نوبیاہتا پاکستانی سلیبرٹیز کے مشہور سیگنیچر پوز
ان فنکاروں نے محبت سے بھرپور اپنی زندگی کی شروعات کی ہے
سال 2024 کے اختتام اور 2025 کے آغاز میں پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں ہر جانب شادی کی شہنائیاں بجنا شروع ہوگئیں، بات شہریار منور اور ماہین صدیقی تک ہی محدود تھی لیکن پھر آہستہ آہستہ شادی کی یہ فہرست طریل ہوتی چلی گئی۔
شہریار اور ماہین کے بعد ایک کے بعد ایک فنکار گھوڑی چڑھنے کو تیار ہوگیا، جن میں احمد علی اکبر، گوہر رشید عمر شہزاد، امیر گیلانی جہاں دلہنیا بیاہ لائے وہیں اداکارہ نیلم منیر بھی خاموشی سے نکاح کرکے پیا دیس سدھار گئیں۔
غرض کہ ہر جانب شادی کی رنگینیوں نے تو جیسے جہاں لالی وڈ میں خوشیاں بکھیریں وہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص انسٹاگرام پر ان فنکاروں کے برائیڈل فوٹو شوٹس کا بازار گرم ہوگیا۔
لیکن ان تمام تر شادیوں میں جو چیز مشترکہ تھی وہ تھا ان نوبیاہتا جوڑوں کا فوٹو شوٹ جس میں نہ صرف محبت کا خاص رنگ شامل تھا بلکہ روشن مستقبل اور ڈھیروں خوشیوں سے بھرپور نئی زندگی کی شروعات کرتے یہ جوڑے رومانوی پوز سے لوگوں کے دلوں پر وار کرتے نظر آئے۔
شہریار منور اور ماہین صدیقی کا سن کسڈ پوز:
بات کرتے ہیں ڈراما اور فلم انڈسٹری کی ورسٹائل اداکار شہریار منور کی تو 'آسمانوں پر لکھا' ، 'پہلی سی محبت' ، 'کچھ ان کہی' ، اے عشقِ جنون' اور 'کہی ان کہی' جیسے ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار نے فلم '7 دن محبت اِن' ، 'ہو من جہاں' اور 'پرے ہٹ لو' میں بھی اپنی بہترین اداکاری سے بھی فینز کے دل جیتے ہیں۔
اورپھر کیرئیر میں ڈھیروں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد اداکار نے گزشتہ سال کے اختتام ایام میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا اور اداکارہ ماہین صدیقی سے شادی کرکے نئی دنیا بسالی۔
اس جوڑے کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ ڈھولکی نائٹ سے شروع ہوا جس کے بعد قوالی نائٹ، ہلدی نائٹ اور سنگیت نائٹ ہوئیں۔اور پھر دونوں کی نکاح کی تقریب منعقد کی گئی جسکے بعد دعوت ولیمہ سے تمام تر تقریبات کا اختتام ہوگیا۔
تاہم جہاں ہر فنکشن میں یہ جوڑا اپنی تیاریوں اور ملبوسات کی کلیکشن کے سبب تعریفوں کا محور بنا ہوا تھا وہیں نکاح کی تقریب سے سامنے آنے والے رومانوی پوز بھی صارفین کے دل چھوتے نظر آئے۔
27 دسمبر کو ہونے والی نکاح کی تقریب سے سامنے آنے والے فوٹو شوٹ میں شہریار اور ماہین کی اسپیشل سن کسڈ فوٹو تمام تر جھلکیوں پر بازی لیتی نظر آرہی تھی جس میں دولہا کو اپنی دلہنیا کا ماتھا چومتے دیکھا گیا جو صرف دلکشی میں اپنی مثال آپ تھا بلکہ انکے خوبصورت رشتے کا احاطہ بھی کیے ہوئے تھا۔
نیلم منیر اور محمد راشد کی محبت بھری نگاہیں:
اور پھر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر اداکارہ نیلم منیر کا نام بھی شامل ہے جنکی شادی اگرچہ کی سال 2024 کے اختتامی ایام میں انجام پائی تھی لیکن آفیشل اعلان اور تصاویر نئے سال کے آٓغاز میں منظر عام پر آئیں۔
