اسکینڈلز

ساتھی اداکارہ کو برقع پہننے کا مشورہ دینا ثناخان کو مہنگا پڑ گیا

ثنا خان کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے

Web Desk

ساتھی اداکارہ کو برقع پہننے کا مشورہ دینا ثناخان کو مہنگا پڑ گیا

ثنا خان کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے

سمبھاونہ سیٹھ نے ثنا کے ساتھ پوڈ کاسٹ کیا تھا
سمبھاونہ سیٹھ نے ثنا کے ساتھ پوڈ کاسٹ کیا تھا

بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ ثنا خان کو اپنی ماضی کی ساتھی اداکارہ سمبھاونہ سیٹھ کو برقعہ پہننے کا مشورہ دینا مہنگا پڑگیا۔

 اداکارہ سمبھاونہ سیٹھ حال ہی میں اپنی آنے والی پوڈکاسٹ کے سلسلے میں ثنا خان سے ملیں، سمبھاونہ نے اپنی ملاقات کو اپنے ویلاگ میں فلمایا، جہاں ثنا خان نے ان کے لباس پر تبصرہ کرتے ہوئے مذاق میں کہا کہ انہیں برقعہ پہننا چاہیے۔

سمبھاونہ نے ایک ویلاگ شیئر کیا تھا جس میں وہ ثنا کی پوڈکاسٹ کے لیے تیاری کرتی نظر آئیں، دونوں نے اپنے ’بگ باس‘ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ہنسی مذاق کیا اور اس وقت کی باتیں کیں جب وہ شو کے دوران آپس میں لڑائی بھی کرتی تھیں اور ساتھ ہی خوب مزے بھی لیتی تھیں۔

جب ثنا جانے والی تھیں، تو انہوں نے سمبھاونہ سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے کپڑے بدلنے والی ہیں؟ اس پر اداکارہ نے انکار کر دیا۔

ثنا نے ان کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تیرے پاس ایک اچھی شلوار قمیض نہیں ہے، تھپڑ چاہیے؟ تیرا دوپٹہ کہاں ہے؟ برقعہ لاؤں؟سمبھاونہ کو برقعہ پہناؤ۔

اس پر سمبھاونہ نے جواب دیا کہ میرے کپڑے فٹ نہیں آ رہے کیونکہ میرا وزن بہت بڑھ گیا ہے، میں تقریباً 15 کلو وزن بڑھا چکی ہوں، کوئی بات نہیں، لوگ ہمارے الفاظ پر توجہ دیں گے، نہ کہ ہمارے کپڑوں پر، لوگ ہمیں ہماری شخصیت کی وجہ سے پسند کریں گے۔

انٹرنیٹ صارفین کی سخت تنقید

ثنا خان کے تبصرے سوشل میڈیا صارفین کو ناگوار گزرے اور انہوں نے اداکارہ کو ’قدامت پسند‘ قرار دے دیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'اگر ثنا چاہتی ہیں کہ لوگ ان کے کلچر اور لباس کو قبول کریں، تو انہیں بھی دوسروں کے انتخاب کا احترام کرنا چاہیے، یہ بہت قدامت پسند رویہ ہے'۔

دوسرے نے تبصرہ کیا کہ 'مجھے بالکل بھی پسند نہیں آیا کہ ثنا نے سمبھاونہ پر اپنے خیالات مسلط کیے، ہر کسی کو اپنی مرضی کے مطابق جینے دو'۔

ایک اور صارف نے کہا کہ 'یہ ان کے لیے تھوڑا سخت تھا کہ وہ کہے کہ خود کو ڈھانپو، جیسے کہ یہ سمبھاونہ کی اپنی مرضی ہے کہ وہ کیا پہنیں'۔

ایک صارف نے سخت الفاظ میں لکھا کہ 'ثنا کے رویے سے مایوسی ہوئی، وہ کہہ رہی ہیں دوپٹہ نہیں ہے، شلوار قمیض نہیں ہے، وہ کون ہوتی ہیں کسی کو مجبور کرنے والی کہ وہ کیا پہنے'۔

ثنا خان کی موجودہ زندگی

ثنا خان نے 2020 میں شادی سے پہلے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا، انہوں نے اپنے شوٹس اور ٹرپس کی تمام تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دی تھیں۔

اب وہ اپنی پوڈکاسٹ "رونقِ رمضان" کی میزبانی کر رہی ہیں، جس میں وہ افطار کے لیے خاص پکوان تیار کرتی ہیں اور رمضان کے تجربات پر مہمانوں کا انٹرویو لیتی ہیں۔

اب تک وہ جنت زبیر اور اروشی ڈھولکیا جیسے مشہور شخصیات کے انٹرویوز کر چکی ہیں۔

تازہ ترین