رمضان میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے شرمیلا فاروقی بھی تنگ آگئیں
سحر و افطار کے دوران ملک بھر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی

ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے، ماہِ مقدس میں بھی ملک بھر میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
سوئی گیس کی بندش کے باعث سحر وافطار میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کئی شہروں میں لوگوں کو سحری اور افطاری کی تیاریوں کیلئے ہوٹلوں سے کھانا خریدنا پڑ رہا ہے یا لکڑی جلانے پر مجبور ہیں۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد سوشل میڈیا پر غم و غصے کا اظہار کررہی ہے، حتیٰ کہ سندھ میں حکمران جماعت پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی بھی گیس کی لوڈشیڈنگ سے جھنجھلا اٹھیں جس کا اظہار انہوں نے اپنی تازہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا۔
شرمیلا فاروقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا کہ 'سندھ میں سحری اور افطار کے دوران گیس کی شدید لوڈشیڈنگ ہرگز ناقابل قبول ہے، رمضان کا مقصد خود کو عبادت کیلئے وقف کرنا ہے، نہ کہ روز روز یہ فکر کرتے رہنا کہ کھانا کیسے پکے گا'۔

انہوں نے لکھا کہ 'یہ افسوسناک ہے کہ ہر سال بار بار یہ مسئلہ ہونے کے باوجود وفاقی حکومت رمضان میں بھی گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے'۔
پوسٹ کی آخر میں شرمیلا فاروقی نے مزید لکھا کہ 'لوگوں کو بنیادی ضرورت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے جبکہ حکمرانوں کو کوئی فرق ہی نہیں پڑ رہا، وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کرے'۔
واضح رہے کہ رمضان کے آغاز سے قبل سحری اور افطار کے وقت گیس کی بلاتعطل فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے رمضان میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے اوقات کار جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افطاری کی تیاریوں کیلئے سہ پہر ساڑھے 3 بجے سے رات 10 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رہے گی، اسی طرح سحری کیلئے رات 3 بجے سے صبح 9 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔
تاہم رمضان کا آغاز ہوا تو کئی شہروں سمیت کراچی میں بھی سحری کے ٹائم گیس غائب تھی جس کے باعث شہریوں کو سحری کے اہتمام کی خاطر شدید خوار ہونا پڑا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بغیر سحری کیے پہلا روزہ رکھا۔
دریں اثنا اس معاملے پر قائم مقام ایم ڈی سوئی سدرن امین راجپوت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پربہتر گیس سپلائی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔
امین راجپوت نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا تھا کہ آج سحری میں گیس سپلائی بہتر ہوئی ہے، کراچی اور دیگر علاقوں میں آج سےگیس سپلائی مزید بہتر ہوگی۔
-
انفوٹینمنٹ 17 منٹ پہلے
نادیہ جمیل کا اپنی آف اسکرین بیٹی کیلئے پیار بھرا پیغام
-
پاکستان 45 منٹ پہلے
پی ایس ایل ترانہ تنازع، علی ترین کو ’مردوں کا ملالہ‘ کا خطاب مل گیا
-
عالمی منظر 56 منٹ پہلے
میانمار میں7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک بھی متاثر
-
سوشل میڈیا 1 گھنٹے پہلے
جیبلی (Ghibli)اسٹائل میمز کیا؟ ٹرینڈ کیوں کررہی ہیں؟