اسکینڈلز

روزلین خان ہاتھ دھو کر حنا خان کے پیچھے پڑ گئیں

اداکارہ نے اب حنا کے روزے رکھنے اور جم کرنے کو ناممکن قرار دے دیا۔

Web Desk

روزلین خان ہاتھ دھو کر حنا خان کے پیچھے پڑ گئیں

اداکارہ نے اب حنا کے روزے رکھنے اور جم کرنے کو ناممکن قرار دے دیا۔

روزلین سے سب سے پہلے حنا پر کینسر کو تشہیر کیلئے استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔
روزلین سے سب سے پہلے حنا پر کینسر کو تشہیر کیلئے استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔

معروف اداکارہ حنا خان نے کینسر کی تشخیص کے بعد جس طرح بھرپور حوصلے اور ہمت کے ساتھ اپنا علاج کروایا اور ساتھ ہی ساتھ زندہ دلی کا بھی مظاہرہ کیا اس نے ان کے مداحوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثر کیا۔

ایسے میں جب لوگ حنا خان کی طاقت اور بہادری کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے نظر آتے وہیں ان کی ساتھی ٹیلی ویژن اداکارہ روزلین خان ان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑی دکھائی دیتی ہیں۔

حنا خان نے گزشتہ برس جون میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں اسٹیج 3 کے بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے تاہم اس موزی مرض نے انہیں کام سے نہ روکا اور وہ کیمو تھراپی جیسے سخت علاج اور سرجری سے گزرنے کے باوجود عوامی سطح پر مسکراتی نظر آتی رہیں۔

ایسے میں ٹیلی ویژن کی ایک اور اداکارہ روزلین خان جو خود بھی کینسر سے صحتیاب ہوئی ہیں، انہوں نے حنا پر سنگین الزامات عائد کیے اور کہا کہ ایک فرد جسے اسٹیج 3 کا کینسر ہے وہ ایسی جسمانی مشقتیں نہیں کر سکتا۔

اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ حنا اسکوبا ڈائیونگ کے لیے کیسے جا سکتی ہے یا جم کر سکتی ہے اور کیمو سیشن کے بعد چھٹیوں کا لطف اٹھا سکتی ہے، انہوں نے حنا پر کینسر کی جھوٹی تصویر بنانے اور لوگوں کو غلط معلومات دینے کا بھی الزام لگایا۔

بات صرف الزامات تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ روزلین نے ذرائع سے حاصل کرکے سوشل میڈیا پر حنا خان کی کینسر کی تشخیص کی رپورٹ بھی شیئر کیں اور کہا کہ انہیں اسٹیج 3 نہیں بلکہ 2 کا کینسر ڈائگنوز ہوا تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے حنا سے اپنی رپورٹس کے بارے میں کھل کر سامنے آنے کو کہا اور یہاں تک کہ ڈاکٹر مندار ناڈکرنی کو بھی چیلنج کیا، جو دونوں کے مشترکہ ڈاکٹر ہیں کہ وہ صورتحال کو واضح کریں۔

اب روزلین نے حنا کے بارے میں ایک اور بات کی نشاندہی کی ہے، اداکارہ نے حال ہی میں اپنے جم سیشن کی تصاویر شیئر کیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ رمضان کے روزے رکھتی ہیں اور ورزش بھی کررہی ہیں۔

چنانچہ روزلین نے اب اس کے لیے حنا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریض کا 13 سے 14 گھنٹے تک کھانے اور پانی کے بغیر روزہ رکھنا ناممکن ہے۔

اگرچہ روزلین نے پوسٹ میں حنا خان کا نام نہیں لیا لیکن ان کی پرانی روش کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگانا کچھ مشکل نہیں تھا کہ یہ پیغام واضح طور پر حنا کی طرف تھا۔

انہوں نے لکھا کہ 'یہ سب سے مشکل روزہ ہے۔۔! روزے کی حالت میں ایک عام آدمی کے لیے روزہ رکھنا اور جم کرنا ممکن نہیں ہے، ہاں جم کرنا ممکن ہے لیکن شام کو افطار کرنے کے بعد لیکن اگر کینسر کا مریض جو ابھی تک کیموتھراپی یا ٹارگٹ تھراپی یا امیونو تھراپی لے رہا ہے، ایسا کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔۔! یہ انسانی طور پر ناممکن ہے۔۔۔ کینسر کی دوائیوں کے ساتھ آپ کو ہر کھانے میں اچھی غذا کی ضرورت ہے!'۔

روزلین نے مزید انکشاف کیا کہ ایسے مریض کو ہائیڈریٹ رہنا پڑتا ہے اور وہ خود اس سال بھی روزہ نہیں رکھ پارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آپ کو پٹھوں کے درد سے بچنے کے لیے اپنے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا ہوگا۔۔جو کہ دوائی کے ساتھ بہت عام ہے اللہ معاف کرے گا مجھے میں اس سال بھی روزہ نہیں رکھ سکتی۔'

یہاں تک کہ انہوں نے کینسر کے مسلمان مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ چینی کے استعمال سے مکمل پرہیز کریں اور اس دوران ڈاکٹروں کے کہنے پر عمل کریں۔

حنا خان نے اب تک روزلین خان کی جانب سے کھڑے کیےگئے اس تنازع پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

روزلین خان کی جانب سے حنا خان پر کینسر کو تشہیر کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگانے کے بعد، انکیتا لوکھنڈے نے اپنی دوست کے لیے حمایت کا اظہار کیا اور روزلین کے خلاف سخت پیغام لکھا لیکن وہ ان کے لیے قانونی مسائل کا سبب بن گیا۔

انکیتا نے کینسر کے ساتھ حنا کی جنگ پر سوال اٹھانے پر روزلین کو 'سستا' کہا تھا، جس کے جواب میں روزلین نے انکیتا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا اور انہیں حنا کی رپورٹس کو ثابت کرنے کا چیلنج بھی دیا۔

تازہ ترین