انفوٹینمنٹ

کپور خاندان کا سب سے امیر ترین اداکار کون؟

کپور خاندان کو فلم انڈسٹری پر راج کرتے ہوئے ایک صدی ہونے کو آئی ہے

Web Desk

کپور خاندان کا سب سے امیر ترین اداکار کون؟

کپور خاندان کو فلم انڈسٹری پر راج کرتے ہوئے ایک صدی ہونے کو آئی ہے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

کپور خاندان کو طویل عرصے سے بھارتی سنیما کا پہلا خاندان سمجھا جاتا ہے۔ تقریباً ایک صدی سے اس خاندان کے افراد نے بالی ووڈ پر راج کیا ہے، کئی بلاک بسٹر فلمیں اور تنقیدی طور پر سراہا جانے والے شاہکار پیش کیے ہیں۔

اِن کامیابیوں نے انہیں نہ صرف شوبز میں سب سے کامیاب بلکہ سب سے امیر شخصیات میں بھی شامل کر دیا ہے، ان میں سب سے امیر شخصیت کی دولت حیران کن طور پر 550 کروڑ روپے ہے۔

عالیہ بھٹ: سب سے امیر کپور

عالیہ بھٹ، جو رنبیر کپور سے شادی کے بعد کپور خاندان کا حصہ بنیں، اب بالی ووڈ کی سب سے امیر کپور بن چکی ہیں۔ 

حال ہی میں، کپل شرما کے شو میں عالیہ نے مزاحیہ انداز میں خود کو ’عالیہ بھٹ کپور‘ کہہ کر متعارف کرایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان کی کُل دولت کا تخمینہ 550 کروڑ روپے ہے، جس نے انہیں نہ صرف بھارت کی سب سے امیر اداکاراؤں میں شامل کیا بلکہ اپنے کئی ساتھیوں اور سینئرز سے بھی آگے کر دیا۔

ان کی نند کرینہ کپور کا دوسرا نمبر ہے، جن کی دولت تقریباً 500 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، جبکہ عالیہ کے شوہر رنبیر کپور کی دولت تقریباً 345 کروڑ روپے ہے۔

عالیہ بھٹ کی کامیابی اور کاروبار

عالیہ بھٹ اپنی نسل کی سب سے کامیاب اور مقبول اداکاراؤں میں شامل ہیں، رپورٹس کے مطابق، وہ ایک فلم کے لیے 15 کروڑ روپے تک اور کسی برانڈ کی تشہیر کے لیے 9 کروڑ روپے تک چارج کرتی ہیں۔ 

فلموں میں مسلسل کامیابی اور متعدد برانڈز کے ساتھ وابستگی نے ان کی دولت میں نمایاں اضافہ کیا ہے، تاہم ان کی دولت میں سب سے بڑا حصہ ان کے کاروباری اقدامات کی وجہ سے بڑھا ہے۔

عالیہ بھٹ کے پاس بچوں کے لباس کا برانڈ ہے، 2023 میں، جب ریلائنس ریٹیل وینچرز نے اس برانڈ میں 51 فیصد حصہ خریدا، تو اس وقت برانڈ کی مالیت 150 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق برانڈ کی موجودہ مالیت 300 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، اگرچہ اس حوالے سے حتمی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔

عالیہ بھٹ کی آنے والی فلمیں

عالیہ بھٹ جلد ہی وائی آر ایف اسپائی یونیورس کی پہلی خاتون جاسوس تھرلر فلم ’الفا‘ میں نظر آئیں گی، جس میں ان کے ساتھ شرواری بھی کام کر رہی ہیں۔

یہ فلم رواں سال ریلیز ہوگی، اس کے علاوہ عالیہ کے پاس سنجے لیلا بھنسالی کی’لو اینڈ وار‘ بھی ہے، جو ایک پیریڈ ڈرامہ ہے اور اس میں رنبیر کپور اور وکی کوشل مرکزی کردار ادا کریں گے۔