اسکینڈلز

گووندا اور سنیتا آہوجا کی 37 سالہ شادی طلاق کے دہانے پر

جوڑے کی طلاق کے معاملات آخری مرحلے میں ہونے کی افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

Web Desk

گووندا اور سنیتا آہوجا کی 37 سالہ شادی طلاق کے دہانے پر

جوڑے کی طلاق کے معاملات آخری مرحلے میں ہونے کی افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

سنیتا آہوجا متعدد انٹرویوز میں اپنی شادی کے بارے می٘ں کھل کر بیانات دے چکی ہیں۔
سنیتا آہوجا متعدد انٹرویوز میں اپنی شادی کے بارے می٘ں کھل کر بیانات دے چکی ہیں۔

بالی وڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان شادی کے 37 برس بعد طلاق کی افواہیں زیر گردش کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنیتا اورگووندا کا رشتہ خاتمے کے قریب ہے اور دونوں کے درمیان طلاق کے معاملات آخری مرحلے میں ہیں۔

ایسے میں یہ افواہیں بھی چل رہی ہیں کہ گووندا کے ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات نے ان کی علیحدگی میں کردار ادا کیا ہے۔

تاہم دونوں کی جانب سے اب تک باضابطہ طور پر طلاق کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا مارچ 1987 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے لیکن 4 سال تک انہوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا، جوڑے کے دو بچے ہیں جس میں بیٹی نرمدا اور یش وردھن شامل ہیں۔

الگ الگ رہائش

کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں سنیتا نے انکشاف کیا  تھا کہ دونوں میاں بیوی الگ الگ رہتے ہیں، سنیتا اپنے بچوں کے ساتھ ایک اپارٹمنٹ میں رہتی ہیں، جبکہ گووندا سڑک کے پار ایک بنگلے میں رہتے ہیں۔

سنیتا نے الگ رہنے کی وجہ گووندا کی رات دیر گئے ملاقاتوں اور گیدرنگز کو قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ چونکہ گووندا کو ملنا ملانا پسند ہے اس لیے وہ لوگوں کو اکٹھا کرتے ہیں۔

اپنے تعلقات کے بارے میں سنیتا نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ پہلے وہ اپنی شادی میں خود کو محفوظ محسوس کرتی تھی لیکن اب انہیں اس یقین اور سکون کا احساس میسر نہیں ہے۔

سنیتا کو غیر محفوظ ہونے کا احساس

سنیتا کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی شادی میں پہلے بہت محفوظ تھی، اب میں نہیں ہوں'، اور بتایا کہ گووندا کے کیریئر کے عروج کے دوران افیئر کی افواہوں سے پریشان نہیں ہوتی تھی لیکن اب جب کہ وہ 60 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں، وہ زیادہ فکر مند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب وہ کم عمر تھے تو وہ اتنا کام کرتے تھے کہ ان کے پاس ان معاملات کے لیے وقت نہیں تھا لیکن اب میں ڈر گئی ہوں، بے کار بیٹھے ہیں کچھ کر نہ ڈالیں'۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گووندا حقیقی زندگی میں رومانٹک نہیں ہیں، ساتھ ہی طنزیا انداز میں کہا تھا کہ 'آپ کو کبھی معلوم نہیں ہوتا کہ لوگ آپ کی پیٹھ کے پیچھے کیا کرتے ہیں، کبھی کسی آدمی پر بھروسہ نہ کریں، ہماری شادی کو 37 سال ہو گئے ہیں، وہ کہاں جائے گا؟'

سنیتا کے مطابق 'میں نے گووندا کو کہاکہ میرے اگلے جنم میں انہیں میرا شوہر نہیں ہونا چاہیے، وہ چھٹیاں منانے نہیں جاتے جبکہ میں ایک ایسی شخصیت ہوں جو اپنے شوہر کے ساتھ باہر جانا چاہتی ہوں اور سڑکوں پر پانی پوری کھانا چاہتی ہوں۔'

دونوں کے رشتے میں تلخیاں

ایک اور انٹرویو میں سنیتا نے یہ بھی کہا تھا کہ 'مجھے اب بھی ایسا نہیں لگتا کہ ہم میاں بیوی ہیں،میں اسے اب بھی ’’ابے‘‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہوں اور وہ بھی مجھے اسی طرح مخاطب کرتا ہے، اس طرح ہم ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں۔ گالی گلوچ ہماری گفتگو کا حصہ ہے.۔۔۔میں کبھی کبھی اس سے پوچھتی ہوں کیا تم میرے شوہر ہو؟ مجھے اب بھی یقین نہیں آتا کہ تم میرے شوہر ہو'۔

1990 میں  اسٹارڈسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں گووندا نے بتایا کہ انہوں نے سنیتا کے ساتھ اپنی منگنی توڑ دی تھی کیونکہ وہ نیلم سے شادی کرنا چاہتے تھے اور اگر سنیتا نے پانچ دن کے بعد مجھے فون نہ کیا ہوتا  تو شاید میں نیلم سے شادی کرچکا ہوتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں گووندا نے غلطی سے خود کو گولی مار لی تھی، جس پر ان کے اہلِ خانہ اور مداح تشویش کا شکار ہوگئے تھے، تاہم خوش قسمتی سے وہ اس واقعے سے صحت یاب ہو گئے ہیں اور دسمبر میں انہوں نے اپنی 61ویں سالگرہ منائی۔