کھیل

میچ کے دوران روزہ نہ رکھنے پر محمد شامی کو تنقید کا سامنا

مولانا شہاب الدین بریلوی نے محمد شامی پر سخت لفظوں میں تنقید کی

Web Desk

میچ کے دوران روزہ نہ رکھنے پر محمد شامی کو تنقید کا سامنا

مولانا شہاب الدین بریلوی نے محمد شامی پر سخت لفظوں میں تنقید کی

محمد شامی کی آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران مشروب پیتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی ہے
محمد شامی کی آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران مشروب پیتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی ہے

انڈین کرکٹر محمد شامی کو رمضان کے دوران روزہ نہ رکھنے پر آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے "مجرم" قرار دے دیا، جس کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا۔

مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی کا کہنا تھا کہ روزہ نہ رکھ کر محمد شامی نے جرم کیا ہے، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، شریعت کی نظر میں وہ مجرم ہیں، انہیں خدا کے سامنے جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنا ایک فرض عبادت ہے، اور جو بھی اس پر عمل نہیں کرتا، وہ مجرم ہے۔

مولانا شہاب الدین نے مزید کہا کہ فرائض میں سے ایک فرض روزہ رکھنا ہے،اگر کوئی صحت مند مرد یا عورت روزہ نہیں رکھتا، تو وہ بڑا مجرم ہوگا، بھارت کے مشہور کرکٹ کھلاڑی محمد شامی نے میچ کے دوران پانی یا کوئی اور مشروب پیا،لوگ انہیں دیکھ رہے تھے، اگر وہ کھیل رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ صحت مند ہیں۔

مولانا شہاب الدین کا مزید کہنا تھا کہ ایسی حالت میں انہوں نے روزہ نہیں رکھا اور پانی بھی پیا،اس سے عوام میں غلط پیغام جاتا ہے۔

مولانا شہاب الدین بریلوی کا یہ بیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف چار وکٹوں کی جیت کے بعد سامنے آیا۔ محمد شامی، جنہوں نے 10 اوورز میں 48 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، انڈین ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور اب نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کے ساتھ ٹورنامنٹ کے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، دونوں نے 8 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

مولانا شہاب الدین کے اس بیان پر تنقید کی جا رہی ہے اور این سی پی ایس پی لیڈر روہت پوار نے محمد شامی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اگر محمد شامی کو لگے کہ روزہ رکھنے سے ان کی کارکردگی پر ذرا بھی اثر پڑ سکتا ہے اور اگر کچھ ہو گیا، تو وہ کبھی سکون سے نہیں سو سکیں گے، وہ ایک سچے ہندوستانی ہیں، جنہوں نے کئی بار ٹیم کو جیت دلائی ہے، کھیل میں مذہب کو نہیں گھسیٹنا چاہیے۔

تازہ ترین