٹیلی وژن اداکارہ روزلین خان (جو اسٹیج 4 کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد صحتیاب ہوئی ہیں) نے حنا خان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے کینسر کی بحالی کے بارے میں مبالغہ آرائی کرکے محض مرکزِ نگاہ بننے کیلئے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔

روزلین خان نے دلیل دی کہ کینسر کے اسٹیج 3 کا مریض اسکوبا ڈائیونگ جیسی سخت سرگرمیاں نہیں کر سکتا اور ان کا خیال ہے کہ حنا کینسر کے خلاف اپنی جنگ کو پبلسٹی اسٹنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے حنا کو اپنے کینسر کے علاج کی تفصیلات کے بارے میں جرات دکھانے کا چیلنج بھی دیا تھا، ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹر مندار ناڈکرنی کو بھی چیلنج کیا  جو دونوں کے معالج ہیں، کہ وہ صورتحال کو واضح کریں۔

حنا نے روزلین کے مذکورہ بالا دعووں پر ابھی تک بھی کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔

تاہم اب روزلین نے سوشل میڈیا پر حنا خان کی پی ای ٹی اسکین رپورٹس شیئر کی ہیں، اور یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے اداکارہ پر کینسر کی رپورٹس کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

 اداکارہ  نے کہا کہ انہیں حنا کی پی ای ٹی اسکین کی رپورٹس ایک قابل اعتماد ذریعہ سے ملی ہیں۔

حنا خان کا یہ مبینہ میڈیکل ریکارڈ اس بات کی تصدیق کرتا نظر آرہا ہے کہ انہیں اسٹیج 3 کا نہیں بلکہ اسٹیج 2 کا بریسٹ کینسر ہے۔

 رپورٹ شیئر کرتے ہوئے روزلین نے لکھا کہ 'میڈیکل مِس انفارمیشن الرٹ! برائے مہربانی اس رپورٹ کو پڑھیں، میرے پاس دیگر سپورٹنگ کاغذات بھی ہیں جو مجھے ذرائع نے اسپتال کی آفیشل اسٹیمپ کے ساتھ فراہم کیے ہیں۔۔۔ اب یہ سمجھنے کا وقت ہے کہ مشہور شخصیات کسی بھی چیز کا استعمال کر سکتی ہیں'۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ 'مجھے یہ کہتے ہوئے بہت افسوس ہوتا ہے کہ اسٹیج 3 کا کینسر زیادہ توجہ مبذول کروانے کے لیے ایک مبالغہ آمیز بیان تھا، یہ ٹھیک ہوتا اگر وہ کہتیں کہ یہ اسٹیج 2 کا کینسر ہے۔۔۔ ہمارے نزدیک کینسر کینسر ہے!

'پر تب بہادری کیسے دکھتی ?? میں ٹھیک کہتی تھی کہ جلد پتا لگنے سے جلد صحت یابی ہوتی ہے اور کوئی بھی جلد ہی کام پر واپس جا سکتا ہے'۔

روزلین نے لکھا کہ 'ہم سب نے یہ حنا خان کے کیس میں دیکھا، ان کی تیزی سے صحت یابی کی وجہ سے یہ آسان علاج تھا۔۔۔ کینسر کے مریض/لواحقین کی جانب سے غلط معلومات ان لوگوں کے لیے حقیقی توہین آمیز ہیں جو درحقیقت اسٹیج 3 ٹرپل نیگیٹو میں مبتلا ہیں'!

انہوں نے حنا خان کا مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'کم از کم اب تو سامنے سے آکر عوام سے معافی مانگ لو'۔

ان چونکا دینے والے انکشافات نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ 

جہاں روزلین کو کچھ فالوورز کی حمایت حاصل ہوئی ہے، وہیں حنا کے مداحوں نے اس حرکت پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ساتھ ہی روزلن نے اپنے ٹیومر کے بارے میں مزید تفصیلات بھی شیئر کیں اور بتایا کہ ان کے ٹیومر کا سائز 2-5 سینٹی میٹر کے درمیان تھا، جس میں حنا کے ٹیومر کی پیمائش 2.8 × 2.4 سینٹی میٹر تھی، حنا کے معاملے میں دو نوڈس متاثر ہوئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کینسر پھیلنا شروع نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل، انکیتا لوکھنڈے نے حنا کی مکمل حمایت میں سامنے آ کر روزلین پر ایک ایسی خاتون کے خلاف ایسے الزامات لگانے پر تنقید کی تھی جو اتنی بہادری سے لڑ رہی ہے۔

 انکیتا نے کینسر کے ساتھ حنا کی جنگ پر سوال اٹھانے پر روزلین کو 'سستا' کہا تھا، جس کے جواب میں روزلین نے انکیتا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا اور انہیں حنا کی رپورٹس کو ثابت کرنے کا چیلنج بھی دیا۔