کھیل

بابر اعظم پر تنقید، والد سابق کھلاڑیوں پر برہم

سابق کھلاڑیوں کی چیخ پکار سننے سے پہلے ان کے اپنے دور میں کارکردگی دیکھ لیں، اعظم صدیقی

Web Desk

بابر اعظم پر تنقید، والد سابق کھلاڑیوں پر برہم

سابق کھلاڑیوں کی چیخ پکار سننے سے پہلے ان کے اپنے دور میں کارکردگی دیکھ لیں، اعظم صدیقی

بابر اعظم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 اسکواڈ سے ڈراپ کردیے گئے تھے۔
بابر اعظم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 اسکواڈ سے ڈراپ کردیے گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی ایک مرتبہ پھر بیٹے کی حمایت میں بولتے ہوئے تنقید کرنے والوں پر برس پڑے۔

بابر اعظم گزشتہ طویل عرصے سے کرکٹ میچز میں پرفارم کرنے میں ناکام نظر آرہے حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی میں ایک بار پھر انہوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈز کا اعلان کیا گیا تو بابر اعظم کو ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا سے لے کر ٹی وی شوز تک کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑی بابر اعظم پر شدید تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔

تاہم بابر کے والد اعظم صدیقی نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر سخت پیغام دیا ہے۔

 جس میں انہوں نے لکھا کہ 'بابر آئی سی سی کی ٹی20 آف دا ائیر ٹیم کا رُکن اور کیپ ملنے کے باوجود ڈراپ ہوا تو کوئی بات نہیں، وہ نیشنل ٹی 20 اور پی ایس ایل میں پرفام کر کے جلد واپس آجائے گا۔‘

اعظم صدیقی نے کہا ’ٹیم میں بس جو محترم بہت بڑے سابقہ کھلاڑی ہیں اُن سے درخواست ہے کہ اپنے الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں اگر پلٹ کر کسی نے جواب دیا تو شاید وہ برداشت نہیں کر پائیں گے، آپ ماضی ہیں اور دوبارہ کبھی نہیں کھیلیں گے۔‘

اعظم صدیقی نے مزید کہا کہ ’کچھ لوگ کہتے ہیں کہ باپ زیادہ بولتا ہے تو حضور میں ہی اُس کا پہلا اور آخری کوچ، اسپوکس پرسن، مینٹور اور دنیا میں سب سے بڑا خیر خواہ اور باپ ہوں، تو جن کے نہیں یا اس قابل نہیں وہ صبر کریں۔‘

انہوں نے کرکٹ شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’کرکٹ سے پیار کرنے والوں سے درخواست ہے کہ جو دن رات چیخ و پکار کیے ہوئے ہیں اُن کی بات سُننے سے پہلے آپ ان کی اپنے دور میں کیا کارکردگی رہی، پی سی بی کی ویب سائٹ پر ایک دفعہ دیکھ لیا کریں، باقی عقل مندوں کے لیے اشارہ ہی کافی ہے۔‘

خیال رہے کہ کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے دوران ہی ایک انٹرویو میں بابر اعظم نے اپنے مداحوں سے کہا تھا کہ انہیں کنگ کہنا بند کر دیں وہ کوئی کنگ نہیں ہیں۔