انفوٹینمنٹ

دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کون ؟

آسٹریلوی اداکارہ نے سال بھر میں مجموعی طور پر 41 ملین ڈالر کمائے

Web Desk

دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کون ؟

آسٹریلوی اداکارہ نے سال بھر میں مجموعی طور پر 41 ملین ڈالر کمائے

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

فوربس میگرزین نے حال ہی میں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست جاری کی تو لوگوں نے ایک بات نوٹ کی۔

یہ پچھلے چند سالوں کے مقابلے میں زیادہ مردوں پر مشتمل تھی، ٹاپ 20 میں صرف تین خواتین شامل تھیں اور ان میں سے کوئی بھی نوجوان نہیں تھی۔

درحقیقت 2024 کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ 57 سال کی ہیں، ایک ایسی عمر جب بہت کم خواتین کو 'ہیروئن' کے مرکزی کردار ملتے ہیں، تاہم، اس سپر اسٹار نے نہ صرف اپنی حیثیت برقرار رکھی بلکہ اپنی شرائط پر فلمیں بھی بنائیں۔

فوربس کی فہرست کے مطابق، 2024 میں دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ نکول کڈمین تھیں۔ آسٹریلوی اداکارہ نے سال بھر میں مجموعی طور پر 41 ملین ڈالر کمائے، جن میں سے 31 ملین ڈالر ان کا خالص منافع تھا۔

نکول نے دنیا بھر کی تمام اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا اور مجموعی فہرست میں آٹھویں نمبر پر رہیں، ول اسمتھ اور ایڈم سینڈلر سے آگے اور جارج کلونی اور بریڈ پٹ سے صرف ایک درجہ پیچھے۔

فوربس نے نکول کو ’اے ایم سی تھیٹرز کی حکمران ملکہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’ٹی وی منی سیریز کی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب ستاروں میں سے ایک بن چکی ہیں۔

نکول کڈمین نے 2024 میں کئی ہائی پروفائل پروجیکٹس کے ذریعے شاندار کامیابی حاصل کی اور ان تمام پراجیکٹس کا محور ان کی اسٹار پاور تھی۔

انہوں نے تین مشہور شوز میں مرکزی کردار ادا کیا،جس میں ’دی پرفیکٹ کپل‘، ’لائنس‘ اور ’ایکسپیٹس‘ جن میں انہیں ہر قسط کے لیے 1 ملین ڈالر معاوضہ ملا۔

اس کے علاوہ نکول دو رومانس فلموں ’بیبی گرل‘ اور ’اے فیملی افیئر‘میں بھی جلوہ گر ہوئیں، دونوں فلمیں کامیاب ثابت ہوئیں اور ان میں نکول کی جوڑی نسبتاً کم عمر اداکاروں کے ساتھ دکھائی گئی۔

ان کامیابیوں کی بدولت نکول 17 سال بعد پہلی مرتبہ اس فہرست میں سرفہرست آئیں، اس سے قبل 2007 میں وہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بنی تھیں جب ان کی آمدنی 28 ملین ڈالر تھی۔

یہ مسئلہ صرف ٹاپ پوزیشن تک محدود نہیں ہے بلکہ پوری فہرست میں نوجوان ستارے نمایاں طور پر غیر موجود ہیں۔

ٹاپ 20 میں شامل دیگر دو 61 سالہ مارسیکا ہیریٹیگے اور 40 سالہ اسکارلٹ جوہانسن ہیں، جنہوں نے 2024 میں 25 ملین ڈالر سے زیادہ کمائے۔ تاہم، زینڈایا، سڈنی سوینی اور فلورنس پیو جیسی نئی نسل کی مشہور اداکارائیں اس فہرست میں شامل نہیں ہو سکیں کیونکہ وہ زیادہ تر معاون کرداروں میں نظر آئیں یا انہیں ابھی تک ’بینک ایبل‘ یعنی بڑی کامیابیاں دلانے والی اسٹار نہیں سمجھا جاتا۔

فوربس نے لکھا کہ ہالی وڈ کے مختلف نمائندوں کا کہنا ہے کہ ان نوجوان اداکاراؤں کی مستقبل کی پروجیکٹس کے لیے فیس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور انہیں بُک کرنا اب بہت مشکل ہو چکا ہے لیکن عمومی رائے یہ ہے کہ انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ ان کی کامیابی کا براہ راست تعلق ان کی اسٹار پاور سے ہے، تاکہ وہ آئندہ برسوں میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فنکاروں میں شامل ہو سکیں۔