اور ویسے بھی نیلم منیر پاکستان کی وہ واحد معروف اداکارہ تھیں جن کی شادی کا سب ہی کو انتظار تھا اور پھر اچانک انہوں نے چٹ منگنی پٹ بیاہ کے مصداق شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔
دیگر فنکاروں کی طرح انکی شادی میں بھی تمام تر تقریبات شامل تھیں لیکن قبل ازیں نکاح کی تصاویر منظر عام پر آئیں جسکے بعد دیگر جھلکیوں کے وائرل ہونے کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہوگیا تھا۔
اور پھر جب فینز نے اپنی پسندیدہ اداکارہ کو بارات کی تقریب میں عروسی جوڑے میں دیکھا تو جیسے آنکھیں جھپکانا ہی بھول گئے،کیونکہ نیلم منیر جتنی خوبصورت ڈراموں میں اور حقیقت میں نظر آتی ہیں، عروسی لباس پہن کر ان کی خوبصورتی کو چار چاند لگ گئے تھے۔
5 جنوری کو منظر عام پر آنے والی شادی کی تصاویر میں نیلم منیر کو سرخ اور سنہرے رنگ کی لہنگا چولی میں دیکھا گیا جبکہ دولہا نے شیروانی زیب تن کرکے اپنے لُک کو مکمل کیا۔
یہ بھی پڑھیں:احمد علی اکبر کا مایوں ایونٹ بھی مرکز نگاہ بن گیا
تاہم اس دن کی رومانوی شوٹ میں ایک جھلک ایسی بھی تھی جس میں نیلم اور انکے دولہا کو چہرے کے ایک دم قریب دیکھا گیا، جبکہ دلہن کے ہاتھ میں پھول اور چہرے پر مسکان انکی تمام تر خوشیوں کی عکاسی کرگئی جو نہ صرف انکے دن کو خاص بنا رہی تھی بلکہ سگنیچر پوز سے صارفین کے دلوں کو بھی چھو رہی تھی۔
گوہر کا کبریٰ خان کا ماتھا چومنا :
دیرینہ دوستی کے بعد شادی کے بندھن میں بندھنے والی جوڑی اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر رشید بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جنکی شادی کا انتظار شاید پورے پاکستانیوں کو تھا۔
دوستی کے بعد محبت اور پھر شادی تک ساتھ نبھانے والا یہ جوڑا اس وجہ سے بھی سب سے زیادہ موضوع بحث بنا کیونکہ انہوں نے نکاح کے بابرکت عمل کیلئے مقدس جگہ کا اتتخاب کیا۔
اگرچہ کہ دیگر تمام شادی کی تقریبات پاکستان میں منعقد ہوئیں لیکن بالخصوص نکاح کیلئے دلہن اور دولہا نے مکہ مکرمہ کی پرواز پکڑی اور خانۂ کعبہ کے بیرونی احاطے میں اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ ایجاب و قبول کرکے نئی زندگی کی شروعات کی۔
اس خاص دن کی مناسبت سے دلکش مناظر سے بھرپور ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں دلہن کو مکمل سفید عبایا میں ملبوس دیکھا گیا جبکہ گوہر رشید نے بھی سفید کرتہ پاجامہ کیساتھ میچنگ کوٹ زیب تن کرکے اپنے لُک کو سادہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم نکاح کے دو بول ادا ہوجانے کے بعد گوہر نے کبریٰ کی منہ دکھائی کی اور انکے ماتھے پر پیار بھرا بوسہ دیا جو نہ صرف انکی دوستی سے زیادہ محبت بیان کرگیا بلکہ ہر دیکھنے والوں کے دل چھو گیا۔
ماورا حسین کا امیر گیلانی کی ناک پر بوسہ:
