عالمی منظر

حکومتِ پاکستان کیلئے ٹرمپ کے اظہارِ تشکر پر PTI کی ٹرولنگ شروع

'ٹرمپ نے عمران خان کے خواب چکنا چور کردیے' سوشل میڈیا صارفین کا طنز

Web Desk

حکومتِ پاکستان کیلئے ٹرمپ کے اظہارِ تشکر پر PTI کی ٹرولنگ شروع

'ٹرمپ نے عمران خان کے خواب چکنا چور کردیے' سوشل میڈیا صارفین کا طنز

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب کے دوران حکومتِ پاکستان کیلئے اظہار تشکر پر اپوزیشن جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ٹرولنگ شروع ہوگئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار دہشتگرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں 2021 میں کابل ایئرپورٹ کے ایبے گیٹ پر ہونے والے بم دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’آج رات مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے اس ظلم کے ذمہ دار سرفہرست دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے اور وہ امریکی انصاف کی تیز تلوار کا سامنا کرنے کے لیے یہاں آرہا ہے‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میں خاص طور پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس درندے کو گرفتار کرنے میں مدد کی‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گرفتاری سی آئی اے اور پاکستان کی انٹیلی جنس سروسز بالخصوص ’آئی ایس آئی‘ کے درمیان قریبی تعاون کا نتیجہ ہے، محمد شریف اللہ کو سی آئی اے کی جانب سے اس کے ٹھکانے کی درست نشاندہی کے بعد پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اگست 2021 میں امریکی انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ کے ایک مصروف گیٹ پر دھماکے میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے 13 امریکی فوجی بھی تھے۔

شہباز شریف کا ٹرمپ سے اظہار تشکر

دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جوابی اظہارِ تشکر کر دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 'ایکس' پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ افغانستان میں انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان کا کردار تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ، پاکستان ہمیشہ انسدادِ دہشت گردی میں ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا مقصد دہشت گردوں اور عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنا اور کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کے لیے جگہ نہ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پختہ عزم اور غیر متزلزل وابستگی پر قائم ہیں اور دہشت گردی کی تمام اقسام اور اشکال کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہمارے 80 ہزار سے زائد بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانوں کی قربانیاں شامل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قیادت اور عوام کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی، ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔

ٹرمپ کے اظہارِ تشکر پر PTI کی ٹرولنگ شروع

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کیلئے اظہارِ تشکر کا بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے، اس بیان پر جہاں صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں وہیں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کی ٹرولنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بعض حامیوں کی جانب سے یہ توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے سے حکومتِ پاکستان پر دباؤ بڑھے گا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے راہ ہموار ہوگی۔

اس دوران یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ پی ٹی آئی ٹرمپ انتظامیہ میں پاکستان کیخلاف لابنگ کیلئے کوشاں ہے، تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے۔

لیکن ٹرمپ کیجانب سے حکومتِ پاکستان کیلئے اظہارِ تشکر پر سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی کی ٹرولنگ شروع کردی اور اس بیان کو پی ٹی آئی کی مبینہ لابنگ کی ناکامی قرار دیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ اسے کہتے ہیں جسے اللہ عزت دینا چاہے، پی ٹی آئی ملک دشمن مہم چلارہی تھی کہ پاکستان پر پابندیاں لگائی جائیں مگر اُسی کانگریس میں، جہاں پابندیوں کی قرارداد لانے کی سازش کی جارہی تھی، پاکستانی حکومت اور فوج کا تالیاں بجاکر شکریہ ادا کیا جارہا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'کہاں گئے وہ لوگ جو کہتے تھے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا جیل کا تالا ٹوٹے گا اور سلیکٹیڈ حکومت کا خاتمہ ہو گا، عمران خان وزیر اعظم بنے گا وغیرہ وغیرہ، سنو ذرا کان کھول کے یہ وہی ڈونلڈ ٹرمپ ہے جو پاکستانی حکومت مطلب شہباز شریف حکومت کی تعریف کر رہا ہے'۔

پی ٹی آئی پر طنز کرتے ہوئے ایک اور صارف نے لکھا کہ 'صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے مشترکہ خطاب میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے جو پی ٹی آئی امریکہ اور عمران خان کے لیے تباہ کن خبر ہے ان کے عمران خان کی رہائی کے لیے جمع کیے گئے لاکھوں ڈالر ضائع ہو گئے'۔

تازہ ترین