کھیل

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل پر 160 ارب روپے کا سٹّہ لگ گیا

بھارتی پولیس کے مطابق بہت سے بکیز انڈر ورلڈ سے منسلک ہیں۔

Web Desk

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل پر 160 ارب روپے کا سٹّہ لگ گیا

بھارتی پولیس کے مطابق بہت سے بکیز انڈر ورلڈ سے منسلک ہیں۔

بھارتی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی۔
بھارتی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل آج نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں مبینہ طور پر 50 ارب بھارتی روپے (160 ارب پاکستانی روپے) کا سٹہ لگ چکا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سٹے بازوں کا سراغ لگانے والے ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ٹیم بین الاقوامی بکیز کی پسندیدہ ٹیم ہے۔

ذرائع کا  یہ بھی کہنا تھا کہ بہت سے بکیز انڈر ورلڈ سے منسلک ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہر بڑے میچ کے دوران دنیا بھر سے بڑے بکیز دبئی میں جمع ہوتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ داؤد ابراہیم کا گینگ 'ڈی کمپنی' دبئی میں بڑے کرکٹ میچوں پر سٹے بازی میں ملوث ہے۔

دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران کم از کم پانچ بڑے بکیوں کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے سیمی فائنل پر شرطیں لگائیں اور ان سے پوچھ گچھ کے نتیجے میں تفتیش دبئی تک پہنچ گئی۔

ملزمان سے پولیس نے سٹے بازی میں استعمال ہونے والے کئی الیکٹرانک آلات اور اشیاء بھی برآمد کیں۔

خیال رہے کہ روہت شرما کی زیرقیادت بھارتی ٹیم اتوار کو 2025 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ کر رہی ہے، یہ میچ دبئی میں کھیلا جارہا ہے کیونکہ بی سی سی آئی نے ٹیم کو میزبان ملک پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔

چنانچہ آئی سی سی ایونٹ کے دوران بھارت کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیں۔

 بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹورنامنٹ میں واحد ٹیم ہے جو اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔

بنگلہ دیش، میزبان پاکستان اور کیویز کے خلاف اپنے گروپ گیمز جیتنے کے بعد، بھارت نے سیمی فائنل میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دی تھی، جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارت نے آخری بار 2013 میں انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی تاہم، ٹیم 2017 کے فائنل میں پاکستان سے ہار گئی تھی، اس لیے یہ مسلسل تیسرا موقع ہوگا جب بھارت ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