اور پھر پاکستان کیساتھ بھارت میں بھی اپنے فن کا لوہا منوانے والی اداکارہ ماورا حسین بھی اس فہرست میں شامل ہوتی ہیں جنہوں نے اپنے کلاس فیلو کو زندگی بھر کیلئے ہمسفر چن لیا۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی نے 5 فروری لاہور کے شاہی قلعے میں نکاح ڈے کا فوٹوشوٹ کروایا جبکہ ایک سجے ہوئے مقام پر دونوں نے ایجاب و قبول کر کے اپنی زندگی کے اس خوبصورت سفر کا آغاز کیا۔
بعدازاں 6 فروری لاہور کے شالامار باغ میں دونوں کے شیندی لُک کی فوٹوگرافی ہوئی جس کے بعد دونوں نے اپنی فیملی اور دوست و احباب کے ساتھ خوشی منائی۔اور پھر 9 فروری ماورا اور امیر گیلانی کا ریسیپشن منعقد کیا گیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہی چرچوں میں آگئیں۔
ان جھلکیوں کی سب سے خاص وجہ ماورا اور امیر گیلانی کے دلکش پوز تھے جس میں سلور و ہلکے سرمئی رنگ کی لانگ میکسی میں ملبوس دلہنیا نے اپنے ہمسفر امیر گیلانی کے ناک پر بوسہ دے کر اپے سگنیچر پوز سے سب کی توجہ سمیٹی۔
جبکہ امیر گیلانی بھی دیگر جھلکیوں میں اپنی اہلیہ کیساتھ رومانوی پوز دے کر توجہ سمیٹتے نظر آئے۔
احمد علی اکبر اور ماہم بتول کے دھوپ کی کرنوں میں رومانوی پوز:
ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ میں اپنی بے مثال پرفارمنس کے ساتھ شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار احمد علی اکبر بھی رواں سال شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کی محبت ماہم کیساتھ گزشتہ ماہ فروری میں نکاح کے دو بول ادا کرکے نئی کی شروعات کی۔
20 فروری کو منظر عام پر آنے والی جھلکیوں میں دولہا اور دلہن کو آؤٹ ڈور ویڈینگ ایونٹ میں دھوپ کی کرنوں کا سہارا لیتے ہوئے رومانوی پوز کیمرے میں قید کرتے دیکھا گیا۔
اس خاص دن کی مناسبت سے اداکار احمد علی اکبر گرے رنگ کے تھری پیس سوٹ میں ملبوس تھے جبکہ ان کی نئی نویلی دلہن ماہم نے پیسٹل کلر پیلٹ سے آئیوری رنگ کی کامدانی فش کٹ شرٹ کے ساتھ لانگ ٹیل بوٹم زیبِ تن کیے سلیک جوڑا بن میں بال سمیٹ کر نیچرل لکنگ میک اب کے ہمراہ کانوں او گلے میں نازک سی جیولری پہن کر اپنا اور آل لک مکمل کیا۔
ایک جانب جہاں اس جوڑے کا لُک فیشن کے متوالوں پر بجلیاں گرارہا تھا وہیں رومانوی سگنیچر پوز بھی ہر دیکھنے والوں کے دلوں پر وار کررہے تھے۔
عمر شہزاد اور شانزے لودھی کا مدینہ میں نکاح:
اور پھر اداکار عمر شہزاد اور انکی دلہینا شانزے لودھی کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے مدینہ منورہ کی پرنور فضاؤں میں نکاح کرکے حال ہی میں نئی زندگی میں قدم رکھا ہے۔
عمر شہزاد نے انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے نکاح کی آفیشل ویڈیو جاری کی جس میں اس جوڑے کے ایجاب قبول کرتے مناظر شامل تھے۔
ویڈیو کا آغاز مدینہ منورہ کے ایریئل ویو سے ہوا جسکے بعد دلہن اور دولہا کی سادگی سے انٹری، نکاح نامے پر دستخط، دعائیہ لمحات اور مبارک باد دینا فینز کو خوب بھایا۔
جبکہ نکاح کے بعد عمر شہزاد کا اپنی اہلیہ کو پہلی بار ماتھے پر بوسہ دینا بھی انکی محبت کا ثبوت پیش کرگیا۔



