ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور انکے شوہر کی گاڑی کو خوفناک حادثہ
حادثہ 4 مارچ کو لودھراں کے قریب ہوا

مشہور ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور ان کے شوہر حکیم شہزاد لوہا پاڑ کی کار ایک سنگین حادثے کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔
حکیم شہزاد لوہا پاڑ اور ان کی اہلیہ دانیہ شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ کار میں سفر کر رہے تھے، جب ان کی گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر ہو گئی۔
رپورٹ میں حکیم شہزاد لوہا پاڑ کا دعویٰ ہے کہ حادثہ ان کی گاڑی کی وجہ سے نہیں بلکہ موٹر سائیکل کی غلط سمت سے تیز رفتاری میں آنے کی وجہ سے پیش آیا۔
حکیم شہزاد کے مطابق، حادثہ 4 مارچ کو لودھراں کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور انہیں سر پر چوٹ آئی، جس سے وہ بے ہوش ہو گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا اور گاڑی میں ان کے کیمرہ مین اور دیگر ملازمین بھی سوار تھے، جبکہ ان کی اہلیہ دانیہ شاہ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔
حادثے کی تفصیل بتاتے ہوئے حکیم شہزاد نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار غلط سمت سے تیز رفتاری میں آئے اور ان کی گاڑی سے جا ٹکرائے۔ موٹر سائیکل پر میاں بیوی سوار تھے۔
حادثے کے فوراً بعد، ان کے ملازمین نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں مرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کچھ دیر بعد انتقال کر گیا، جبکہ خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
حکیم شہزاد نے دعویٰ کیا کہ موٹر سائیکل کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ ان کی گاڑی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، اور انہیں بھی سر پر چوٹ لگی، جس کی وجہ سے وہ ابھی تک ذہنی طور پر مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں۔
انہوں نے نشے میں گاڑی چلانے کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں حکیم شہزاد نے واضح کیا کہ ان کی اہلیہ دانیہ شاہ سے شادی کے بعد پیش آنے والے حادثات کا ان کی شادی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور اگر ایسا کوئی تعلق ہے بھی تو انہیں اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی اہلیہ دانیہ شاہ بالکل خیریت سے ہیں اور وہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کے بچوں اور اہل خانہ کی مالی مدد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
حادثے کی ویڈیو میں حکیم شہزاد لوہا پاڑ کی گاڑی کو بری طرح تباہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ حکیم شہزاد لوہا پاڑ نے دانیہ شاہ سے جولائی 2024 میں شادی کی تھی۔ اس سے قبل دانیہ شاہ نے فروری 2022 میں مشہور اسکالر عامر لیاقت سے شادی کی تھی، جو جون 2022 میں انتقال کر گئے تھے۔ عامر لیاقت کی وفات کے دو سال بعد، دانیہ شاہ نے حکیم شہزاد لوہا پاڑ سے شادی کی۔