راہا کی تصاویر ہٹانے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی
عالیہ نے بتایا کہ وہ بیٹی کی پیدائش کے بعد سے ہی بہت زیادہ فکر مند رہتی ہیں۔

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی راہا کپور کو میڈیا کے سامنے لانے کے بعد اب اس کی تمام تصاویر سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کردی ہیں۔
اب عالیہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ راہا کی پیدائش کے بعد سے وہ مسلسل حفاظت کرنے والی بن گئی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وہ راہا کے بارے میں فکر مند رہتی ہیں اور یہ احساس وقت کے ساتھ ختم نہیں ہوتا۔
عالیہ نے کہا کہ ' بات میں یقین سے کہہ سکتی ہوں، یہ اچھی چیز ہے لیکن کبھی کبھی یہ بری چیز بھی ہو سکتی ہے، برا ایک غلط لفظ ہے لیکن یہ ایک ایسی چیز بھی ہے جسے لوگوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ جب سے وہ (راہا) پیدا ہوئی تھی، میں مسلسل حفاظت کرنے والی بن گئی ہوں'۔
اداکارہ نے بیٹی کی پیدائش کا وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے یاد ہے کہ اس کی پیدائش کے بعد کے مہینے میرے لیے بے انتہا خوشی بھرے تھے، اس فوری بونڈنگ کے عرصے کو میں نے دل سے انجوائے کیا لیکن ساتھ ہی میں بہت فکر مند بھی تھی'۔
عالیہ نے بتایا کہ ان کے ذہن میں راہا کے بچپن سے اچھی طرح لطف اندوز ہونے کا خیال پہلے سے موجود تھا اور کہا کہ 'میں واقعی کوشش کرتی ہوں کہ راہا کے ساتھ زیادہ موجود رہوں جو میں زندگی کے دوسرے لمحات میں اکثر نہیں کرتی، اس کے ساتھ میں ہر لمحے میں موجود رہنے کی کوشش کرتی ہوں، یہ قدرتی طور پر ہوتا ہے کیونکہ میں ہر سیکنڈ انجوائے کرنا چاہتی ہوں۔
'لیکن ایک احساس ہے جیسے میرا دل بالکل کھلا ہوا ہے اور میں ہمیشہ اس کے حوالے سے کسی نہ کسی چیز کے بارے میں پریشان رہتی ہوں، میں اندازہ لگا رہی ہوں کہ یہ وہ چیز ہے جس کے ساتھ مجھے ساری زندگی گزارنی پڑے گی'۔
خیال رہے رواں ماہ کے اوائل میں عالیہ نے اپنے انسٹاگرام سے راہا کی تمام تصاویر ہٹا دی تھیں جس میں اس کا چہرہ نظر آرہا تھا۔
عالیہ کے انسٹاگرام پر نظر ڈالنے سے پتاچلتا ہے کہ راہا کی کوئی واضح تصویر نہیں ہے، یہاں تک کہ ان کے جام نگر کے حالیہ سفر اور پیرس میں ان کے خاندان کی چھٹیوں کی تصاویر بھی ہٹا دی گئی ہیں۔
ان کے علاوہ رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور نے بھی پاپارازیوں سے درخواست کی تھی کہ وہ راہا کی تصویریں کلک نہ کریں۔
یاد رہے کہ عالیہ اور رنبیر نے کئی سال کی ڈیٹنگ کے بعد اپریل 2022 میں شادی کی تھی اور ان کی پہلی اولاد بیٹی، راہا، نومبر 2022 میں پیدا ہوئی۔
تاہم یہ جوڑا فوری طور پر اپنی بیٹی کو میڈیا پر نہیں لایا تھا بلکہ 2023 کے کرسمس پر، رنبیر اور عالیہ نے راہا کے ساتھ اپنی پہلی پبلک اپیئرنس کی تھی۔
عالیہ اگلی بار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار میں اپنے شوہر اداکار رنبیر کپور اور وکی کوشل کے ساتھ نظر آئیں گی۔
بھنسالی کے ساتھ یہ عالیہ کی دوسری فلم ہوگی، اس سے قبل انہوں نے 2022 کے ڈرامہ گنگوبائی کاٹھیاواڑی میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ فلم کا باضابطہ اعلان جنوری 2024 میں کیا گیا تھا۔