جان ابراہم نے فلموں میں اداکاروں کے بھاری معاوضے کی مخالفت کردی
فلم انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے، ہمیں یہ بات سمجھنی چاہیے، بھارتی اداکار
اداکار جان ابراہم نے ہندی سینما میں اپنے ساتھی اداکاروں کے حد سے زیادہ معاوضے اور ان کی مہنگی ٹیم کے اخراجات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
ماضی میں فلم ساز کرن جوہر اور فرح خان بھی اداکاروں کے بڑھتے ہوئے انتظامی اخراجات پر بات کر چکے ہیں اور اب جان ابراہم نے اس بحث میں شدت لاتے ہوئے اداکاروں سے کہا ہے کہ وہ اس رویے کو بدلیں۔
ایک انٹرویو میں جان سے سوال کیا گیا کہ جب ہیرو روزانہ 100 کروڑ اور ان کے اسٹائلسٹ 2 لاکھ کا مطالبہ کرتے ہیں تو ان کا کیا ردِعمل ہوتا ہے؟ اس پر جان نے اسے ’پاگل پن‘ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلے ہی ہندی سینما کو نقصان پہنچا رہا ہے، اس وقت ہمیں اداکاروں کو فلموں میں کام کرنے کے لیے اتنے زیادہ پیسے نہیں دینے چاہئیں کیونکہ ہم ان بڑے بجٹ اور بھاری معاوضوں کو جائز نہیں ٹھہرا سکتے، ہم فلموں کو اضافی ٹیم کے اخراجات سے نہیں بھر سکتے، یہ سراسر مضحکہ خیز ہے۔
جان نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اداکار خود ایسا سوچ رہے ہیں یا ان کے ایجنٹ انہیں مختلف انداز میں سوچنے پر مجبور کر رہے ہیں، میں اس تصور کو نہیں سمجھتا۔
جان نے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ ایک مخصوص دائرے میں ڈال دیے جاتے ہیں لیکن آپ اتنے ناسمجھ بھی نہیں ہو سکتے، آپ کو حقیقت کی دنیا میں آ کر دیکھنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر لوگ آپ کو غیر حقیقی خوش فہمیاں دے رہے ہیں تو آپ کو جاگنا چاہیے اور حقیقت کو سمجھنا چاہیے، بطور ایک انڈسٹری ہم واقعی مشکلات میں ہیں۔
جان ابراہم کا ساتھی اداکاروں کو مشورہ
جان ابراہم نے ہندی فلم انڈسٹری کے اداکاروں کو صاف اور دو ٹوک مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اداکاروں کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ہم ایک گہرے بحران میں ہیں اور ہمیں فلموں کے پیچھے جا کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اداکاروں کو کہنا چاہیے کہ اگر فلمیں منافع کماتی ہیں، تو ہم بھی منافع کمائیں گے کیونکہ ہم پہلے ہی اپنی کروڑوں کی کمائی کر چکے ہیں، آخر آپ اس نظام کو اور کتنا چوسیں گے؟ لیکن پھر یہ بھی ہے کہ صرف ایک ہاتھ سے تالی نہیں بجتی، کیونکہ کچھ پروڈیوسرز بھی ہیں جو اِن غیر معقول معاوضوں کی ادائیگی پر راضی ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ بحث کئی سالوں سے جاری ہےکہ ہندی فلموں میں اداکاروں کی فیس اور فلموں کے بجٹ میں اضافہ صنعت کے لیے نقصان دہ ہے۔
حال ہی میں بہت سی بڑی بجٹ والی فلموں کی ناکامی نے اس موضوع کو دوبارہ بحث کا مرکز بنا دیا ہے۔
جان ابراہم کی اگلی فلم
جان ابراہم ایکشن تھرلر فلم ’دی ڈپلومیٹ‘ میں نظر آئیں گے، جس کی ہدایت کاری شیوام نائر نے کی ہے۔
اس فلم میں جان ایک بھارتی سفارت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ایک بھارتی لڑکی کو پاکستان سے واپس لانے کی کوشش کرتا ہے، جہاں اسے مبینہ طور پر دھوکے سے زبردستی شادی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا، یہ فلم 15 مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔




