جان ابراہم 52 سال کی عمر میں بھی اتنے فٹ کیسے؟
مجھے اپنی صحت کا خیال رکھنا پسند ہے، اداکار
پنی بہترین فزیک کی وجہ سے پہچان رکھنے والے بالی ووڈ انڈسٹری کے مشہور اداکار جان ابراہم نے اپنی گُڈ لک اور فٹنس کا راز فاش کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 52 سالہ جان ابراہم نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ‘خود کی دیکھ بھال میرا مذہب ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘میرا جسم ایک مندر کی مانند ہے، اور اس کی حفاظت اور دیکھ بھال بے حد ضروری ہے، مجھے اپنی صحت کا خیال رکھنا پسند ہے۔‘
جان ابراہم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے گزشتہ 35 سالوں میں کبھی جم جانے میں ناغہ نہیں کیا اور باقاعدگی سے ورزش کی۔
یاد رہے کہ جان ابراہم کا شمار بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے سب سے فٹ اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے جم ویڈیوز مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔
جان ابراہم کی فلم ’ دی ڈپلومیٹ ‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا
بالی وڈ کے خوبرو اداکار جان ابراہم ہر کردار میں خود کو ڈھالنے کے لیے مانے جاتے ہیں، اگرچہ انہیں اسکرین پر رومانس کرتے ہوئے بہت کم دیکھا گیا ہے لیکن ایکشن اور سنسنی سے بھرپور فلموں میں انہوں نے اداکاری کے جوہر خوب دکھائے ہیں۔
جان ابراہم نے اپنے کیرئیر کی شروعات میں ’دھوم‘ جیسی بلاک بسٹر مووی میں منفی کردار ادا کرکے بہت بڑا رسک لیا لیکن اس کردار نے انہیں فلم کے ہیرو ابھیشیک بچن پر ہی سبقت دلا دی ، وہ ’پٹھان‘ فلم میں بھی ایک عرصے بعد منفی کردار میں نظر آئے اور انہیں یہاں بھی کافی پذیرائی ملی۔
جان ابراہم کئی ایسی فلموں میں کام کرچکے ہیں جو حقیقی زندگی کے حقائق پر مبنی فلمیں کہی جاتی ہیں، ان میں ’مدراس کیفے‘، ’رومیو اکبروالٹر‘ شامل ہیں۔
جان ابراہم نے ایک بار پھر سے ایک حقیقی واقعے پر مبنی فلم ’دی ڈپلومیٹ‘ میں کام کیا ہے ، جس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔
ٹریلر سفارت کاری اور مذاکرات کی طاقت پر مبنی ایک سنسنی خیز سیاسی تھرلر کی جھلک پیش کرتا ہے، اس فلم میں جان ابراہم کے ساتھ سعدیہ خطیب، شارب ہاشمی، رویتی اور کمود مشرا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ فلم 2017 میں آنجہانی سشما سوراج کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایک بھارتی خاتون، جسے ’بھارت کی بیٹی‘ کہا جاتا ہے، اس کو وطن واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
فلم کے ٹریلر کو سشما سوراج کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا،’دی ڈپلومیٹ‘ میں جان ابراہم جے پی سنگھ کے کردار میں نظر آئیں گے، جو ایک حقیقی بھارتی سفارت کار تھے اور ایک انتہائی نازک مشن پر ’بھارت کی بیٹی‘ کو قید سے آزاد کرانے کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم میں سنسنی خیز کہانی، اسٹریٹیجک چالوں اور سیاسی دباؤ کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے درمیان نازک توازن کو اجاگر کیا گیا ہے۔
جان ابراہم نے فلم اور اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری ایک ایسا میدان جنگ ہے جہاں الفاظ ہتھیاروں سے زیادہ طاقتور ہوتے ہیں، جے پی سنگھ کا کردار ادا کرنا میرے لیے ایک موقع تھا کہ میں ایک ایسی دنیا کو دریافت کروں جہاں طاقت ذہانت، استقامت شامل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عظمیٰ کی کہانی بھارت کی ہمت اور حوصلے کی علامت ہے اور میں اس متاثر کن سفر کو پردے پر لانے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔
جان ابراہم کے الفاظ فلم کے اس پہلو کو نمایاں کرتے ہیں جہاں پس پردہ رہ کر لڑی جانے والی جنگوں میں حکمت عملی اور مذاکرات بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر بھوشن کمار نے فلم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹی سیریز میں ہم ایسی کہانیوں پر یقین رکھتے ہیں جو واقعی معنی خیز ہوں، جو لوگوں کو متاثر کریں اور ’دی ڈپلومیٹ‘ ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح حقیقی مواد پر مبنی سنیما لوگوں کے دلوں تک پہنچ سکتا ہے اور یہ ایک ایسی کہانی ہے جو ہمیں ضرور سنانی چاہیے تھی۔
’دی ڈپلومیٹ‘ جان ابراہم کے لیے ایک منفرد فلم ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ زیادہ تر ایکشن سے بھرپور کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں۔
اس فلم میں وہ ایک ایسے کردار میں نظر آئیں گے جو اپنی ذہانت، تدبر اور مذاکراتی مہارت کی بنا پر نمایاں ہے، یہ تبدیلی شائقین کو جان ابراہم کی اداکاری کا ایک نیا پہلو دکھانے کا موقع دے گی اور ان کے کیریئر میں ایک نیا اضافہ ثابت ہو سکتی ہے۔
جان ابراہم کی یہ سنسنی خیز فلم ’دی ڈپلومیٹ آئندہ ماہ 7 مارچ 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔




