گووندا کے اہلیہ سے اختلافات، مینیجر نے اندر کی کہانی بتادی
مینیجر نے یہ بھی بتایا کہ گووندا اپنی شادی کو دوسرا موقع دینا چاہتے ہیں۔
بالی وڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی شادی کے 37 سال بعد طلاق کی خبروں نے ان کے مداحوں کو چونکا کر رکھ دیا۔
سوشل اور مین اسڑیم میڈیا میں ایسی قیاس آرائیاں اور غیر مصدقہ اطلاعات زیر گردش ہیں کہ وہ باضابطہ طور پر الگ ہونے جا رہے ہیں۔
دونوں کی جانب سے طلاق کی ان رپورٹس پر خاموشی اختیار کی گئی ہے تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے کہ گووندا کے مینیجر نے ان کے درمیان مسائل ہونے کی خبروں کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے گووندا کے مینیجر ششی سنہا نے شیئر کیا کہ اداکار اور سنیتا کو کچھ مسائل کا سامنا رہا ہے اور اس کی وجہ بھی بتائی۔
انہوں نے کہا کہ 'خاندان کے بعض افراد کی طرف سے کچھ بیانات کی وجہ سے جوڑے کے درمیان مسائل پیدا ہو گئے ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے اور گووندا ایک فلم شروع کرنے کے مراحلے میں ہیں جس کے لیے دیگر فنکار ہمارے دفتر کا دورہ کر رہے ہیں، ہم اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں'۔
اسی رپورٹ میں ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ سنیتا نے چند ماہ قبل گووندا کو علیحدگی کا نوٹس بھیجا تھا، تاہم اس کے بعد سے اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
ایسے میں یہ افواہیں بھی چل رہی ہیں کہ گووندا کے ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات نے ان کی علیحدگی میں کردار ادا کیا ہے۔
اس ضمن میں تصدیق کے لیے جب انٹرٹینمنٹ نیوز پورٹل نے گووندا سے رابطہ کیا تو اداکار نے اس بارے میں بات کرنے سے گریز کیا اور صرف اتنا کہا کہ وہ اپنی نئی فلمیں شروع کرنے کے مراحل میں ہیں'۔
دوسری جانب ایک اور میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گووندا اپنی شادی کو دوسرا موقع دینا چاہتے ہیں، تاہم سنیتا ایسا نہیں چاہتیں۔
اگرچہ طلاق کی افواہیں اور قیاس آرائیاں بھرپور طریقے سے زیر گردش ہیں لیکن خاندان نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، یہاں تک کہ بچوں ٹینا آہوجا اور یشوردھن آہوجا نے بھی رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا مارچ 1987 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے لیکن 4 سال تک انہوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا، جوڑے کے دو بچے ہیں جس میں بیٹی نرمدا اور یش وردھن شامل ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں سنیتا نے انکشاف کیا تھا کہ دونوں میاں بیوی الگ الگ رہتے ہیں، سنیتا اپنے بچوں کے ساتھ ایک اپارٹمنٹ میں رہتی ہیں، جبکہ گووندا سڑک کے پار ایک بنگلے میں رہتے ہیں جس کی وجہ ان کی بہت زیادہ میل ملاقاتیں ہیں۔
اپنے تعلقات کے بارے میں سنیتا نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ پہلے وہ اپنی شادی میں خود کو محفوظ محسوس کرتی تھی لیکن اب انہیں اس یقین اور سکون کا احساس میسر نہیں ہے۔




